Wednesday, April 14, 2021

مرکز تحفظ اسلام ہند کی جانب سے سلسلہ ”مسائل رمضان“ کا آغاز! مختلف علماء و مفتیان کرام رمضان المبارک کے اہم مسائل پر کریں گے خطاب!

 



مرکز تحفظ اسلام ہند کی جانب سے سلسلہ ”مسائل رمضان“ کا آغاز!
مختلف علماء و مفتیان کرام رمضان المبارک کے اہم مسائل پر کریں گے خطاب!

بنگلور، 14؍ اپریل (پریس ریلیز): رمضان المبارک کا مقدس مہینہ ہم سب پر سایہ فگن ہے۔ یہ بہت ہی برکت، رحمت، اہمیت و افادیت والا مہینہ ہے۔ اس میں خدائے تعالیٰ کی طرف سے بہت ساری رحمتوں، نعمتوں، برکتوں اور رفعتوں کا نزول ہوتا ہے۔ ہمیں اس مقدس مہینے کی مکمل قدردانی کرتے ہوئے ہمیں اسکے قیمتی اوقات کو عبادت و ریاضت میں گزارنا چاہیے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مرکز تحفظ اسلام ہند کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد رضوان حسامی و کاشفی نے سلسلہ”مسائل رمضان“ کے افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے فرمایا چونکہ عام طور پر لوگوں کو رمضان المبارک، روزہ، تراویح، زکوٰۃ، اعتکاف وغیرہ کے مسائل معلوم نہ ہونے کی وجہ سے وہ بہت ساری کوتاہیاں، خامیاں اور غلطیاں کرجاتے ہیں، جس کی وجہ رمضان المبارک جیسے مقدس اور متبرک مہینے کو اور اپنے اعمال کو ناچاہتے ہوئے بھی ضائع کردیتے ہیں۔ انہیں ساری چیزیں کو مدنظر رکھتے ہوئے مرکز تحفظ اسلام ہند نے”مسائل رمضان“ کا سلسلہ شروع کیا ہے تاکہ لوگوں کو رمضان المبارک کے اہم مسائل کا علم ہوجائے۔ اس موقع پر مرکز تحفظ اسلام ہند کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے اس سلسلہ پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ اس سلسلہ میں مرکز تحفظ اسلام ہند کے مختلف علماء و مفتیان کرام کے مختلف عناوین پر خطابات ہونگے، جو روزانہ ٹھیک دوپہر 02:15 بجے تحفظ اسلام میڈیا سروس کے آفیشل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ انہوں نے پروگرام کی ترتیب بتاتے ہوئے فرمایا کہ یکم تا 4؍ رمضان روزہ کے مسائل پر مرکز کے رکن شوریٰ اور مسجد عمر فاروق ؓ، ولسن گارڈن، بنگلور کے امام و خطیب مفتی محمد جلال الدین قاسمی کا خطاب ہوگا، 5 تا 8؍ رمضان تراویح کے مسائل پر مرکز کے رکن شوریٰ اور مکہ مسجد، کاویری نگر، بنگلور کے امام و خطیب مولانا محمد طاہر قاسمی کا خطاب ہوگا، 9 تا 12؍ رمضان منکرات رمضان کے عنوان پر مرکز کے ناظم اعلیٰ اور جامع مسجد کنکاپورہ کے امام و خطیب مولانا محمد رضوان حسامی و کاشفی کا خطاب ہوگا، 13 تا 16؍ رمضان زکوٰۃ کے مسائل پر مرکز کے رکن شوریٰ اور  نبیرۂ جانشین امام اہل سنت مولانا ابو الحسن علی فاروقی کا خطاب ہوگا، 17 تا 20؍ رمضان اعتکاف و لیلتہ القدر کے مسائل پر مرکز کے رکن شوریٰ اور مدرسہ جامعۃ الخلیل، شیموگہ کے مہتمم مولانا سید ایوب مظہر قاسمی کا خطاب ہوگا، 21 تا 24؍ رمضان صدقۂ فطر و فدیہ کے مسائل پر مرکز کے رکن شوریٰ اور فیض العلوم، خانقاہ بوڑیہ کے رفیق مفتی محمد ناصر ایوب ندوی کا خطاب ہوگا اور 25 تا 28؍ رمضان عیدین کے مسائل پر مرکز کے رکن شوریٰ اور مسجد حوا منگلور کے خطیب مولانا محمد نظام الدین مظاہری کا خطاب ہوگا۔ اسی کے ساتھ محمد فرقان نے بتایا کہ ہر ہفتہ بروز سنیچر اور اتوار کو بعد نماز تراویح فضائل رمضان پر اجلاس عام بھی منعقد کیا جائے گا، اس اجلاس میں بھی مختلف علماء و اکابرین کے خطابات ہونگے۔ انہوں نے برادران اسلام سے گزارش کی کہ وہ ان پروگرامات سے بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے رمضان المبارک کے قیمتی اوقات کو ضائع کئے بغیر سنت و شریعت کے مطابق عبادت و ریاضت میں گزاریں۔ قابل ذکر ہیکہ سلسلہ ”مسائل رمضان“ کی افتتاحی نشست کا آغاز مرکز کے رکن حافظ محمد شعیب اللہ خان کاشفی کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا، بعدازاں مرکز کے رکن شوریٰ مفتی محمد جلال الدین قاسمی نے روزہ کے مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی اور انہیں کی دعا سے یہ نشست اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر مرکز تحفظ اسلام ہند کے ڈائریکٹر محمد فرقان، ناظم اعلیٰ مولانا محمد رضوان حسامی و کاشفی، رکن شوریٰ مفتی محمد جلال الدین قاسمی، رکن حافظ محمد شعیب اللہ خان کے علاوہ مرکز کے آرگنائزر حافظ محمد حیات خان، رکن شوریٰ قاری عبد الرحمن قاسمی بستوی، رکن احمد خطیب خان اور حافظ محمد نور اللہ وغیرہ خصوصی طور پر شریک تھے۔

No comments:

Post a Comment