حضرات صحابہؓ پر انگلیاں اٹھانا نبیؐ پر انگلیاں اٹھانے کے برابر ہے!
مرکز تحفظ اسلام ہند کی آن لائن عظمت صحابہؓ کانفرنس سے مفتی افتخار احمد قاسمی کا ولولہ انگیز خطاب!
بنگلور، 9/ اکتوبر (ایم ٹی آئی ہچ): مرکز تحفظ اسلام ہند کی آن لائن عظمت صحابہؓ کانفرنس کی تئیسویں نشست سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ تعلیم القرآن بنگلور کے مہتمم اور جمعیۃ علماء کرناٹک کے صدر حضرت مولانا مفتی افتخار احمد قاسمی مدظلہ نے فرمایا کہ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی کتاب ہے جس میں کسی قسم کا کوئی شک و شبہ نہیں اور قرآن پاک کی حفاظت کی ذمہ داری خود اللہ تبارک و تعالیٰ نے لی ہے۔ معلوم ہوا کہ قرآن مجید محفوظ کتاب ہے، محفوظ کتاب میں اللہ تعالیٰ نے حضرات صحابہؓ کی عظمت و فضیلت کو بیان کیا ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ حضرات صحابہ کرامؓ تقویٰ کے اعلیٰ مقام پر فائز تھے اور قیامت تک حضرات صحابہؓ کے جیسا طبقہ نہیں آئے گا اور اس امت میں سب سے اونچا مقام حضرات صحابہؓ کا ہے۔ مفتی صاحب نے فرمایا کہ حضرات صحابہؓ وہ جماعت ہے جس نے دین کے لیے اپنا سب کچھ قربان کر دیا، لہٰذا حضرات صحابہؓ کی شان میں گستاخیاں کرنے سے بچنا چاہیے۔ کیونکہ صحابہ کرامؓ دین کی بنیاد ہیں، اگر صحابہ کرامؓ پر انگلیاں اٹھائی گئیں تو دین کی بنیادیں ہل جائیں گی۔ مفتی افتخار احمد قاسمی نے فرمایا کہ حضرات صحابہ کرامؓ نبی کریمؐ کا عکس ہیں، نبی کریمؐ کے پرتو ہیں۔ حضرات صحابہؓ پر انگلیاں اٹھانا نبی کریمؐ پر انگلیاں اٹھانے کے برابر ہے۔ مولانا قاسمی نے فرمایا کہ شریعت مطہرہ ہمیں صحابہؓ کے ذریعہ ملی ہے، لہٰذا صحابہ کرامؓ پر انگلیاں اٹھانے سے ساری شریعت مجروح ہوجاتی ہے۔ مفتی صاحب نے حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ حضرات صحابہؓ پر زبان درازی کرنے والوں کے دل میں نبیؐ کی محبت نہیں ہوتی، اس لیے کہ حضرات صحابہؓ سے محبت نبیؐ سے محبت کی دلیل ہے اور صحابہؓ سے نفرت نبیؐ سے نفرت و عداوت کی دلیل ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ حضرات صحابہؓ کے دفاع کی ایک بہت بڑی ذمہ داری حضرات علماء کی ہے، ایسے نازک اور پرُفتن دور میں جبکہ حضرات صحابہؓ پر زبان درازی اور طعن و تشنیع ہورہی ہے، حضرات علماء کو میدان میں آنا چاہیے اور دفاع صحابہؓ پر کھل کر کام کرنا چاہیے۔ مفتی صاحب نے فرمایا کہ یہ دور سوشل میڈیا و پرنٹ میڈیا کا دور ہے اور ایک بہت بڑا طبقہ اس سے جڑا ہوا ہے تو اسکے ذریعے بھی حضرات صحابہؓ کی عظمت و فضیلت کو اجاگر کرنا چاہیے اور دفاع صحابہؓ پر کام کرتے ہوئے گستاخان صحابہؓ کو منہ توڑ جواب دینا چاہیے۔ مولانا نے فرمایا کہ ایسے چینلوں کا بائیکاٹ کرنا چاہیے جو گستاخان صحابہ کی حمایت کرتے ہیں، گستاخان صحابہ کے ساتھ اٹھتے بیٹھتے ہیں اور دفاع صحابہؓ پر کام کرنے والوں کو غلط ٹھیراتے ہیں۔ اور ایسے چینلوں کا ساتھ دینا چاہیے تو دفاع صحابہؓ اور عظمت صحابہؓ کا کام کرتے ہیں۔ مفتی افتخار احمد قاسمی نے مرکز تحفظ اسلام ہند کی خدمات کو سراہتے ہوئے خوب دعاؤں سے نوازا۔
Saturday, October 10, 2020
حضرات صحابہؓ پر انگلیاں اٹھانا نبیؐ پر انگلیاں اٹھانے کے برابر ہے
Subscribe to:
Post Comments (Atom)
No comments:
Post a Comment