Tuesday, February 18, 2025

مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام دس روزہ ”رمضان کورس“ کا انعقاد!

 ماہ مقدس رمضان المبارک آنے سے پہلے اسکی تیاری کرلیں! 

مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام دس روزہ  ”رمضان کورس“ کا انعقاد!

قاری ارشد احمد حنفی کے ہونگے دروس، عامۃ المسلمین سے شرکت کی گزارش!




بنگلور، 17؍ فروری (پریس ریلیز): رمضان المبارک کا مقدس مہینہ جلد ہم پر سایہ فگن ہونے والا ہے۔ ہمارے آقا حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم جب ماہِ مبارک آنے والا ہوتا تو آپؐ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے دلوں میں اس ماہ کی اہمیت اور فضیلت کو اُجاگر فرماتے اور حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم رمضان المبارک سے اتنی زیادہ محبت فرماتے اس کے پانے کی کثرت سے دُعا فرماتے تھے اور رمضان المبارک کا اہتمام ماہ شعبان میں ہی روزوں کی کثرت کے ساتھ ہو جاتا تھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم بڑے شوق اور محبت سے ماہ رمضان کا استقبال فرماتے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مرکز تحفظ اسلام ہند کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے کیا۔ انہوں نے فرمایا کہ رمضان المبارک کا مہینہ اللہ تعالیٰ کی بڑی عظیم نعمت ہے، اس مہینے میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے انوار وبرکات کا نزول آتا ہے اور اس کی رحمتیں موسلا دھار بارش کی طرح برستی ہیں، مگر ہم لوگ اس مبارک مہینے کی قدر و منزلت سے واقف نہیں، کیونکہ ہماری ساری فکر اور جدوجہد مادّیت اور دنیاداری کے لیے ہوتی ہے اور اسی و جہ سے ہم یہ ماہ مقدس آنے کے باوجود بھی خالی ہاتھ رہ جاتے ہیں، لہٰذا آج ضرورت ہیکہ ماہ رمضان آنے سے پہلے رمضان المبارک کی تیاری کرلیں اور صوم و صلوٰۃ کے لیے اپنے آپ کو مستعد رکھیں اور ماہِ رمضان شروع ہونے سے پہلے رمضان کے دوران کی ترتیبات کو مرتب کرلیں اور اس کی اہمیت اور فضیلت کو دل میں اجاگر کرنے کی کوشش کریں اور رمضان کے مسائل سے بھی اچھی طرح واقفیت حاصل کرلیں، تاکہ رمضان المبارک کے ایام کو اچھی طرح عبادت و ریاضت میں گزار سکیں۔ محمد فرقان نے فرمایا کہ اسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے مرکز تحفظ اسلام ہند نے آج 18؍ فروری 2025ء بروز بدھ منگل سے آن لائن دس روزہ رمضان کورس انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ لوگ رمضان المبارک کی آمد سے قبل رمضان المبارک کے استقبال کے ساتھ ساتھ مکمل طور رمضان المبارک کے فضائل و مسائل سے واقفیت حاصل کرلیں۔ انہوں نے رمضان کورس کی تفصیلات بتاتے ہوئے فرمایا کہ اس کورس میں جمعیۃ علماء کرناٹک کے نائب صدر حضرت قاری حافظ ارشد احمد صاحب حنفی مدظلہ رمضان المبارک کے فضائل و مسائل، رمضان المبارک کے تینوں عشروں کی اہمیت، روزہ، تراویح، زکوٰۃ، صدقۃ الفطر، عید کے فضائل و مسائل، قرآن مجید کی تلاوت اور نوافل کے ادائیگی کی اہمیت و فضیلت، وغیرہ جیسے اہم موضوعات پر خصوصی طور پر درس دینگے، اسی کے ساتھ رمضان المبارک میں یومیہ معمولات کا نظام (رمضان کلینڈر) بنانے کی ترتیب بھی بتائیں گے۔ یہ کورس بلکل مفت رہے گا اور مرکز کے آفیشیل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر راہ راست روزانہ رات دس بجے نشر کیا جائے گا۔ محمد فرقان نے عامۃ المسلمین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس کورس میں شامل ہوکر رمضان المبارک کی اہمیت و فضیلت اور ضروری مسائل سے واقفیت حاصل کریں تاکہ ہمارا رمضان المبارک اچھی طرح گزر جائے اور ہم رمضان المبارک کی رحمت، برکات، کے ساتھ ساتھ اپنی مغفرت کرواتے ہوئے جہنم کی آگ سے نجات حاصل کرسکیں۔




#PressRelease #News #RamazanCourse #RamazanSeries #Ramadan #MTIH #TIMS