محسن انسانیتؐ نے پوری دنیا کو رحمت کا پیغام اور انسانیت کا درس دیا!
مرکز تحفظ اسلام ہند کی آن لائن عظمت مصطفیٰؐ کانفرنس سے مفتی شعیب اللہ خان مفتاحی کا خطاب!
بنگلور، 31/ اکتوبر (ایم ٹی آئی ہچ): مرکز تحفظ اسلام ہند کی آن لائن عظمت مصطفیٰ ؐکانفرنس کی پہلی اور افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے فقیہ العصر مفتی محمد شعیب اللہ خان مفتاحی مدظلہ نے فرمایا کہ جب دنیا کفر و شرک، ضلالت و جہالت کی گھٹا ٹوپ تاریکی میں ڈوبا ہوا تھا، انسانیت اور شرافت کا نام و نشان ختم ہوچکا تھا، درندگی اور حیوانیت، قتل و غارت گری کی وبا ہر سُو عام تھی، جب انسان ایک دوسرے کا دشمن بنا ہوا تھا، جب دنیا نے رحم و کرم اور احسان جیسے لفظوں کو بھلا دیا تھا، انسانیت نام کی کوئی چیز باقی نہیں رہی تھی۔ ایسے دور میں آقائے دوعالم محمد رسول اللہؐ اس دنیا میں تشریف لائے اور دنیا کا نقشہ بدل کر رکھ دیا۔ آپ ؐنے دنیا کو رحمت کے پیغام اور انسانیت کا درس دیا۔ مولانا نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن پاک کے ذریعے حضور اکرمؐ کی تعریف کی، اور ساری مخلوقات نے بھی آپکی تعریف کی، حتیٰ کہ تورات و انجیل میں بھی آپؐ کا ذکر مبارک آیا ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ آپ ؐکی ذات وہ ذات ہے جس سے ساری دنیا کو ہدایت کی روشنی ملی۔ مفتی صاحب نے فرمایا کہ اخلاق کے تین درجے ہیں خلق حسن، خلق کریم، خلق عظیم: پہلے کے دو اخلاق اللہ تعالیٰ نے سارے انبیاء و رسولوں کو دیا اور خلق عظیم صرف اور صرف ہمارے نبی کریمؐ کو عطا فرمایا۔ ایسی بہت ساری چیزیں ہیں جو صرف اور صرف ہمارے نبیؐ کو عطاء فرمائی۔ مفتی صاحب نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے آپ ؐ کو بہت ساری خوبیوں سے نوازا تھا، اور پورا قرآن شریف آپ ؐ کے اخلاق ہیں۔ مولانا نے فرمایا کہ آپ نے حضرات صحابہؓ کی ایسی جماعت تیار کی جس نے ساری دنیا کا نقشہ بدل دیا۔ مفتی شعیب اللہ خان مفتاحی نے فرمایا کہ آپؐ کے تین حقوق ہیں جنکا ادا کرنا ہر مسلمان کے لیے بہت ضروری ہے۔ پہلا حق اپنے دلوں میں حضور اکرمؐ کی عظمت رکھنا، دوسرا حق آپؐ سے محبت کرنا، تیسرا حق آپؐ کی اطاعت کرنا۔ اگر کوئی اپنے دل میں آپؐ کی عظمت نہ رکھے تو اسکا ایمان خطرے میں ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ آج پوری دنیا میں مسلمانوں کے ساتھ جو حالات پیش آرہے ہیں اسکی وجہ یہ ہیکہ ہم نے رسول اللہؐ کی عظمت، محبت اور اطاعت میں کمی کردی ہے اور یہی وجہ ہیکہ اغیار ہمارے آقائے دوعالمؐ پر انگلیاں اٹھاتے ہیں۔ لہٰذا آج ضرورت ہیکہ ہم عہد کریں کہ ہم رسول اللہ ؐکی عظمت کریں گے، ان سے محبت کریں گے، اور انکی اطاعت یعنی انکی تعلیمات اور سنتوں کی پیروی کریں گے۔مفتی شعیب اللہ خان مفتاحی مدظلہ نے مرکز تحفظ اسلام ہند کی خدمات کو سراہتے ہوئے خوب دعاؤں سے نوازا۔ قابل ہیکہ مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام منعقد اس عظیم الشان آن لائن عظمت مصطفیٰ ؐکانفرنس کو ملک و بیرون ممالک کے ہزاروں افراد مرکز کے آفیشل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج پر رات 9:30 بجے براہ راست دیکھ اور سن رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق یکم نومبر کو کانفرنس سے جانشین امام اہل سنت حضرت مولانا عبد العلیم فاروقی مدظلہ خطاب کریں گے۔
No comments:
Post a Comment