بیت المقدس کی حفاظت اور غزہ وفلسطینی مسلمان کے ساتھ کھڑا ہونا وقت کی اہم ترین ضرورت!
مرکز تحفظ اسلام ہند کی جانب سے” تحریک تحفظ القدس “ کا آغاز، یکم نومبر کو ریاست کرناٹک کے مؤقر علماء کا نمائندہ پروگرام!
بنگلور، 31؍ اکتوبر (پریس ریلیز): اس وقت عالم اسلام بڑی بے چینی کا شکار ہے، فلسطین، غزہ اور بیت المقدس میں جو حالات درپیش ہیں اس سے دیکھ اور سن کر دل دہک جاتا ہے۔ مسجد اقصٰی جو ہمارا قبلہ اول ہے اور اہل فلسطین و غزہ جو تنے تنہا قبلہ اول کی حفاظت کررہے ہیں، آج وہ خاک اور خون میں لت پت ہے، غزہ کے نہتے فلسطینیوں اور معصوم شہریوں پر اسرائیل کے حملے جاری ہیں، اور نہ صرف رہائشی عمارتوں بلکہ اسپتالوں پر بھی بم برسارئی جارہی ہے، اب تک ہزاروں افراد جام شہادت نوش فرما چکے ہیں۔ غزہ پٹی پر اسرائیلی فوج کی پھیلی ہوئی اس بدترین جارحیت پر کوئی بھی غیرت مند مسلمان خاموش نہیں رہ سکتا۔ تاریخی حیثیت سے مسجد اقصٰی ہی وہ ایک مسئلہ ہے جس سے ہمارے شرعی ثوابت، تاریخی حقوق اور ہمارے تہذیب و تمدن کے بڑے کارنامے متعلق ہیں۔ عالم کفر کی طرف سے مسلسل کوششیں کی جارہی ہیں کہ فلسطین اور القدس کے مسئلے کو ہمیشہ کے لیے دفن کردیا جائے، اس کی اسلامی حیثیت کو ختم کر کے اس کو محض ایک محدود قومی مسئلہ بنادیا جائے، اس مذموم مقصد کے حصول کے لیے انہوں نے دوغلی پالیسی اور دھوکے اور فریب کے سارے ہتھکنڈے استعمال کیے یہاں تک کے نام نہاد مسلم ممالک بھی انکی جال میں پھنس گئے۔ آج یہودیوں نے مسجد اقصٰی پر قبضہ کیا ہوا ہے اور ہزاروں فلسطینی مسلمان جو اپنی آنکھوں میں بیت المقدس کی آزادی کا خواب سجائے ہوئے ہیں، وہ تنے تنہا اسرائیلی اور یہودی دہشت گردوں سے لڑ رہے ہیں اور جام شہادت پی کر بیت المقدس کی حفاظت کرتے ہوئے امت مسلمہ کی طرف سے فرض کفایہ ادا کررہے ہیں۔ایسے حالات میں جب اہل فلسطین پوری امت مسلمہ کی جانب سے بیت المقدس کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں تو امت مسلمہ کی ذمہ داری ہیکہ وہ ان کے ساتھ برابر کھڑی رہے اور مسلمانوں کو بیت المقدس کی فضیلت سے واقف کرواتے ہوئے ان نازک ترین حالات میں انکی ذمہ داری کا احساس دلایا جائے۔ لہٰذا اسی مقصد کے حصول کیلئے اور اہل فلسطین و غزہ سے اظہار یکجہتی، اسرائیلی جارحیت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے، امت مسلمہ کی بقاء، القدس اور مسجد اقصٰی کے دفاع کیلئے مرکز تحفظ اسلام ہند یکم نومبر 2023ء بروز بدھ سے ”دس روزہ تحریک تحفظ القدس“ کا آغاز کرنے جارہی ہے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مرکز تحفظ اسلام ہند کے بانی و ڈائریکٹر محمد فرقان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے فرمایا کہ اس تحریک کے تحت ملک کے مختلف صوبوں کا نمائندہ اجلاس بعنوان عظیم الشان آن لائن ”تحفظ القدس کانفرنس“ منعقد کیا جائے گا۔ جس میں متعلقہ ریاستوں کے اکابر علماء کرام اور ملی قائدین شرکت فرمائیں گے۔ اسی تحریک و کانفرنس کی اہم ایک کڑی اور افتتاحی اجلاس کے طور پر بتاریخ یکم نومبر بروز چہارشنبہ کو ٹھیک رات 8:30 بجے سے امیر شریعت کرناٹک مولانا صغیر احمد رشادی صاحب کی صدارت میں ریاست کرناٹک کے مؤقر علماء کرام اور ملی و سماجی تنظیموں کے ذمہ داران کا احتجاجی و نمائندہ پروگرام منعقد کیا جا رہا ہے۔ اس کانفرنس میں مفتی افتخار احمد قاسمی صاحب (صدر جمعیۃ علماء کرناٹک)، مولانا محمد مقصود عمران رشادی صاحب (امام و خطیب جامع مسجد سٹی بنگلور)، مفتی محمد شعیب اللہ خان مفتاحی صاحب (مہتمم جامعہ اسلامیہ مسیح العلوم بنگلور)، مولانا محمد زین العابدین رشادی مظاہریصاحب (مہتمم دارالعلوم شاہ ولی اللہ بنگلور)، ڈاکٹر سعد بلگامی صاحب (امیر جماعت اسلامی کرناٹک)، مولانا تنویر ہاشمی صاحب (صدر جماعت اہل سنت کرناٹک)، مولانا عبد الرحیم رشیدی صاحب (صدر جمعیۃ علماء کرناٹک)، شیخ اعجاز احمد ندوی صاحب (امام و خطیب مرکزی مسجد اہلحدیث، بنگلور)، مولانا سید مصطفیٰ رفاعی جیلانی صاحب (رکن تاسیسی آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ و سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل)، مفتی عبد العزیز قاسمی صاحب (نائب امیر شریعت کرناٹک)، مولانا ذوالفقار نوری صاحب (امام و خطیب جامعہ حضرت بلال، بنگلور) اور مولانا محمد الیاس بھٹکلی صاحب (رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) بطور خاص شریک رہیں گے اور اپنے گرانقدر خیالات کا اظہار فرمائیں گے۔ یہ کانفرنس مرکز تحفظ اسلام ہند کے آفیشیل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر براہ راست لائیو نشر کیا جائے گا۔ نیز اسکے اگلے دن سے روزانہ رات 9:15 بجے دس روزہ آن لائن ”تحفظ القدس کانفرنس“ منعقد ہوگی، جس میں ملک کے مختلف علماء کرام کے خطابات ہونگے۔اسکے علاوہ اس تحریک کے درمیان مختلف دعائیہ مجلسیں بھی منعقد ہونگی، ساتھ میں القدس کے عنوان پر”محفل مشاعرہ بر تحفظ القدس“بھی منعقد کی جائے گی، نیزائمہ و خطباء حضرات کیلئے خطبہ جمعہ بھی مرتب کیا جائے گا، اور اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کیلئے ایک فہرست بھی جاری کی جائے گی جسے پورے ملک میں عام کیا جائے گا۔ مرکز تحفظ اسلام ہند کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے فرمایا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے، فلسطین و غزہ سے اظہار یکجہتی، امت مسلمہ کی بقاء، القدس اور مسجد اقصٰی کے دفاع کیلئے مرکز تحفظ اسلام ہند کے اس دس روزہ تحریک تحفظ القدس اور عظیم الشان آن لائن”تحفظ القدس کانفرنس“میں شریک ہوکر اسے کامیاب بنائیں اور اکابر علماء و قائدین ملت کے خطاب سے مستفیدہوں۔ قابل ذکر ہیکہ پریس کانفر نس میں مرکز تحفظ اسلام ہند کے آرگنائزر حافظ محمد حیات خان، اراکین شوریٰ مفتی سید حسن ذیشان قادری و قاسمی، مولانا محمدنظام الدین مظاہری وغیرہ خصوصی طور پر شریک تھے۔
#PressRelease #Alquds #Alqudsseries #MasjidAqsa #MasjidAlAqsa #BaitulMaqdis #AlqudsConference #MTIH #TIMS