Saturday, July 24, 2021

ایثار و قربانی اور اطاعت ربانی عید قرباں کا پیغام ہے!



 ایثار و قربانی اور اطاعت ربانی عید قرباں کا پیغام ہے!

علماء کرام کے ولولہ انگیز خطابات سے مرکز تحفظ اسلام ہند کی” ہفت روزہ کانفرنس بسلسلہ عشرۂ ذی الحجہ و قربانی“ اختتام پذیر!


 بنگلور، 24؍ جولائی (پریس ریلیز): قربانی دراصل سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی اس عظیم سنت کی یاد ہے جب وہ اللہ کی رضا کی خاطر اپنے لخت جگر، نورِ نظر اور محبوب بیٹے حضرت اسماعیل علیہ السلام کو قربان کرنے چلے تھے۔ اللہ تعالیٰ کو یہ ادا اس قدر پسند آئی کہ قیامت تک اس سنت کو زندہ و تابندہ کر دیا۔ کروڑوں مسلمان ہر سال اس ”ذبح عظیم“ کی یاد تازہ کرتے ہیں اور قیامت تک یہ سلسلہ جاری و ساری رہے گا۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مرکز تحفظ اسلام ہند کے بانی و ڈائریکٹر محمد فرقان نے کیا۔ انہوں نے فرمایا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی یہ عظیم سنت ہر سال ہمیں یہ بھولا ہوا سبق یاد دلاتی ہے کہ اگر خدا کی دوستی چاہتے ہو تو ہر چیز کو اس کی رضا پر قربان کر دینے کے لیے تیار رہو۔ اگر دنیاوی اسباب کے مقابلہ میں اللہ تعالیٰ کی خصوصی نصرت کے طلب گار ہو تو ایثار و قربانی اور اطاعت و وفا کی راہوں پر گامزن ہو جاؤ۔ اور اگر اللہ تعالیٰ کی بے پایاں خصوصی رحمتوں کے متمنی ہو تو اس کے ہر حکم اور ہر اشارہ پر سر تسلیم خم کر دو۔ انہوں نے فرمایا کہ قربانی محض ایک رسم نہیں کہ جانور خریدا اور ذبح کر دیا۔ یہ عبادت ہے، اس میں ایک عظیم سبق ہے جسے ہم بھول چکے ہیں۔ اور یہ اس سبق کو بھولنے کا ہی نتیجہ ہے کہ آج ہم دنیا میں عظیم افرادی قوت ہوتے ہوئے بھی ایک سوالیہ نشان بن کر رہ گئے ہیں۔ آج ہمارے پاس کونسی چیز نہیں؟ افرادی قوت بھی موجود ہے، وسائل بھی میسر ہیں، دولت کی بھی کمی نہیں اور ارباب فہم و دانش بھی موجود ہیں۔ پھر ہم کیوں سرگرداں ہیں؟ ہمیں اپنا راستہ اور منزل کیوں دکھائی نہیں دیتی؟ اصل بات یہ ہے کہ ہم نے اللہ تعالیٰ کے دروازہ پر سر جھکانے اور دین و ملت کی خاطر سب کچھ قربان کر دینے کی ادا بھلا دی ہے۔ محمد فرقان نے کہا کہ آج بھی ہم اطاعت خداوندی اور ایثار و قربانی کا راستہ اختیار کر لیں تو اللہ تعالیٰ کی نصرت آگے بڑھ کر ہمارا ہاتھ تھامے گی۔ مرکز کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے فرمایا کہ مرکز تحفظ اسلام ہند روز اول سے اکابرین کی سرپرستی میں مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے۔حالات کے پیش نظر مختلف پروگرامات اور کانفرنسوں کا انعقاد کرتے رہتا ہے۔ اسی طرح عشرۂ ذی الحجہ اور قربانی کی فضیلت و اہمیت سے امت مسلمہ کو واقف کروانے کیلئے مرکز تحفظ اسلام ہند نے یکم ذی الحجہ سے ”عظیم الشان آن لائن ہفت روزہ کانفرنس بسلسلہ عشرۂ ذی الحجہ و قربانی“ کا آغاز کیا۔ جس سے حضرت مولانا محمد مقصود عمران صاحب رشادی (امام و خطیب جامع مسجد سٹی بنگلور)، حضرت مولانا مفتی ہارون صاحب ندوی (صدر جمعیۃ علماء جلگاؤں و ڈائریکٹر وائرل نیوز انڈیا)، حضرت مولانا سید احمد ومیض صاحب ندوی نقشبندی (استاذ حدیث دارالعلوم حیدرآباد)، حضرت مولانا مفتی محمد شفیق احمد صاحب قاسمی (رکن شوریٰ دارالعلوم دیوبند)، حضرت مولانا مفتی محمد شعیب اللہ خان صاحب مفتاحی (بانی و مہتمم جامعہ اسلامیہ مسیح العلوم بنگلور)، حضرت مولانا مفتی اشرف عباس صاحب قاسمی (استاذ حدیث دارالعلوم دیوبند)، حضرت مولانا مفتی افتخار احمد صاحب قاسمی (سرپرست مرکز تحفظ اسلام ہند و صدر جمعیۃ علماء کرناٹک) نے مختلف موضوعات پر بصیرت افروز خطاب فرمایا۔مرکز کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ اس کانفرنس کی اختتامی نشست09؍ ذی الحجہ مطابق 19؍ جولائی2021ء بروز پیر کی شب منعقد ہوئی۔جسکی صدارت دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے ناظم اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی صاحب ندوی نے فرمائی، جبکہ بطور مہمانان خصوصی حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ صاحب رحمانی (سرپرست مرکز تحفظ اسلام ہند و سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) اور حضرت مولانا ابو طالب صاحب رحمانی (رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) شریک ہوئے اور اپنی قیمتی خطابات سے برادران اسلام کو مستفید فرمایا، البتہ بورڈ کے کارگزار جنرل سکریٹری حضرت مولانا خالد سیف اللہ صاحب رحمانی کسی اہم مصروفیت کی وجہ سے شریک نہیں ہوپائے۔ یہ کانفرنس مرکز تحفظ اسلام ہند کے آفیشیل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر براہ راست نشر کیا جارہا تھا، جسے دیکھنے والوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔تمام حضرات علماء کرام نے یہ واضح پیغام دیا کہ عید قرباں کا مقصد جذبۂ قربانی کو بیدار کرنا اور اپنی عزیز سے عزیز تر چیز کو حکم ربانی کے مطابق رضائے الٰہی کے حصول میں قربان کرنے کا حوصلہ پیدا کرنا ہے۔ اس سے یہ سبق ملتا ہے کہ اپنی مقصد زندگی کے تمام شعبوں میں اپنی خواہشات پر رب کائنات کی مرضیات کو ترجیح دینا ہی قربانی ہے۔ یہ دراصل انسان کی عملی زندگی کا ایک امتحان ہے، جس سے اسکے اندر نکھار اور حسن پیدا ہوتا ہے۔ قربانی اللہ تعالیٰ کے تقرب اور حصول تقویٰ کا ایک ذریعہ ہے۔ اسی کے ساتھ تمام حضرات اکابر علماء کرام نے مرکز تحفظ اسلام ہند کی خدمات کو سراہتے ہوئے خوب دعاؤں سے نوازا۔ قابل ذکر ہیکہ مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام 12؍ جولائی 2021ء سے جاری ”عظیم الشان آن لائن ہفت روزہ کانفرنس بسلسلہ عشرۂ ذی الحجہ و قربانی“ کا اختتام 19؍ جولائی 2021ء کو مرشد الامت حضرت مولانا سید محمد رابع حسنی صاحب ندوی کے صدارتی خطاب و دعا سے ہوا۔ اس موقع پر مرکز کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے کانفرنس سے خطاب کرنے والے تمام اکابر علماء کرام اور سننے والے تمام ناظرین اور اراکین مرکز تحفظ اسلام ہند کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج ملت اسلامیہ کو عید قرباں کا پیغام اور مقصد سمجھتے ہوئے اپنا بھولا ہوا سبق یاد کرنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔

No comments:

Post a Comment