Tuesday, April 6, 2021

نکاح سے غیر شرعی رسم و رواج خصوصاً جہیز کو ختم کرتے ہوئے آسان بنائیں!





نکاح سے غیر شرعی رسم و رواج خصوصاً جہیز کو ختم کرتے ہوئے آسان بنائیں! 

مرکز تحفظ اسلام ہند کی اصلاح معاشرہ کانفرنس سے مفتی حامد ظفر ملی رحمانی کا خطاب!


بنگلور، 5؍ اپریل (پریس ریلیز): آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے اصلاح معاشرہ کمیٹی کی دس روزہ آسان و مسنون نکاح مہم کی ملک گیر تحریک کے پیش نظر مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام منعقد آن لائن اصلاح معاشرہ کانفرنس کی تیسری نشست سے خطاب کرتے ہوئے مدرسہ معہد ملت، مالیگاؤں کے استاذ حدیث مفتی حامد ظفر ملی رحمانی صاحب نے فرمایا کہ نکاح ایک دینی و ایمانی فریضہ، انسانی ضرورت اور تمام انبیاء کی سنت ہے۔ نکاح کا مقصد سکون حاصل کرنا ہے۔ اور یہ سکون تب تک حاصل نہیں ہوسکتا جب تک نکاح کے تمام مراحل کو سنت و شریعت کے مطابق نہ کیا جائے۔ اور جب سنت و شریعت کی پاسداری کے ساتھ نکاح کیا جاتا ہے تو ازدواجی زندگی خوشگوار ہوتی ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ شریعت نے رشتوں کا انتخاب دینداری کی بنیاد پر کرنے کی تلقین کی ہے اور اسی میں ہی کامیابی حاصل ہوتی ہے۔ اور مجلس نکاح کے سلسلے میں شریعت نے مسجد میں کرنے کی تلقین کی اور فرمایا کہ برکت والا نکاح وہ ہے جس میں کم خرچ کیا جائے۔ اور نکاح میں دو چیزیں حق مہر اور ولیمہ کے علاوہ کوئی خرچ نہیں ہے اور یہ دونوں بھی لڑکے والوں کے ذمہ ہے۔ اسی کے ساتھ شریعت نے یہ بھی تلقین کی ہیکہ ولیمہ بطور نمائش نہ ہو بلکہ بہترین ولیمہ وہ ہے جس میں غریبوں اور مسکینوں کا خیال رکھا جائے۔ مولانا نے فرمایا کہ شریعت نے بیویوں کے ساتھ حسن سلوک کرنے کا حکم دیا ہے۔ بیوی کا نان نفقہ شوہر کے ذمہ ہے اور بیوی کی بھی ذمہ داری ہیکہ نکاح کے بعد ہر ایک قدم شوہر کی اجازت سے رکھیں اور شوہر کی فرمانبرداری کرے۔ مولانا ظفر ملی نے فرمایا کہ شریعت نے نکاح کو سادہ اور آسان رکھا ہے جسے ہم نے غیر شرعی رسوم و رواج خصوصاً جہیز کے لین دین کے ذریعے اسے مشکل بنا دیا ہے۔ لہٰذا ضرورت ہیکہ معاشرے سے بیجا رسم و رواج خصوصاً جہیز کو ختم کرتے ہوئے نکاح کو آسان بنائیں۔ مولانا نے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی آسان و مسنون نکاح مہم میں تمام مسلمانوں کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور نکاح کو سادہ اور مسنون طریقہ سے انجام دینے کی اپیل کی تاکہ اللہ و رسول کی رضامندی میسر ہو۔ قابل ذکر ہیکہ مفتی حامد ظفر ملی رحمانی نے مرکز تحفظ اسلام ہند کی خدمات کو سراہتے ہوئے خوب دعاؤں سے نوازا۔

No comments:

Post a Comment