جناب سلمان ندوی باغیانِ دین اور ایمان فروشوں کے ساتھ...!
✍️سید حسن ذیشان قادری قاسمی
(رکن شوریٰ مرکز تحفظ اسلام ہند)
جناب سلمان ندوی صاحب نے کل شہر حیدرآباد میں صدیق دیندار انجمن (جو قادیانیوں کا ایک فرقہ ہے) والوں سے کسی مقام پر یا کسی کے دفتر پر ملاقات کی ہے اور خوشگوار ماحول میں بات چیت کرتے ہوئے انکی لہلہاتی تصویریں سوشل میڈیا پر شاهدِ حقیقت بنی ہوئی ہیں۔ ویسے انکی بہت ساری باتیں انکے گزشتہ بیانات اور انکی شائع شدہ اپنی کتاب کی روشنی میں انھیں کہیں سے کہیں پہنچا چکی ہیں۔ ”اتی الرجل حتف انفہ“ کا مصداق ہے اور ”ضل فلان بسیف لسانہ“ کا مظہر ہیں۔
احقر کا مزاج قلم کی جارحیت کبھی نہیں رہا ہے، مگر اب چونکہ جناب نے سرخ لکیر بھی پار کرنے کی کوشش کی ہے، لہٰذا ہم بحیثیت ایک مسلمان اور باعتبار فردِ اہل سنت ان سے پوری طرح اپنی بیزاری اور برأت کا اظہار کرتے ہیں۔ جب تک وہ صراحتاً توبہ نہیں کرتے ہم اس وقت تک کوئی کھلا لفظ لکھنے سے احتیاطاً زبان تو روک لیتے ہیں اور یہ فیصلہ اربابِ فتوی اور حضراتِ اصحابِ تحقیق وقضاء کے حوالے کرتے ہیں، مگر سلف وخلف کے بتائے ہوئے واضح اصولوں کی روشنی میں اتنا اظہار کرنا اپنی حمیتِ اِیمانی کا تقاضا سمجھتے ہیں کہ مرتدین سے ہاتھ ملانے کے بعد اب مزید کیا رہ جاتاہے؟ اور حضراتِ شیخین رضی اللہ عنھما جیسی معتمد ترین اور اساسِ دین ہستیوں کو غاصبینِ خلافت کہنے کے بعد جناب سلمان صاحب کا اس دین سے کیا تعلق رہ جاتا ہے؟ جسے لیکر خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفٰے صلی اللہ علیہ وسلم تشریف لائے ہیں اور جنکو حضراتِ صحابہ نے امت تک پہنچایا ہے۔ جناب کا کوئی اور نظریہ یا انکی خود ساختہ فکر یا انکا برپا کیا ہوا کوئی نیا مذہب تو ہوسکتا ہے مگر شریعتِ مصطفےٰ سے اسکا کوئی تعلق نہیں ہے۔ لہٰذا انکے ہر طرح کے بیانات اور تمام ملی وقومی سرگرمیوں سے اجتناب ازحد ضروری ہے، اب کسی طرح کا نرم گوشہ اختیار کرنا دینِ مصطفےٰ کے ساتھ کھلی مداہنت ہوگی، البتہ انکے لئے ہمدردانہ طور پر دعائے ھدایت کرتے رہنا چاہئے۔
#SalmanNadwiExposed #SalmanNadwi #Khatmenabuwat #AzmateSahaba #NamooseSahaba #MTIH #TIMS