Thursday, July 29, 2021

جمعیۃ علماء کرناٹک کے اراکین کی مشاورتی اجلاس میں اہم فیصلے!



 جمعیۃ علماء کرناٹک کے اراکین کی مشاورتی اجلاس میں اہم فیصلے!

سیلاب زدگان کی راحت رسانی، جمعیۃ کی ممبر سازی مہم، شعبہ نشر و اشاعت و دیگر کئی اہم امور پر تبادلہ خیال!


 بنگلور، 29؍ جولائی (پریس ریلیز): شریعت اسلامیہ میں خدمت خلق کو بڑی اہمیت دی گئی ہے، روئے زمین پر بسنے والے ہر جاندار سے ہمدردی کرنا، گاہے بگائے انکا خیال رکھنا اور حتیٰ الامکان انکی مدد کرنا مسلمانوں کا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ اور دور حاضر میں مسلمانانِ ہند کی سب سے بڑی اور قدیم مذہبی تنظیم جمعیۃ علماء ہند کے ذمہ داران اور کارکنان حقیقی معنوں میں ان اوصاف کا نمونہ ہیں۔ ملک میں جہاں کہیں بھی کوئی پریشانی یا آفت پیش آتی ہے تو وہاں جمعیۃ علماء ہند کے خدام سب سے پہلے نظر آتے ہیں۔بالخصوص مظلوموں اور بے کسوں کی مدد اور سیلاب و آفات میں اجڑے لوگوں کی بازآبادکاری، بے قصور قیدیوں کی رہائی سمیت دیگر ہر محاذ پر جمعیۃ علماء ہند نے خدمت خلق کی ایسی عظیم تاریخ رقم کی ہے جو آب زر سے لکھنے کے قابل ہے۔ ابھی مہاراشٹر کے ساحلی علاقے بالخصوص کوکن، رائیگڑھ، رتناگیری، وغیرہ بھیانک سیلاب کی وجہ سے شدید متاثر ہیں، بارش کی کثرت اور اس کے بعد سیلاب کی تباہی کے جو مناظر اور انسانی زندگی کے جو کربناک حالات ہیں وہ دردمند دل رکھنے والے انسان کے رونگٹے کھڑے کردینے والے ہیں۔ ان علاقوں میں جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر امیر الہند حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب مدظلہ کی ہدایت پر جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی جانب سے ریلیف کا کام شروع کیا جاچکا ہے۔ اسی کے پیش نظر کل اراکین جمعیۃ علماء کرناٹک اور اراکین جمعیۃ علماء بنگلور کا مشترکہ ایک اہم مشاورتی اجلاس جمعیۃ علماء کرناٹک کے صدر مولانا عبد الرحیم رشیدی کی زیر صدارت اور جنرل سکریٹری محب اللہ خان امین کی زیر نگرانی مسجد حسنیٰ، شانتی نگر، بنگلور میں منعقد ہوا۔ اور باتفاق رائے یہ طے پایا کہ جمعیۃ علماء کرناٹک اور اسکے تمام اضلاع مہاراشٹر کے اس قیامت خیز سیلاب کے متاثرین کے ساتھ برابر کھڑی ہے اور حتیٰ المقدور سیلاب متاثرین کی راحت رسانی کیلئے بلاتفریق مذہب وملت ریلیف کا کام کرے گی۔ اس اہم مشاورتی اجلاس میں دیگر امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اراکین جمعیۃ علماء کرناٹک نے یہ فیصلہ لیا کہ جمعیۃ علماء ہند کا دو سالہ ٹرم مکمل ہوگیا ہے، اب نئے ٹرم کے لئے مبر سازی مہم شروع ہوچکی ہے، اس مہم میں ہمیں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی ضرورت ہے۔ اس مہم میں سارے مسلمان مرد اور عورت بھر پور حصہ لیں، خود بھی ممبر بنیں، دوست و احباب اور متعلقین کو بھی ممبر بنائیں۔ جمعیۃ علماء ہند کے دستور اساسی کے مطابق ہر بالغ مسلمان (مرد و عورت) جمعیۃ علماء ہند کا ممبر بننے کا مجاز ہے، اس کے لئے بیداری مہم چلائی جائے۔ اس کے علاوہ اس مشاورتی اجلاس میں سوشل میڈیا کی بڑھتی اہمیت و افادیت کے پیش نظر اراکین جمعیۃ علماء کرناٹک نے شعبہ نشر و اشاعت کے تحت جمعیۃ علماء کرناٹک کا سوشل میڈیا پیلٹ فارم قائم کرنے کا فیصلہ کیا اور جمعیۃ علماء کرناٹک کے رکن عاملہ حافظ یل محمد فاروق اور جمعیۃ علماء ساؤتھ بنگلور کے رکن عاملہ محمد فرقان کو اسکی ذمہ داری سونپی۔ اسکے علاوہ اجلاس میں یہ بات قابل ذکر رہی کہ جمعیۃ علماء ہند کی سو سالہ سنہری تاریخ ہے جس نے اپنے قیام کے روز اول سے ملک و ملت کے لئے قربانیاں دی ہیں، اور دور حاضر میں اس کی خدمات اور قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔لہٰذا ائمہ مساجد اور علماء کرام سے خطبات جمعہ اور اصلاحی پروگراموں میں ملک و ملت کے لئے جمعیۃ علماء ہند کی خدمات اور اس کے اکابر علماء کرام کی قربانیوں کو عوام میں بیان کرنے کی طرف متوجہ کرنے کیلئے آنے والے دنوں میں علماء اور ائمہ مساجد کی مختلف نشستیں جمعیۃ علماء کرناٹک منعقد کرگی۔ اس کے علاوہ متعدد اراکین نے بھی اپنی قیمتی آراء پیش کیں اور مفید مشورے دیئے۔ قابل ذکر ہیکہ اس اہم مشاورتی اجلاس میں جمعیۃ کرناٹک کے صدر مولانا عبد الرحیم رشیدی، نائب صدر مولانا شمیم سالک مظاہری، جنرل سکریٹری محب اللہ خان امین، رکن عاملہ حافظ یل محمد فاروق، جمعیۃ علماء بنگلور کے صدر مولانا محمد صلاح الدین قاسمی، نائب صدر حافظ محمد آصف، رکن عاملہ مولانا آدم علی قاسمی، جمعیۃ علماء ساؤتھ بنگلور حلقہ عیدگاہ بلال کے صدر مولانا محمد اقبال، جنرل سکریٹری محمد فاضل، جمعیۃ علماء ویسٹ بنگلور کے صدر مولانا عتیق الرحمن، جنرل سکریٹری سید امین، جمعیۃ علماء نارتھ بنگلور کے رکن عاملہ اعجاز سادات، سید غوث پرویز، محمد سلیم، جمعیۃ علماء ساؤتھ بنگلور حلقہ بنشنکری کے رکن عاملہ محمد فرقان، محمد عمران وغیرہ خصوصی طور پر شریک تھے۔ اجلاس کا آغاز قاری محمد اقبال کی تلاوت سے ہوا، جس کے بعد جمعیۃ علماء کرناٹک کے جنرل سکریٹری محب اللہ خان امین نے میٹنگ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ مغرب بعد سے جاری یہ اہم مشاورتی اجلاس دیر رات جمعیۃ علماء کرناٹک کے صدر مولانا عبد الرحیم رشیدی کی دعا سے اختتام پذیر ہوا۔

No comments:

Post a Comment