Friday, 15 October 2021

پیام فرقان - 15

 { پیام فرقان - 15 }



🎯حضورﷺ پوری نسلِ انسانی کے لیے نمونۂ کاملہ ہیں!


✍️بندہ محمّد فرقان عفی عنہ

(بانی و ڈائریکٹر مرکز تحفظ اسلام ہند)


قرآن و حدیث اور ان کی تشریحات و توضیحات کا تمام ذخیرہ چھان لیں ہمیں از اوّل تا آخر ایک ہستی، ایک ذات اور ایک شخصیت دکھائی دیتی ہے، جو اس پوری بزم کون و مکاں میں محبوبیت عظمیٰ کے مقام پر فائز ہے اور وہ ہے ہمارے آقائے نامدار حضرت محمد رسول اللہﷺ کی ذاتِ اقدس۔ آپﷺ کو اللہ تبارک و تعالیٰ نے نسلِ انسانی کے لیے نمونۂ کاملہ اور اسوۂ حسنہ بنایا ہے۔ چنانچہ اللہ نے قرآن مجید کے سورۃ الاحزاب میں اعلان کر دیا ”لَقَدْ کَانَ لَکُمْ فِی رَسُولِ اللَّہِ أُسْوَۃٌ حَسَنَۃٌ“ کہ ”اے مسلمانو! تمہارے لیے اللہ کے رسولﷺ کی زندگی بہترین عملی نمونہ ہے۔“ آپ ؐ کے طریقہ کو فطری طریقہ قرار دیا ہے۔ محسن انسانیتؐ کی معمولات زندگی ہی قیامت تک کے لیے شعار و معیار ہیں۔ پوری انسانیت کیلئے صبح قیامت تک نبی کریمؐ کی سنت و شریعت ہی مشعلِ راہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سیرت النبیؐ کا ہر گوشہ تابناک اور ہر پہلو روشن ہے۔ یومِ ولادت سے لے کر روزِ رحلت تک کے ہر ہر لمحہ کو قدرت نے لوگوں سے سند کے ساتھ محفوظ کرادیا ہے۔ جسکی جامعیت و اکملیت ہر قسم کے شک و شبہ سے محفوظ ہے۔ دنیائے انسانیت میں کسی بھی عظیم المرتبت ہستی کے حالات زندگی، معمولات زندگی، انداز و اطوار، مزاج و رجحان، حرکات و سکنات، نشست و برخاست اور عادات وخیالات اتنے کامل ومدلل طریقہ پر نہیں ہیں،جس طرح کہ ایک ایک جزئیہ سیرت النبیﷺ کا تحریری شکل میں دنیا کے سامنے ہے۔ یہاں تک کہ آپؐ سے متعلق افراد اور آپؐ سے متعلق اشیاء کی تفصیلات بھی سند کے ساتھ سیرت و تاریخ میں ہر خاص و عام کو مل جائیں گی۔ یہ قدرت کا عجیب ہی کرشمہ ہے تاکہ قیامت تک آنے والی نسل قدم قدم پر آقائے دوعالم صلعم کی معلومات زندگی سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے اپنے آپ کو اسوۂ حسنہ کے رنگ میں رنگ لیں۔ اس لیے کہ اس دنیائے فانی میں ایک پسندیدہ کامل زندگی گذارنے کے لیے اللہ تبارک و تعالیٰ نے اسلام کو نظامِ حیات اور رسول اللہﷺ کو نمونۂ حیات بنایا ہے۔ وہی طریقہ اسلامی طریقہ ہوگا جو رسول اللہؐ سے قولاً، فعلاً منقول ہے۔ آپؐ کا طریقہ سنت کہلاتا ہے اور آپؐ نے فرمایا ہے ”فَمَنْ رَغِبَ عَنْ سُنَّتِی فَلَیْسَ مِنِّی“ کہ جس نے میرے طریقے سے اعراض کیا وہ مجھ میں سے نہیں ہے (بخاری و مسلم)۔ اور یہی طریقۂ سنت ہمیں جنت میں لے جائے گا اور اللہ سے ملائے گا۔

نقش قدم نبی ؐکے ہیں جنت کے راستے

اللہ سے ملاتے ہیں سنت کے راستے


فقط و السلام

بندہ محمّد فرقان عفی عنہ

(بانی و ڈائریکٹر مرکز تحفظ اسلام ہند)

14؍ اکتوبر 2021ء شب جمعہ

منہاج نگر، بنگلور بعد نماز عشاء

+918495087865

mdfurqan7865@gmail.com


#PayameFurqan #پیام_فرقان

#ShortArticle #MTIH #TIMS #SeeratunNabi #ProphetMuhammad

Tuesday, 12 October 2021

عصر حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ سیرت النبیؐ کے ذریعے ہی ممکن ہے: محمد فرقان

 


عصر حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ سیرت النبیؐ کے ذریعے ہی ممکن ہے: محمد فرقان

مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام دس روزہ سیرت النبیؐ کانفرنس، برداران اسلام سے شرکت کی اپیل!


بنگلور، 12؍ اکتوبر (پریس ریلیز): آج سے چودہ سو سال قبل کے انسانی معاشرہ پر نظر دوڑائیں تو معلوم ہوتا ہیکہ اس وقت انسانی بدبختی اپنی انتہاکو پہنچ چکی تھی، ساری انسانیت نہ صرف مسائل میں گھری ہوئی تھی بلکہ اپنی خود کشی کا سامان فراہم کرچکی تھی۔ دورِ جاہلیت میں وہ کون سا مسئلہ تھا جو انسانیت کے لئے ناسور نہ بنا تھا، انسانی زندگی کا وہ کون سا پہلو تھا جس سے انسانیت رسوا نہ ہوئی ہو۔ ایسے تاریک اور انسانیت سوزماحول میں امام الانبیاء خاتم النبیین محسن انسانیت حضرت محمد رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت ہوئی اور مختصر عرصہ میں آپؐ نے وہ عظیم انقلاب پرپا کیا کہ تاریخ انسانی اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔ حیات انسانی کا کوئی شعبہ ایسا نہیں ہے جس کے لئے محمد عربیﷺ کی پاکیزہ سیرت نمونہ نہ ہو۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مرکز تحفظ اسلام ہند کے بانی و ڈائریکٹر محمد فرقان نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج انسانیت ایک بار پھر دورِ جاہلیت کی طرف لوٹ رہی ہے، جسے جاہلیت جدیدہ کہا جاسکتا ہے، اب جاہلی اطوار نیالبادہ اوڑھ کر سامنے آرہے ہیں، دورِ جاہلیت کا وہ کونسا بگاڑ ہے جس کی ترقی یافتہ شکل موجودہ معاشرہ میں نہ پائی جاتی ہو۔آج پھر انسانیت مسائل کے دلدل میں پھنس چکی ہے، نت نئے فتنے جنم لے رہے ہیں، فتنوں کا نہ تھمنے والا سیلاب امڈتا چلا آرہا ہے، جس طرف دیکھئے اختلاف ہی اختلاف ہے، ہر آدمی ایک دوسرے سے مختلف و منحرف نظر آرہا ہے، خود غرضی عام ہورہی ہے، اخلاق و پاک دامنی کا فقدان ہے، شرافت و امانت ناپید ہورہی ہے، امن وآشتی اور سکون و عافیت مفقود ہوتی چلی جارہی ہے۔ کون سی ایسی برائی ہے جس کا تصور کیا جائے اور وہ معاشرے میں موجود نہیں، زنا اور شراب نوشی عام ہے، سود اور سودی کاروبار ہر گھر میں پہنچ چکا ہے، جوا اور سٹہ بازی کی نئی نئی شکلیں اختیار کی جارہی ہیں، دخترکشی بلکہ نسل کشی ایک فیشن بن گئی ہے، ہر طرف ظلم و ستم کی گرم بازاری ہے، آئے دن فسادات اور قتل و غارت گری ہورہی ہے۔ سارے اسباب و وسائل ہونے کے باوجود آج لوگوں کی زندگی سے چین و سکوں ختم ہوچکی ہے۔دور حاضر دور جاہلیت کی طرف تیزی سے رواں دواں ہے؛ بلکہ بعض لحاظ سے اس سے بھی آگے جاچکا ہے۔ ان جملہ خرابیوں کو دور کرنے اور ان پر قابو یافتہ ہونے کی سارے عالم میں کوششیں کی جارہی ہیں؛ لیکن کوئی کوشش کامیاب ہوتی نظر نہیں آتی۔ اب انسانیت کے لئے ایک ہی نسخہ کارگر ثابت ہوسکتا ہے، اور وہ نسخہ سیرت النبیؐ ہے۔جی ہاں! آپؐ کی سیرت سے عملی استفادہ ہمیں مسائل کے دلدل سے نجات دلا سکتا ہے، آپؐ کی سیرت میں قیامت تک آنے والی انسانیت کے دکھ درد کا علاج پنہاں ہے، اسی لیے اللہ تعالیٰ نے آپؐ کی سیرت کے ایک ایک پہلو کو محفوظ رکھنے کا اہتمام فرمایا ہے۔ لہٰذا عصر حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ بھی سیرت النبیﷺ کے ذریعے ہی ممکن ہے، اور سیرت النبی ؐکے پیغام کو عام کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ مرکز تحفظ اسلام ہند کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے فرمایا کہ اسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے مرکز تحفظ اسلام ہند ”عظیم الشان آن لائن دس روزہ سیرت النبیؐ کانفرنس“ منعقد کرنے جارہی ہے۔ جو روزانہ رات 9؍ بجے مرکز کے آفیشیل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔جس سے اکابرین دارالعلوم دیوبند، مظاہر العلوم سہارنپور، دارالعلوم ندوۃ العلماء،جمعیۃ علماء ہند،آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ و سرپرستاں مرکز تحفظ اسلام ہند کے علاوہ ملک کے مختلف اکابر علماء کرام خطاب فرمائیں گے۔ محمد فرقان نے تمام برادران اسلام سے اپیل کی کہ وہ اس اہم اور عظیم الشان سیرت النبیؐ کانفرنس میں شرکت فرماکر اکابرین کے خطابات سے مستفید ہوں اور سیرت کے پیغام کو زیادہ سے زیادہ عام کرنے کی کوشش کریں!

Friday, 8 October 2021

غلام حسن قیصر مجلس احرار اسلام ہند کے کارگزار صدر مقرر





 غلام حسن قیصر مجلس احرار اسلام ہند کے کارگزار صدر مقرر

احرار عزم اور استقامت کے ساتھ شیر اسلام مولانا حبیب الرحمن ثانی لدھیانوی کے نقش قدم پر چلیں گے 


لدھیانہ 8 اکتوبر (پریس ریلیز): برصغیر میں تحریک تحفظ ختم نبوتؐ کی علمبرداد جماعت مجلس احرار اسلام ہند کے قومی صدر و پنجاب کے شاہی امام مولانا حبیب الرحمن ثانی لدھیانوی مرحوم کے گزشتہ دنوں انتقال کے بعد آج جماعت کی مجلس عاملہ کی جانب سے احرار کی وابستہ اور مرحوم صدر احرار کے قریبی رفقاء میں سے لدھیانہ کے معروف شاعر احرار جناب غلام حسن قیصر کو مجلس احرار اسلا م ہند کا کارگزار صدر مقرر کردیا۔ 72 سالہ جناب غلام حسن قیصر گزشتہ پچاس سال سے مرحوم قائد احرار مفتی محمد احمد رحمانی لدھانوی ؒ اور شیر اسلام حضرت مولانا حبیب الرحمن ثانی لدھیانوی مرحوم کے ساتھ رہے ہیں۔ مجلس احرار اسلام کے سکریٹری شاہنواز خان نے بتایاکہ جناب قیصر اس عہدے پر مقرر کر دئے گئے ہیں تاکہ جماعت کی سرگرمیاں بدستور چلتی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہ دسمبر میں ہر سال یوم احرار کی تقریبات منعقد کی جاتی ہیں اس مرتبہ یوم احرار پر ہی مجلس احرار اسلام ہند کی مرکزیہ کا اجلاس ہوگا اور اس میں نئے صدر کا انتخاب کیا جائیگا۔اس موقعہ پر نئے مقرر کئے گئے احرار کے کارگزار صدر جناب غلام حسن قیصر نے کہا کہ احرار کا اولین مقصد تاج ختم نبوتؐ کی حفاظت ہے نیز احرار باطل قوتوں کے خلاف ہمیشہ اپنی مکمل طاقت کے ساتھ ٹکراتے رہے ہیں اور انشاء اللہ یہ سلسلہ جاری رہیگا۔جناب قیصر نے کہا ہم اپنے مرحوم امیر شیر اسلام حضرت مولانا حبیب الرحمن ثانی لدھیانوی ؒ کے نقش قدم پر عزم ہمت اور حوصلہ کے ساتھ چلتے رہیں گے۔ 


فوٹو کیپشن۔مجلس احرار اسلام ہند کے کارگزار صدر جناب غلام حسن قیصر کا اعزاز کرتے ہوئے مجلس احرار اسلام ہند کے جنرل سکریٹری و شاہی امام پنجاب مولانا محمدعثمان لدھیانوی، محمدمستقیم احرار، مولانا عبد المنان قاسمی، مولانا مفتی محمد عارف قاسمی۔

Thursday, 7 October 2021

پیام فرقان - 14

 { پیام فرقان - 14 }



🎯حالات سے گھبرانے کی ضرورت نہیں!


✍️بندہ محمّد فرقان عفی عنہ

(بانی و ڈائریکٹر مرکز تحفظ اسلام ہند)


تاریخ عروج وزوال شاہد ہے کہ قوموں کی زندگیوں میں ایسے سخت حالات آتے ہیں، جہاں انھیں اپنا وجود بھی خطرے میں نظر آنے لگتا ہے۔ بالخصوص مسلمان، جو روئے زمین پر خالق کائنات کی مرضیات کے نمائندے اور اس کے احکام تشریعیہ کے پابند ہیں، جب وہ اپنی منصبی ذمہ داریوں کو ادا نہیں کرتے اور بے اعتدالیوں کے شکار ہوکر جادئہ حق سے ہٹنے لگتے ہیں تو ان کے ارد گرد حالات کا گھیرا تنگ کردیا جاتا ہے تاکہ وہ اپنی بے راہ روی کو چھوڑ کر مرضیِ حق کے تابیع ہوجائیں۔ لہٰذا مسلمانوں کو حالات سے گھبرانے یا مایوس ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے، بس اپنی ذمہ داریوں کو ادا کرنے کی طرف توجہ دیں کیونکہ اسلامی تاریخ میں موجودہ حالات سے بھی بد ترین حالات کا مسلمانوں کو سامنا کرنا پڑا ہے اور دشمنان اسلام، دین اسلام یا مسلمانوں کو دنیا سے ختم کرنے کی اپنی سازشوں اور بھر پور کوششوں میں ناکام ہوئے ہیں، دشمنوں کو ناکام کرنے کے لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم صبر کے ساتھ ثابت قدم رہیں، اللہ کی طرف رجوع کریں، نمازوں کے ذریعہ اللہ سے مدد طلب کریں، اپنی ذمہ داریوں کو ادا کریں اور اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔ ان شاء اللہ کامیابی آپکے قدم چومے گی۔


فقط و السلام

بندہ محمّد فرقان عفی عنہ

(بانی و ڈائریکٹر مرکز تحفظ اسلام ہند)

07؍ اکتوبر 2021ء بروز چہارشنبہ

منہاج نگر، بنگلور بعد نماز عصر 

+918495087865

mdfurqan7865@gmail.com


#PayameFurqan #پیام_فرقان

#ShortArticle #MTIH #TIMS #Islam #Muslim

Wednesday, 6 October 2021

پیام فرقان - 13

 { پیام فرقان - 13 }



🎯اتحادِ امت وقت کی اہم ضرورت!


✍️بندہ محمّد فرقان عفی عنہ

(بانی و ڈائریکٹر مرکز تحفظ اسلام ہند)


اس وقت مسلمان پوری دنیا بالخصوص وطن عزیز ملک بھارت میں جن حالات سے گزر رہے ہیں وہ قابل تشویشناک ہے۔ دشمن طاقتیں جانتی ہیں کہ مسلمانوں کی کامیابی کا راز ان کے اتحاد و اتفاق اور ان کی اجتماعیت میں پوشیدہ ہے اس لئے وہ پوری قوت اس پر صرف کر رہی ہیں کہ یہ قوم متحد نہ ہوسکے افسوس کہ ہم میں سے بہت سے لوگ دشمنوں کو کامیاب ہونے کا موقع دے رہے ہیں اور مسلمانون میں اختلاف و انتشار کا سبب بن رہے ہیں۔ ہمیں اس بات کو ذہن نشین کرلینی چاہیے کہ ہماری کامیابی کے لئے سب سے اہم اور بنیادی چیز ایمان و یقین اور عزم و حوصلہ کی مضبوطی کے بعد اتحاد و اتفاق اور اجتماعیت ہے، اس کے بغیر ہم اس ملک میں کبھی حوصلہ اور عزت و وقار کے ساتھ زندگی نہیں گزار سکتے اور نہ ہی اپنی حیثیت عرفی قائم رکھ سکتے ہیں۔ لیکن افسوس کی بات تو یہ ہے کہ یہ آپسی انتشار و افتراق اور تقسیم و تفریق اس قوم میں ہے جس کا نقطۂ اتحاد لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہﷺ ہے، جس کا مرکزِ اتحاد کعبۃ اللہ ہے۔ آج مسلمانوں کے سارے مسائل کا حل ان کی اجتماعیت اور اتحاد میں چھپی ہے۔ موجودہ حالات میں خواہ وہ کسی بھی ملک کے ہوں، ہماری اجتماعیت وقت کا سب سے بڑا تقاضا ہے، اس سلسلے میں یہ امید یا مطالبہ تو زیادہ ہی سادگی کے مرادف ہوگا کہ ہم اپنے تمام تر اختلافات بھلاکر ایک ہوجائیں اور اپنی اپنی صفوں میں اتحاد کو قائم کریں۔ خدا کی قسم اگر ہم سب مسلمان متحد ہو جائیں تو کسی بھیڑئیے کی مجال نہیں ہے کہ وہ ہماری طرف آنکھ اٹھا کر بھی دیکھ سکے۔ 

علامہ اقبال رحمہ اللہ نے کیا خوب کہا:

منفعت ایک ہے اس قوم کی نقصان بھی ایک

ایک ہی سب کا نبی دین بھی ایمان بھی ایک

حرم پاک بھی ایک اللہ بھی قرآن بھی ایک

کچھ بڑی بات تھی ہوتے جو مسلمان بھی ایک


فقط و السلام

بندہ محمّد فرقان عفی عنہ

(بانی و ڈائریکٹر مرکز تحفظ اسلام ہند)

06؍ اکتوبر 2021ء بروز چہارشنبہ

منہاج نگر، بنگلور رات 9 بجے

+918495087865

mdfurqan7865@gmail.com


#PayameFurqan #پیام_فرقان

#ShortArticle #MTIH #TIMS #Itihad #Islam #Muslim