دفاعِ صحابہؓ کی تحریک میں شعر و ادب کا کردار: ایک زندہ و مؤثر ترجمان
مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام عظیم الشان ”کل ہند منقبتی و نعتیہ مشاعرہ“، برادران اسلام سے شرکت کی اپیل!
بنگلور، 20؍ جولائی (پریس ریلیز): صحابہ کرامؓ کی عظمت، امت مسلمہ کے ایمان کا حصہ ہے اور ان کی ناموس کا تحفظ، ہماری دینی، ایمانی اور تاریخی ذمہ داری ہے۔ حالیہ دنوں میں مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی عظیم الشان دس روزہ آن لائن ”عظمت صحابہؓ کانفرنس“ اور ریاست کرناٹک میں تاریخی ”یوم صحابہؓ“ کے انعقاد نے ملت اسلامیہ میں صحابہؓ سے محبت، عقیدت اور وفاداری کے جذبے کو پھر سے تازہ کیا ہے۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی کے طور پر مرکز تحفظ اسلام ہند اب ایک عظیم الشان آن لائن ”کل ہند منقبتی و نعتیہ مشاعرہ“ منعقد کرنے جا رہا ہے، جس کا مقصد صحابہ کرامؓ کی عظمت کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور عشقِ رسول ﷺ کے جذبے کو شاعری کے قالب میں امت تک پہنچانا ہے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مرکز تحفظ اسلام ہند کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مشاعرہ نہ صرف ایک ادبی و روحانی نشست ہے بلکہ صحابہ کرامؓ کی شان میں کی جانے والی گستاخیوں کے منہ توڑ جواب کا ایک لطیف، مؤثر اور بیدار کن انداز بھی ہے۔ اس میں شعرائے اسلام اپنے ایمانی جذبات کو قلم و زبان کے ذریعے یوں پیش کریں گے کہ محبت صحابہؓ کے چراغ روشن ہوں اور گستاخ ذہنیت کے اندھیرے چھٹ جائیں۔ عظمت صحابہؓ کے موضوع پر یہ مشاعرہ دراصل زبانِ شعر میں دشمنانِ صحابہ کے خلاف امت کا متفقہ موقف اور غیرت ایمانی کا اظہار ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ مشاعرہ محض ایک ادبی نشست نہیں بلکہ ایک فکری و دینی پیغام کا حامل پروگرام ہے، جس کے ذریعہ ہم اس حقیقت کو اجاگر کرنا چاہتے ہیں کہ شعر و ادب اگر اسلامی روح اور شریعت کی حدود کے اندر رہ کر ہو، تو وہ دین کا مؤثر ترجمان بن سکتا ہے۔ بدقسمتی سے آج کل کے مروجہ مشاعرے اکثر شریعت سے ہٹے ہوئے طرز، بے حیائی، لغویات اور شعری آداب سے عاری ماحول کی عکاسی کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں دین، ادب اور معاشرت تینوں کا نقصان ہو رہا ہے۔ اس کے برعکس مرکز تحفظ اسلام ہند ایسے مشاعروں کی اصلاح کا بیڑہ اٹھائے ہوئے ہے، اور اسی مقصد کے تحت منقبت و نعت سے مزین ایسے مشاعرے منعقد کرتا ہے جو دینی مزاج، شعری لطافت اور ایمانی حرارت کا حسین امتزاج ہوں۔ محمد فرقان نے کہا کہ مرکز تحفظ اسلام ہند کا یہ مشاعرہ نہ صرف شعرائے اسلام کے لیے اپنی دینی وابستگی کے اظہار کا موقع فراہم کرے گا، بلکہ عوام کے لیے بھی ایک تربیتی پلیٹ فارم ثابت ہوگا، جہاں وہ شریعت کے دائرے میں رہ کر محبت رسول ﷺ اور عظمت صحابہؓ کے نغمے سن سکیں گے اور اپنے دلوں کو ایمان کی تازگی سے منور کر سکیں گے۔
مرکز کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے بتایا کہ یہ عظیم الشان آن لائن ”کل ہند منقبتی ونعتیہ مشاعرہ“ آج اتوار، 20؍ جولائی 2025 رات 8:30 بجے سے منعقد ہوگا، جس کی صدارت مرکز تحفظ اسلام ہند کے سرپرست حضرت مولانا مفتی افتخار احمد قاسمی صاحب (صدر جمعیۃ علماء کرناٹک) فرما ئینگے۔ جبکہ یہ عظیم الشان مشاعرہ کے کنوینر مرکز کے رکن تاسیسی قاری عبد الرحمن الخبیر قاسمی اور معاون کنوینر حافظ محمد حیات خان ہیں، جو مرکز کے شعبہ قرأت و نعت کمیٹی کے بھی ذمہ دار ہیں۔ اس مشاعرے میں ملک کے ممتاز شعراء کرام بالخصوص مولانا محمدمصعب قاسمی (چترادرگہ، کرناٹک)، قاری عبد الباطن فیضی (فیض آباد، یو پی)، حافظ اسعد بستوی (بستی، یوپی)، طاہر سعود کرتپوری (بجنور، یوپی)، مفتی طارق جمیل (قنوج، یوپی)، مولانا حسان احسن قاسمی (کشن گنج، بہار)، قاری وجہ الدین جلال (کبیر نگر، یوپی)، قاری محمد انس کالوپوری (احمد آباد، گجرات)، مولانا نصرت الباری مظاہری (پورنیہ، بہار)، قاری بدر عالم (چمپارن، بہار)، مولانا فدا حسین قاسمی (دہلی)، قاری ضیاء الرحمن فاروقی (ڈائریکٹر تحفظ دین میڈیا، اورنگ آباد، مہاراشٹرا) بطور خاص شریک ہونگے اور اپنا کلام پیش کریں گے۔ پروگرام کا آغاز ان شاء اللہ قاری محمد ثاقب معروفی (مظفر نگر، یوپی) کی تلاوت قرآن مجید کے ذریعہ ہوگا۔ یہ پروگرام ر مرکز تحفظ اسلام ہند کے آفیشل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔
مرکز تحفظ اسلام ہند تمام شعرائے اسلام، علمائے کرام، دینی اداروں، مدارس و جامعات، نوجوانان ملت اور اہلِ ذوق حضرات سے دردمندانہ اپیل کرتا ہے کہ وہ اس منظم اور شریعت پسند ادبی تحریک کا حصہ بنیں۔ اپنے اشعار کے ذریعے دین کی سچائیوں، صحابہؓ کی سیرتوں اور رسول اللہ ﷺ کی عظمتوں کو اُجاگر کریں اور معاشرے میں مثبت، دینی اور غیرتمند شاعری کا رجحان قائم کریں۔ مرکز کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے کہا کہ ہم ملت کے تمام طبقات سے بھرپور شرکت اور تائید کی اپیل کرتے ہیں تاکہ دین و ادب کا یہ بابرکت سنگم پوری امت کے لیے رشد و ہدایت اور روحانی بالیدگی کا ذریعہ بنے۔
#Press_Release #News #Mushaira #AzmateSahaba #Sahaba #NamooseSahaba #DifaeSahaba #Naat #MTIH #TIMS
No comments:
Post a Comment