مرکز تحفظ اسلام ہند کے ”عظمتِ صحابہؓ کانفرنس“ کی شاندار کامیابی کے پیش نظر پانچ دن کی توسیع کا اعلان
اکابر علماء کی ہدایت، شرکاء کے اصرار اور دینی تقاضوں کی تکمیل کے لیے اہم فیصلہ!
بنگلور، 13؍ جولائی (پریس ریلیز): مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام منعقدہ آن لائن ”عظمتِ صحابہؓ کانفرنس“ کی شاندار عوامی و علمی پذیرائی، بھرپور دینی اثر انگیزی، ممتاز علماء کرام کے پے در پے فکر انگیز خطابات، اور ملت کے مختلف طبقات سے مسلسل موصول ہونے والے مثبت ردعمل کو مدنظر رکھتے ہوئے، نیز اکابر علماء کرام کی خصوصی ہدایت اور مشورے کی تعمیل میں اس کانفرنس کے پروگرام میں مزید پانچ دنوں کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مرکز تحفظ اسلام ہند کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے آج منعقد ایک پریس کانفرنس کے ذریعہ اعلان کیا کہ یہ کانفرنس جس جذبے، قبولیت، اور بیداری کے ماحول کے ساتھ جاری ہے، وہ کسی بھی علمی تحریک کے لیے باعثِ فخر ہے۔ صحابہ کرامؓ کے فضائل، مناقب، سیرت، خدمات اور دفاع کے موضوع پر ہونے والی اس ہمہ گیر مہم نے امت کے اندر ایمان کی تجدید، عقیدے کی اصلاح، اور دشمنانِ صحابہؓ کے خلاف علمی صف بندی کی نئی فضا قائم کی ہے۔ عوامی مطالبات، علماء کی رائے، اور دعوتِ دین کے وسیع تر مفاد میں ہم نے اس کانفرنس کو مزید پانچ دنوں تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس مشن کی وسعت کو نئی جہت دی جا سکے۔
واضح رہے کہ پہلے مرحلے میں یہ پروگرام 9؍ جولائی تا 13؍ جولائی تک پانچ دن کے لیے متعین کیا گیا تھا، جس میں ملک بھر کے چوٹی کے جید علمائے کرام، مفتیانِ عظام، خطباء و مبلغین نے شرکت کی، اور صحابہ کرامؓ کی عظمت، ان کی عدل و دیانت، دین کے لیے ان کی قربانیوں اور دشمنانِ صحابہ کی شرانگیزیوں کے خلاف مدلل، متوازن اور ایمان افروز بیانات پیش کیے۔ اس پانچ روزہ سلسلے کو پورے ملک میں زبردست مقبولیت حاصل ہوئی۔ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ہزاروں افراد نے براہِ راست مجالس میں شرکت کی، اور نوجوانوں کی بڑی تعداد اس بیداری مہم سے جڑی۔
علمائے کرام کی جانب سے مشورہ دیا گیا کہ جب تک گستاخ صحابہ کا فتنہ زندہ ہے، تب تک دفاعِ صحابہ کا فریضہ بھی زندہ اور جاری رہنا چاہیے۔ اس لیے صرف وقتی ردعمل پر اکتفا کرنے کے بجائے ایک تسلسل کے ساتھ، منظم علمی جواب اور عوامی شعور کی بیداری کو جاری رکھا جائے۔ اسی روح کو سامنے رکھتے ہوئے یہ اہم فیصلہ کیا گیا کہ 14؍ جولائی تا 18؍ جولائی 2025 تک مزید پانچ دن اس کانفرنس کو جاری رکھا جائے گا۔ نئی توسیع کے تحت بھی ممتاز مقررین و علمائے کرام کے خطابات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ موضوعات کو وسعت دیتے ہوئے نہ صرف صحابہؓ کے دفاع کو تقویت دی جائے گی بلکہ ان کی سیرت کو نئی نسل تک پہنچانے کی مؤثر کوشش کی جائے گی۔ ان مجالس کو حسب سابق مرکز کے آفیشیل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر ہر رات 10 بجے براہِ راست نشر کیا جائے گا۔
مرکز تحفظ اسلام ہند تمام مسلمانوں، بالخصوص نوجوان نسل سے اپیل کرتا ہے کہ وہ ان مجالس میں بھرپور شرکت کریں، اپنے ایمان کو تازہ کریں، صحابہ کرامؓ کی سیرت سے روشنی حاصل کریں، اور دشمنانِ دین کے خلاف ایک مضبوط فکری و ایمانی قلعہ بن کر ابھریں۔ یہ توسیع صرف ایک پروگرام کا بڑھایا جانا نہیں بلکہ ایک جدوجہد، ایک تحریک، اور ایک فکری جہاد ہے جسے آپ کی شرکت اور تائید سے تقویت ملے گی۔ آئیے! اس کارواں کا حصہ بنیے، دفاعِ صحابہؓ کے علم کو تھام لیجیے، اور پوری امت کو یہ پیغام دیجیے کہ ناموسِ صحابہؓ کی حفاظت آج بھی ہمارے دلوں کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔ قابل ذکر ہے کہ مرکز تحفظ اسلام ہند کی جانب سے منعقد اس اہم پریس کانفرنس میں مرکز کے ڈائریکٹر محمد فرقان، آرگنائزر حافظ محمد حیات خان، رکن تاسیسی قاری عبد الرحمن الخبیر قاسمی بطور خاص موجود رہے۔
#AzmateSahaba #DifaSahaba #Sahaba #TIMS #MTIH #PressRelease
No comments:
Post a Comment