Friday, September 18, 2020

حب صحابہؓ حب رسولؐ ہے، بغض صحابہؓ دراصل بغض رسولؐ ہے!

 حب صحابہؓ حب رسولؐ ہے، بغض صحابہؓ دراصل بغض رسولؐ ہے!


مرکز تحفظ اسلام ہند کے آن لائن عظمت صحابہ کانفرنس سے مناظر اسلام مولانا عبد الاحد قاسمی کا خطاب!


بنگلور، 18/ ستمبر (ایم ٹی آئی ہچ): مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام منعقد عظیم الشان آن لائن عظمت صحابہؓ کانفرنس کی ساتویں نشست سے خطاب کرتے ہوئے کل ہند مجلس تحفظ سنت کے صدر مناظر اسلام مولانا عبد الاحد قاسمی صاحب نے فرمایا کہ حضرات صحابہ کرامؓ اللہ تعالیٰ کے منتخب کردہ ہیں اور سارے کے سارے صحابہ افضل ہیں۔ انہوں نے فرمایا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ صحابہؓ میں مراتب ہیں، فتح مکہ سے پہلے جو مسلمان ہوئے انکا مقام الگ ہے اور فتح مکہ کے بعد جو ایمان لائے انکا مقام الگ ہے، اسکے باوجود اللہ تعالیٰ کے قول کے مطابق سارے صحابہؓ افضل اور جنتی ہیں اور حضرات صحابہؓ میں سب سے افضل صدیق اکبرؓ ہیں۔ مولانا نے فرمایا کہ حضرات صحابہؓ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ و سلم کے شاگرد ہیں، اس لیے حضرات صحابہؓ کے دل بالکل پاک و صاف ہیں۔ مولانا نے دوٹوک فرمایا کہ صحابہ ؓسے محبت نبی سے محبت کی دلیل ہے اور صحابہ سے بغض نبی اکرم صلی اللہ علیہ و سلم سے بغض کی دلیل ہے۔ مولانا قاسمی نے فرمایا کہ حضرات صحابہؓ سے اعتماد کو ہٹانا قرآن و حدیث سے اعتماد ہٹانے کے برابر ہے کیونکہ صحابہ کرام ؓہی کے ذریعہ امت کو قرآن و حدیث ملا ہے، لہٰذا جو صحابہؓ کی شان میں گستاخی کرتا ہے چاہے وہ کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو لیکن ہم اسکو بڑا نہیں مانتے۔مولانا عبد الاحد قاسمی نے فرمایا کہ بہت سارے محدثین کا یہ مقولہ ہے کہ صحابہ ؓکی شان میں گستاخی کرنے والا پہلے حضرت امیر معاویہؓ کی شان میں گستاخی کرتا ہے اور ان سے ہوتے ہوئے دوسرے صحابہ ؓپر آتا ہے، اسی لیے امام بخاریؒ کے استاذ امام ابو توبہ ؒنے فرمایا تھا کہ امیر معاویہؓ سارے صحابہ کا پردہ ہیں، جو اس پردے کو پھاڑے گا وہ دوسرے صحابہ کی بھی گستاخی کریگا۔ مولانا عبد الاحد قاسمی نے فرمایا کہ صحابہ ؓمیں سے کوئی منافق نہیں ہے، اللہ تعالیٰ نے حضرات صحابہؓ کا الگ تذکرہ کیا اور منافقین کا الگ تذکرہ کیا ہے، معلوم ہوا کہ کوئی صحابی منافق نہیں ہے۔ قابل ذکر ہیکہ مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام منعقد آن لائن عظمت صحابہؓ کانفرنس پورے زور و شور کے ساتھ جاری و ساری ہے۔ اطلاعات کے مطابق 19/ ستمبر کو محدث دارالعلوم دیوبند حضرت مولانا محمد سلمان بجنوری صاحب نقشبندی مدظلہ کا خطاب ہوگا۔ یہ کانفرنس روزانہ رات 9:30 بجے مرکز تحفظ اسلام ہند کے آفیشل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر براہ راست نشر ہوتا ہے۔

No comments:

Post a Comment