Friday, October 9, 2020

حضرات صحابہؓ پر زبان درازی کا حق کسی کو نہیں!



 حضرات صحابہؓ پر زبان درازی کا حق کسی کو نہیں!
مرکز تحفظ اسلام ہند کی آن لائن عظمت صحابہؓ کانفرنس سے مفتی شعیب اللہ خان مفتاحی کا خطاب!

بنگلور، 29/ ستمبر (ایم ٹی آئی ہچ): مرکز تحفظ اسلام ہند زیر اہتمام منعقد عظیم الشان آن لائن عظمت صحابہؓ کانفرنس کی سولہویں نشست سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ اسلامیہ مسیح العلوم بنگلور کے بانی و مہتمم فقیہ العصر حضرت مولانا مفتی محمد شعیب اللہ خان مفتاحی مدظلہ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرات صحابہؓ کو دین کی نشر و اشاعت کے لیے منتخب فرمایاَ حضرات صحابہؓ کی جماعت وہ جماعت ہے جس نے سب سے پہلے اسلام قبول کیا اور اس امت میں سب سے مقدس جماعت حضرات صحابہؓ ہیں۔مولانا نے فرمایا کہ حضرات صحابہؓ سے اللہ و رسول خوش ہیں، اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا میرے صحابہؓ امت کے لیے باعث امان ہیں۔ حضرات صحابہؓ ہی کے طفیل ہمیں دین ملا ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ بعد میں آنے والے کتنے ہی بڑے کیوں نہ ہوں لیکن کوئی بھی صحابہ کے مقام کو نہیں پہنچ سکتے! مفتی صاحب نے ایک اعتراض کا جواب دیتے ہوئے فرمایا کہ صحابہؓ کے بعد آنے والوں کو امام، مولانا، محدث، مفسر وغیرہ القاب سے یاد کرتے ہیں لیکن صحابہ کو نہیں کہتے آخر کیوں؟ اس لیے کہ حضرات صحابہؓ کے لیے سب سے بڑا لقب ہی لفظ صحابی ہے، جو بعد میں آنے والوں کو کسی حال میں نہیں مل سکتا۔ مفتی شعیب اللہ خان مفتاحی نے فرمایا کہ حضرات صحابہؓ معصوم نہیں ہیں لیکن محفوظ ضرور ہیں، اور حضرات صحابہؓ کی غلطیاں اجتہادی غلطیاں تھیں، اسی لیے اہل سنت کے تمام مکاتب فکر کے علماء کا متفقہ فیصلہ ہے کہ صحابہ کرامؓ کی شان میں گستاخی کا حق کسی کو نہیں ہے۔ مولانا نے امام مالکؒ کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ حضرات صحابہؓ کی شان میں گستاخی وہی کرتا ہے جسکے دل میں کفر ہوتا ہے! انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح کائنات میں ہر ایک کے حقوق ہیں اسی طرح حضرات صحابہؓ کے بھی حقوق ہیں۔پہلا حق حضرات صحابہؓ کی عظمت و فضیلت کا اعتراف کرنا، دوسرا حق حضرات صحابہؓ سے عقیدت و محبت رکھنا، تیسرا حق حضرات صحابہؓ کی مدح و تعریف کرنا، چوتھا حق حضرات صحابہؓ کی اقتدا و اتباع کرنا، پانچواں حق حضرات صحابہؓ کے حق میں دعائیں کرنا، چھٹواں حق حضرات صحابہؓ پر طعن و تشنیع کرنے سے بچنا! مفتی شعیب اللہ خان مفتاحی نے فرمایا آج کی نئی نسل کو حضرات صحابہؓ کی سیرت کو بتانا و سمجھانا چاہیے، تاکہ وہ صحیح سے زندگی گزار سکیں۔ قابل ذکر ہیکہ مرکز تحفظ اسلام ہند کی آن لائن عظمت صحابہ ؓکانفرنس پورے زور و شور کے ساتھ جاری و ساری ہے۔ کانفرنس روزانہ رات 9:30 بجے مرکز کے آفیشل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر براہ راست نشر ہوتا ہے۔اطلاعات کے مطابق 29/ ستمبر کو حضرت مولانا قاری احمد علی فلاحی مدظلہ، 30/ ستمبر کو حضرت مولانا یحییٰ نعمانی مدظلہ، 31 /ستمبر کو مفتی ہارون ندوی مدظلہ کانفرنس سے خطاب کریں گے۔


No comments:

Post a Comment