حضرت محمد رسول اللہﷺ تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجے گئے: محمد فرقان
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے ”نبی رحمتؐ ٹیوٹر مہم“ میں حصہ لینے کی مرکز تحفظ اسلام ہند نے کی اپیل!
بنگلور، 16؍ اکتوبر (پریس ریلیز) : طلوع اسلام سے قبل اہل عالم کی حالت ناگفتہ تھی۔ ہر طرف درندگی اور حیوانیت کا راج تھا، قتل وغارت گری کی وبا ہر سُو عام تھی، ظلم وستم اور ناانصافی اپنے شباب پر تھی، انسانیت اور شرافت کا نام و نشان ختم ہوچکا تھا۔ دینی، اخلاقی، سیاسی اور معاشرتی ہر اعتبار سے خرابیاں آسمان چھو رہیں تھیں اور پوری انسانیت سسک رہی تھی اور تباہی وبربادی کے بالکل آخری کنارے پر پہنچ چکی تھی۔ اس وقت اللہ تعالیٰ نے امام الانبیاء، خاتم النبیین، محسن انسانیت حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کو اس دنیا میں ”رحمۃ للعالمین“ بناکر مبعوث فرمایا اور مختصر عرصہ میں آپؐ نے وہ عظیم انقلاب پرپا کیا کہ تاریخ انسانی اس کی مثال پیش کرنے سے قاصر ہے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مرکز تحفظ اسلام ہند کے بانی و ڈائریکٹر محمد فرقان نے کیا۔ انہوں نے فرمایا کہ آپؐ کی رحمت نہ صرف مسلمانوں کیلئے ہے بلکہ اس سمندر رحمت سے مشرک اور کافر بھی سیراب ہورہے ہیں حتیٰ کہ کائنات کی ہر چیز آپؐ کی رحمت سے فیضیاب ہورہی ہے۔ عالم انسانیت، عالم جنات، عالم نباتات، عالم حیوانات، عالم جمادات الغرض ہر عالَم جو ہمارے علم میں ہے اور جو ہمارے علم میں نہیں ہے، آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی رحمت کاملہ سے فیض پارہا ہے اور آپؐ ہی کے صدقے قائم و دائم ہے۔ محمد فرقان نے فرمایا کہ آپؐنے ایک طرف جہاں توحید و رسالت کا درس دیا وہیں دوسری طرف انسانیت کو ایک مقام اور مرتبہ دیا۔ آپؐ نے بندوں کا ٹوٹا ہوا رشتہ خالقِ حقیقی سے جوڑا، جو لوگ ذلت کی پستیوں میں گرچکے تھے ان کو رفعت کی بلندیوں پر پہنچایا، رہزنوں کو رہنمائی سکھلائی، عورتوں کو جانور سے بدتر جاننے والوں کو عورتوں کا محافظ بنایا، قطع رحمی کو صلہ رحمی کے خوگر اور کمزوروں پر ستم ڈھانے والوں کو کمزوروں کا سہارا بنایا، ظلم وغضب کرنے والوں کو حق پرست اور رحم دل بنایا، قاتل کو عادل بنایا، غلام کو سپاہ سالار بنایا، جو لوگ معمولی باتوں پر آپس میں قتل و غارت گری کرتے تھے ان کے دلوں میں محبت و الفت کی روح پھونک کر منظم اور سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنایا۔ منجملہ یہ کہ انسان کو انسانیت کا سبق پڑھایا۔ مرکز کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے فرمایا کہ آپ ؐکو اللہ تعالیٰ نے نسلِ انسانی کے لیے نمونۂ کاملہ اور اسوۂ حسنہ بنایا ہے۔ محسن انسانیتؐ کی معمولات زندگی ہی قیامت تک کے لیے شعار و معیار ہیں۔ اس دنیائے فانی میں ایک پسندیدہ کامل زندگی گذارنے کے لیے اللہ تعالیٰ نے اسلام کو نظامِ حیات اور رسول اللہﷺ کو نمونۂ حیات بنایا ہے۔ لہٰذا ہماری ذمہ داری ہیکہ ہم اس کو مکمل طور پر اپنانے کے ساتھ ساتھ سیرت النبیﷺ کے پیغام کو دنیا کے چپے پچے تک پہنچائیں۔ مرکز تحفظ اسلام ہند کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے فرمایا کہ اسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے سیرت طیبہ اور تعلیمات نبویؐ کو عام کرنے کے غرض سے مسلمانانِ ہند کی متحدہ، متفقہ اور مشترکہ پلیٹ فارم آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی سوشل میڈیا ڈیسک نے 11؍ ربیع الاول بتاریخ 18؍ اکتوبر 2021ء بروز پیر کو شام ساتھ بجے سے ”نبی رحمتؐ ٹیوٹر مہم“ کا اعلان کیا ہے۔ یہ مہم بڑی اہمیت و فضیلت کی حامل ہے۔ اس مہم سے انشاء اللہ ماضی کی طرح اس بار بھی اچھے نتائج مرتب ہونگے۔ محمد فرقان نے تمام برادران اسلام سے اپیل کی کہ وہ اس ٹیوٹر مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ثواب کے حق دار بنیں۔ قابل ذکر ہیکہ ٹیوٹر کے ہیش ٹیگ کا اعلان مہم کے آغاز سے قبل بورڈ کے آفیشیل سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے کیا جائے گا جسکی تشہیر مرکز تحفظ اسلام ہند کے پلیٹ فارم سے بھی کی جائے گی۔
No comments:
Post a Comment