حضرات صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین امت کے عظیم محسن، رہنما طبقہ اور رول ماڈل ہیں!
مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام ہفت روزہ ”عظمت صحابہؓ کانفرنس“، برداران اسلام سے شرکت کی اپیل!
بنگلور، 30؍ جولائی (پریس ریلیز): حضرات صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین حضرات انبیائے کرام علیہ السلام کے بعد پورے روئے زمین کے سب سے مقدس اور پاکیزہ جماعت ہے۔ اور اس امت محمدیہ کے بھی سب سے برگزیدہ لوگ ہیں، کیوں کہ امام الانبیاء خاتم النبیین جناب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت اور ہم نشینی کا انھیں شرف حاصل ہے، بارگاہِ نبوت سے خوشہ چینی کا انھیں خوش نصیب موقع ملا ہے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مرکز تحفظ اسلام ہند کے بانی و ڈائریکٹر محمد فرقان نے کیا۔ انہوں نے فرمایا کہ حضرات صحابہ کرامؓ حضور اکرم ؐ کی وہ مقدس جماعت ہے، جنہیں اللہ پاک نے اپنے رسول ؐ کی صحبت، نصرت اور اِعانت کے لئے منتخب فرمایا، جنہوں نے حضرت رسول اللہ ؐ اور آپؐ کے لائے ہوئے دین پر نہ صرف ایمان لایا، بلکہ قرآن کو نازل ہوتے ہوئے دیکھا، رسول اللہ ؐ کی زندگی کے تمام پہلوؤں کا عملی طور سے مشاہدہ کیا، آپؐ سے دین کو سیکھا اور وہ اس کے سب سے پہلے پھیلانے والے خوش نصیب افراد ہیں۔ محمد فرقان نے فرمایا کہ صحابہ کرامؓ کی فضیلت و مدح میں قرآن پاک میں جابجا آیات مبارکہ وارد ہیں جن میں ان کے حسن عمل، حسن اخلاق اور حسن ایمان کا تذکرہ ہے اور انہیں دنیا ہی میں مغفرت اور انعامات اخروی کا مژدہ سنا دیا گیا ہے۔ لہٰذا صحابہ کرامؓ سے محبت کرنا اور انکا احترام کرنا، صحابہؓ کے باہمی ظاہری اختلافات میں خاموشی اختیار کرنا اور ہر قسم کی منفی رائی دہی سے اجتناب کرنا، اور یہ عقیدہ رکھنا کہ تمام صحابہ مجتہد ہیں اور اللہ کے یہاں انتہائی معزز اور اجر و ثواب والے ہیں اور ان کی سیرت و کردار کو زبانی و عملی طور پر اپنانا ہر مسلمان پر واجب وضروری ہے۔ محمد فرقان نے فرمایا کہ حضرات صحابہ کرامؓ نوعِ انسانی کے لئے باعث شرف وافتخار ہیں، یہ امت کے محسن،رہنما وقائد اور رول ماڈل ہیں۔ ایسے برگزیدہ لوگوں کی عظمت کو سمجھنے، ان کی فضیلت کو دل و جان سے تسلیم کرنے اور انکے نقش قدم پر چلنے سے ہمیں دونوں جہاں میں کامیاب مل سکتی ہے۔ لہٰذا اسی کے پیش نظر مرکز تحفظ اسلام ہند بتاریخ یکم؍ اگست 2022ء بروز پیر سے ہفت روزہ آن لائن ”عظمت صحابہؓ کانفرنس“ منعقد کرنے جارہی ہے۔ جو روزانہ رات 9:30 بجے مرکز کے آفیشیل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ جس سے ملک کے مختلف اکابر علماء کرام بالخصوص سرپرستاں مرکز تحفظ اسلام ہند خطاب فرمائیں گے۔ محمد فرقان نے تمام برادران اسلام سے اپیل کی کہ وہ اس اہم اور عظیم الشان ”عظمت صحابہؓ کانفرنس“ میں شرکت فرماکر اکابرین کے خطابات سے مستفید ہوں اور اسکے پیغام کو زیادہ سے زیادہ عام کرنے کی کوشش کریں!
#Press_Release #News #Letter_Head #AzmateSahaba #Sahaba #MTIH #TIMS
No comments:
Post a Comment