Friday, December 17, 2021

آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن عاملہ منتخب ہونے پر امیر شریعت کرناٹک مولانا صغیر احمد رشادی کو مرکز تحفظ اسلام ہند نے پیش کی تہنیت!

 آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن عاملہ منتخب ہونے پر امیر شریعت کرناٹک مولانا صغیر احمد رشادی کو مرکز تحفظ اسلام ہند نے پیش کی تہنیت!












 بنگلور، 17؍ ڈسمبر (پریس ریلیز): پچھلے دنوں شہر کانپور میں ملت اسلامیہ ہندیہ کا متحدہ، متفقہ اور مشترکہ پلیٹ فارم آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا ستائیسواں اجلاس منعقد ہوا، جس میں متفقہ طورپر ملک کے ممتاز عالم دین، جنوبی ہند کی قدیم دینی درسگاہ دارالعلوم سبیل الرشاد بنگلور کے مہتمم و شیخ الحدیث اور ریاست کرناٹک کے امیر شریعت حضرت مولانا صغیر احمد صاحب رشادی مدظلہ کو بورڈ کی مجلس عاملہ کا رکن منتخب کیا گیا۔ 20 اور 21؍ نومبر 2021ء کو کانپور میں منعقد بورڈ کا یہ ستائیسواں اجلاس صدر بورڈ حضرت مولاناسید محمد رابع حسنی صاحب ندوی مدظلہ کی زیر صدارت منعقد ہوا تھا۔ جس میں ملک کے مختلف اہم شخصیات کا انتخاب عمل میں آیا۔ اسی اجلاس میں جنوبی ہند بالخصوص ریاست کرناٹک کی نمائندگی کے طور حضرت امیر شریعت کرناٹک کوبطور رکن عاملہ منتخب کیا گیا۔ بورڈ میں حضرت امیر شریعت کے انتخاب سے عموماً پورے ملک بالخصوص جنوبی ہند اور ریاست کرناٹک میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اس پرمسرت موقع پر مرکز تحفظ اسلام ہند کے اراکین نے ایک وفد کے ساتھ بورڈ کے نو منتخب رکن عاملہ حضرت امیر شریعت کرناٹک مولانا صغیر احمد رشادی صاحب سے خصوصی ملاقات کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی اور اس حسن انتخاب پر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔ وفد میں مرکز تحفظ اسلام ہند کے بانی و ڈائریکٹر محمد فرقان، آرگنائزر حافظ محمد حیات خان، اراکین شوریٰ مولانا محمد طاہر قاسمی، قاری عبد الرحمن الخبیر قاسمی، مولانا سید ایوب مظہر قاسمی، اراکین شبیر احمد، عمیر الدین، سید توصیف وغیرہ خصوصی طور پر شامل تھے۔ اس موقع پر مرکز تحفظ اسلام ہند کے بانی و ڈائریکٹر محمد فرقان نے فرمایا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے روز اول سے مسلم عائلی قوانین (مسلم پرسنل لا) کی حفاظت، شریعت اسلامی کے تحفظ، معاشرے کی اصلاح اور وحدت کلمہ کی بنیاد پر تمام مسالک اور مکاتب فکر کو متحد کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ ان مقاصد کے حصول کیلئے بورڈ نے ہمیشہ ملک کی ممتاز شخصیات کا انتخاب کیا ہے۔ اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے اس بار امیر شریعت کرناٹک مولانا صغیر احمد رشادی صاحب کا انتخاب بورڈ کے رکن عاملہ کے طور پر ہوا ہے۔ محمد فرقان نے فرمایا کہ اس حسن انتخاب سے جنوبی ہند بالخصوص ریاست کرناٹک میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ مزید مستحکم اور سرگرم عمل بنے گی کیونکہ نو منتخب رکن عاملہ امیر شریعت کرناٹک مولانا صغیر احمد رشادی صاحب اعلیٰ اخلاق و کردار کے مالک، علمی و فقہی وسعت و بصیرت، فقہ و قضاء، علم و عمل، تدین و تقویٰ کے باب میں امتیازی مقام کے حامل ہیں اور اپنی گوناگوں خوبیوں، صلاحیتوں، خدمات نیز اپنی دور اندیشی و دور بینی اور اتحاد امت کی کوششوں کی بنا پر ملت کے تمام حلقوں میں یکساں محبوب اور مقبول ہیں۔ لہٰذا ایسی شخصیت کا انتخاب ملت اسلامیہ ہندیہ کے لئے نہایت موزوں اور مفید تر ہے۔ قابل ذکر ہیکہ اس ملاقات میں حضرت امیر شریعت کرناٹک نے ریاست بھر میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈکومضبوط و مستحکم اور سرگرم عمل بنانے کی یقین دلائی۔

1 comment: