Friday, October 9, 2020

دشمنانِ اسلام ہی حضرات صحابہ کرامؓ سے بغض رکھتے ہیں!


 

 دشمنانِ اسلام ہی حضرات صحابہ کرامؓ سے بغض رکھتے ہیں!
مرکز تحفظ اسلام ہند کی آن لائن عظمت صحابہؓ کانفرنس سے مولانامحمد عبد القوی مدظلہ کا خطاب!

بنگلور، 3/ اکتوبر (ایم ٹی آئی ہچ): مرکز تحفظ اسلام ہند کی آن لائن عظمت صحابہؓ کانفرنس کی انیسویں نشست سے خطاب کرتے ہوئے ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد کے ناظم حضرت مولانا محمد عبد القوی صاحب مدظلہ نے فرمایا کہ حضرات انبیاء کے بعد اس کائنات میں سب سے افضل صحابہ کرامؓ ہیں۔ حضرات صحابہؓ کی مثال ملنا مشکل ہے، کیونکہ صحابہ کرامؓ کی جماعت باوفا جماعت ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ حضرات صحابہؓ سب کے سب عادل و ثقہ ہیں، ادنیٰ سے ادنیٰ صحابی سارے اولیاء سے افضل ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ اگر حضرات صحابہؓ نہ ہوتے تو ہم اللہ کے نبیؐ کو نہ پہچانتے۔ حضرات صحابہؓ ہی کے ذریعے صحیح دین ہمیں سمجھ میں آتا ہے۔ مولانا عبد القوی نے فرمایا کہ اتنی ساری عظمتوں اور فضیلتوں کے باوجود تاریخی روایتوں کو لیکر امت کے عقیدوں کو خراب کرنا صحیح نہیں ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ حضرات صحابہؓ کے ذکر کا طریقہ قرآن پاک سے سیکھنا چاہیے کہ کتنے بہترین طریقہ سے صحابہؓ کا ذکر کرتا ہے۔ مولانا نے دو ٹوک فرمایا کہ دشمنان اسلام ہی صحابہؓ کا بغض اپنے دل میں رکھتے ہیں، کیونکہ اہل سنت و الجماعت کسی کو بھی صحابہؓ کے بارے میں بدگمانی کی اجازت نہیں دیتے اور تمام علماء متقدمین نے صحابہ ؓکی عظمت و فضیلت کو بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑے سیدھے سادے اور بے تکلف تھے، سیاست، شہرت، ناموری، مقابلہ آرائی کچھ نہیں جانتے تھے، علم کے بارے میں عمیق اور گہرے تھے اور اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی کے وفادار ساتھی بنانے کے لیے اور اپنے دین کی اقامت کے لیے انہیں اختیار فرمایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حضرات اولیاء و علماء اور محدثین کی جب توہین و تنقیص نہیں کی جاسکتی تو حضرات صحابہؓ کی توہین و تنقیص کیسے کی جاسکتی ہے؟ لہٰذا حضرات صحابہؓ کے سلسلے میں نہایت اہتمام اور احتیاط کی ضرورت ہے۔ مولانا عبد القوی نے فرمایا کہ عوام الناس کے سامنے اجماع امت کی اور جمہور کی رائے کے مطابق گفتگو کی جاتی ہے انکے سامنے اختلافات کو پیش نہیں کیا جاتا، تاکہ عوام الناس کسی مخمصے میں مبتلا نہ ہو اور اپنے عقائد کو خراب کر کے آخرت کی تباہی و بربادی میں مبتلا نہ ہو۔ مولانا نے فرمایا کہ علماء کی ذمہ داری ہے عوام الناس کو بچانا اور انکے عقائد و ایمان کی حفاظت کی فکر کرنا۔ قابل ذکر ہیکہ مولانا محمد عبد القوی صاحب مدظلہ نے مرکز تحفظ اسلام ہند کی خدمات کو سراہتے ہوئے خوب دعاؤں سے نوازا۔ اطلاعات کے مطابق 4 /اکتوبر کو آن لائن عظمت صحابہؓ کانفرنس سے ختم نبوتؐ کونسل ہانگ کانگ کے چیئرمین و چیف امام حضرت مولانا قاری محمد طیب قاسمی نقشبندی مجددی خطاب کریں گے۔

No comments:

Post a Comment