صحابہ کرامؓ معیار ایمان ہیں، حضراتِ صحابہ کرام ؓ کو منافق کہنے والے خود ہی منافق ہیں!
مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام منعقد آن لائن عظمت صحابہ کانفرنس سے مولانا عبد العلیم فاروقی اور مولانا عبد الباری فاروقی کا خطاب!
بنگلور، 9/ ستمبر (ایم ٹی آئی ہچ): مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام منعقد 15/ روزہ عظیم الشان آن لائن عظمت صحابہؓ کانفرنس پورے زور و شور کے ساتھ جاری و ساری ہے۔ کانفرنس سے ملک کے مشہور و معروف اکابر علماء کرام خطاب کررہے ہیں۔ کانفرنس کی پہلی نشست سے خطاب کرتے ہوئے مجلس تحفظ ناموس صحابہ الہند کے صدر اور جمعیۃ علماء ہند کے نائب صدر جانشین امام اہل سنت مولانا عبد العلیم صاحب فاروقی نے فرمایا کہ قرآن و حدیث کی رو سے یہ بات ثابت ہے کہ اللہ کے نبیؐ خاتم النبیین ہیں، آپکے بعد کوئی نبی نہیں آئیگا اور آپؐ معصوم ہیں اور حضرات صحابہ کرامؓ آپؐ کی ختم نبوت کی دلیل ہیں اور غیر معصوم لیکن محفوظ ہیں۔اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک میں جگہ جگہ صحابہ کرام ؓ کی تعریف فرمائی اور رضی اللہ عنہ و رضوا عنہ کہہ کر اپنی رضامندی کا اظہار فرمایا، اور جنت کی بشارت دی ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ قرآن پاک کا محافظ ہے لیکن قرآن پاک کی حفاظت کا ذریعہ حضرات صحابہ ہیں، حضرات صحابہ اشاعت قرآن و اشاعت دین کی بنیاد ہیں، حضرات صحابہ معیار ایمان ہیں، ساری دنیا طالب جنت ہے اور صحابہ مطلوب جنت ہیں۔ مولانا فاروقی نے دوٹوک کہا کہ کوئی صحابی منافق نہیں ہو سکتا اور جو منافق ہے وہ صحابی نہیں ہو سکتا، لہٰذا حضراتِ صحابہ کرام کو منافق کہنے والے خود ہی منافق ہیں۔
عظمت صحابہؓ کانفرنس کی دوسری نشست سے خطاب کرتے ہوئے دارالمبلغین لکھنؤ کے استاذ مولانا عبد الباری صاحب فاروقی نے فرمایا کہ حالات کے پیش نظر عظمت صحابہؓ پر بولنا، عظمت صحابہؓ کو پھیلانا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ حضرات انبیاء علیہ السلام کے بعد سب سے افضل جماعت حضرات صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین کی جماعت ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ صحابہ کرامؓ کے ذریعہ امت کو ایمان ملا، صراط مستقیم پر چلنے کی توفیق ہوئی ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ جن لوگوں کے دل صحابہ کرامؓ کی عظمت و فضیلت اور بزرگی و برتری سے میلے ہیں دراصل انکا دل اسلام سے میلا ہے،انکا دل قرآن و حدیث سے میلا ہے۔ قابل ذکر ہیکہ مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام منعقد اس عظیم الشان آن لائن عظمت صحابہؓ کانفرنس کو ملک و بیرون ملک کے ہزاروں افراد مرکز کے آفیشل یوٹیوب چینل تحفظ اسلام میڈیا سروس پررات 9:30 بجے براہ راست دیکھ اور سن رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق 10/ ستمبر کو کانفرنس کی تیسری نشست سے محدث دارالعلوم دیوبند حضرت مولانا مفتی راشد اعظمی صاحب اور 12/ ستمبر چوتھی نشست سے بنگلور سٹی جامع مسجد کے امام و خطیب مولانا مقصود عمران صاحب رشادی خطاب کریں گے۔
No comments:
Post a Comment