Wednesday, October 7, 2020

صحابہؓ کی گستاخی سے آدمی دائرہ اسلام سے خارج ہوجاتا ہے!

 صحابہؓ کی گستاخی سے آدمی دائرہ اسلام سے خارج ہوجاتا ہے!

مرکز تحفظ اسلام ہند کے آن لائن عظمت صحابہؓ کانفرنس سے مفتی راشد گورکھپوری کا خطاب!


بنگلور، 24/ ستمبر (ایم ٹی آئی ہچ): مرکز تحفظ اسلام ہند کے آن لائن عظمت صحابہؓ کانفرنس کی تیرہویں نشست سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ مظاہر علوم سہارنپور کے شعبہ تحفظ ختم نبوتؐ کے صدر و استاذ حضرت مولانا مفتی محمد راشد گورکھپوری صاحب مدظلہ نے فرمایا کہ دنیا میں ایمان سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں، مسلمانوں کو چاہیے کہ ایمان کے بارے میں جانیں، ایمان کے تقاضوں کو پہچانیں! حکیم الامت مولانا اشرف علی تھانویؒ نے خوب لکھا ہے کہ جس طرح مسلمان فرائض وضو کے ساتھ نواقض وضو جانتا ہے ٹھیک اسی طرح موجبات ایمان کے ساتھ نواقض ایمان کو بھی جاننا چاہیے، کیونکہ صحابہ کی محبت انکی اطاعت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ قرآن و حدیث صحابہؓ کی مدح و تعریف سے بھرے پڑے ہیں، حضرات صحابہؓ ایمان و اسلام پر ایسا عمل کرتے تھے گویا انہوں نے جنت و جہنم کو اور آخرت کے منظر کو اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا ہو! مولانا نے فرمایا کہ آج ہم نماز پڑھ کر نمازی بن سکتے ہیں، حج کرکے حاجی بن سکتے ہیں، ولایت کا دروازہ کھلا ہوا ہے نیک اعمال کرکے ولی بن سکتے ہیں لیکن قیامت تک کوئی صحابی نہیں بن سکتا۔ مفتی راشد گورکھپوری نے فرمایا کہ نبیؐ کی تربیت نے صحابہ ؓکے اندر انقلاب برپا کر دیا اور لوگوں کے لیے وہ رہبر و رہنما بن گئے۔ انہوں نے دوٹوک فرمایا کہ صحابہؓ کی تعریف نبی ؐکی تعریف ہے صحابہؓ کی تنقیص نبیؐ کی تنقیص ہے۔خاتم الانبیاء ؐآفتاب ہدایت ہیں تو صحابہؓ اس آفتاب کے ستارے ہیں۔ مولانا نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کو سب کچھ معلوم تھا کہ آگے چل کر صحابہؓ کے درمیان اختلافات ہوں گے ایک طرف حضرت علیؓ ہوں گے اور دوسری طرف حضرت معاویہؓ ہوں گے، اسکے باوجود اللہ تعالیٰ نے سارے صحابہؓ کے لیے جنتی ہونے کا اعلان کیا، تاکہ کوئی ان اختلافات کو سامنے رکھ کر صحابہ پر زبان درازی نہ کرے۔ مولانا نے فرمایا کہ قرآن پاک کے ذریعہ اللہ تعالیٰ نے دشمنان صحابہؓ کا رد کیا، زبان چلانے والوں کی زبانوں پر تالا لگا دیا۔ مولانا نے دو ٹوک الفاظ میں فرمایا کہ صحابہ کی گستاخی کو علامہ ذہبیؒ نے کفر سے تعبیر کیا ہے، اور ملا علی قاریؒ نے شرح فقہ الاکبر میں لکھا ہے کہ صحابہؓ کی شان میں گستاخی اور ان پر طعن و تشنیع اگر دلائل قطعیہ کے خلاف ہے تو یہ کفر ہے! مولانا ارشد گورکھپوری نے فرمایا کہ صحابہؓ کی گستاخی سے آدمی ایمان سے نکل جاتا ہے، اس لیے صحابہؓ کی محبت کو اپنے دل میں بسانا چاہیے۔ قابل ذکر ہیکہ مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام آن لائن عظمت صحابہؓ کانفرنس پورے زور و شور کے ساتھ جاری و ساری ہے۔ یہ کانفرنس روزانہ رات 9:30 بجے مرکز کے آفیشل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر براہ راست نشر ہوتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق 25/ ستمبر بروز جمعہ کو کانفرنس سے فقیہ العصر حضرت مولانا مفتی محمد شعیب اللہ خان صاحب مفتاحی مدظلہ خطاب کریں گے۔


No comments:

Post a Comment