صحابہ کرامؓ پر زبان درازی کرنا اسلام سے بغض کی علامت ہے: مفتی راشد اعظمی
مرکز تحفظ اسلام ہند کے آن لائن عظمت صحابہؓ کانفرنس سے مفتی راشد اعظمی اور مولانا مقصود عمران رشادی کا خطاب!
بنگلور، 13/ ستمبر (ایم ٹی آئی ہچ): مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام منعقد عظیم الشان آن لائن عظمت صحابہؓ کانفرنس کی تیسری نشست سے خطاب کرتے ہوئے دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث حضرت مولانا مفتی راشد اعظمی صاحب نے فرمایا کہ صحابہ کرام ؓکی عظمت و فضیلت کو سمجھنے کے لیے بس اتنی ہی بات کافی ہے کہ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ نے جگہ جگہ بڑے ہی وجد آفریں انداز میں صحابہؓ کا تذکرہ کیا ہے، اور سارے صحابہؓ سے جنت کا وعدہ فرمایا، اور صحابہ کے ایمان کو معیاری بنایا۔ مولانا نے فرمایا کہ صحابہ کرام اسلام کا دروازہ ہیں اور حضرات صحابہؓ کی عدالت قرآن سے ثابت ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ مکہ مکرمہ کے حالات بہت زیادہ خراب ہونے کے باوجود صحابہ کرامؓ نے قد قدم پر اللہ کے نبی ؐکا ہر اعتبار سے ساتھ دیا، اور جو جو مصائب پیش آئے انکو خندہ پیشانی سے برداشت کیا، لہٰذا صحابہ کرام عظیم ہستیاں ہیں اور انکی قربانیاں بھی عظیم ہیں۔ مفتی راشد اعظمی نے دوٹوک فرمایا کہ جو صحابہ پر زبان درازی کرتا ہے اسکو اسلام سے بغض ہے، اور صحابہؓ پر وہی تنقید کرتے ہیں جنکے دل میں اسلام سے نفرت ہوتی ہے۔ نیز جو صحابہ کرامؓ کو منافق کہتا ہے، اسنے اللہ کو اللہ کے رسول کو اور قرآن و حدیث کو سمجھا ہی نہیں اور قرآن و حدیث کی حقیقی تعلیمات سے وہ کوسوں دور ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ جو حضرت امیر معاویہ ؓ کی شان میں گستاخی کرتا ہے وہ دوسرے صحابہ کی بھی گستاخی کریگا، کسی صحابی پر تنقید کرنا گویا کہ اللہ کے نبی پر تنقید کرنا ہے۔
عظمت صحابہؓ کانفرنس کی چوتھی نشست سے خطاب کرتے ہوئے بنگلورو سٹی جامع مسجد کے امام و خطیب مولانا مقصود عمران رشادی نے فرمایا کہ حضرات صحابہ کرام ؓسے اللہ خوش ہے اور صحابہؓ اللہ تعالیٰ سے خوش ہیں۔ انہوں نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم ؓ کے ذریعہ صحابہؓ کو جنت کی خوشخبری سنائی ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ حضرات صحابہؓ ایسی عظیم ہستیاں ہیں جن کی تربیت خود اللہ کے نبیؐ نے فرمائی ہے، اس لیے ہم تمام مسلمانوں کو صحابہ کرامؓ کی زندگی کے مطابق زندگی گزارنا چاہیے۔ صحابہ کرامؓ کی زندگی ہمارے لیے آئیڈیل و نمونہ ہے۔ لہٰذا صحابہؓ کی زندگی کو چھوڑ کر زندگی گزارنا بربادی ہے۔ قابل ذکر ہیکہ مرکز تحفظ اسلام ہند کا یہ عظیم الشان 15 /روزہ آن لائن عظمت صحابہؓ کانفرنس پورے زور و شور کے ساتھ جاری و ساری ہے۔ پروگرام روزانہ رات 9:30 بجے مرکز کے آفیشل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر نشر کیا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق 14/ ستمبر کو مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن مولانا ابو طالب رحمانی، 15/ ستمبر کو جانشین حبیب الامت مولانا ڈاکٹر فاروق اعظم حبان قاسمی، 16/ ستمبر کو مناظر اسلام مولانا عبد الاحد قاسمی، 17 /ستمبر کو مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سکریٹری مولانا عمرین محفوظ رحمانی، 18/ ستمبر کو دارالعلوم دیوبند کے رکن شوریٰ مولانا مفتی شفیق صاحب قاسمی اور 19/ ستمبر کو شیخ طریقت مولانا طلحہ قاسمی نقشبندی مدظلہم وغیرہ کے خطابات ہونگے۔
No comments:
Post a Comment