Tuesday, 8 July 2025

مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام ”عظمت صحابہ ؓکانفرنس“ کا انعقاد، برادران اسلام سے شرکت کی اپیل!

 اصحابِ رسول ﷺ کی عظمت پر حملے ناقابل برداشت، دفاع صحابہؓ وقت کی اہم ترین ضرورت!

مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام ”عظمت صحابہ ؓکانفرنس“ کا انعقاد، برادران اسلام سے شرکت کی اپیل!


بنگلور، 08؍ جولائی (پریس ریلیز): امت مسلمہ اس وقت ایک نازک ترین دور سے گزر رہی ہے، جہاں عقائد، شعائرِ اسلام اور مقدسات پر حملے تیز تر ہو رہے ہیں۔ خاص طور پر صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین، جنہیں خود اللہ رب العزت نے قرآن کریم میں ”رضی اللہ عنہم و رضوا عنہ“ کے تاج سے نوازا، آج ان کی ذاتِ گرامی پر زبان درازی اور گستاخی کرنا ایک مخصوص فتنہ پرور طبقے کا معمول بنتا جا رہا ہے۔ اس فتنہ کا دائرہ سوشل میڈیا سے لیکر عوامی اجتماعات اور مخصوص منبروں تک پھیل چکا ہے۔ گستاخانِ صحابہؓ ایک منظم سازش کے تحت امت کے دلوں سے صحابہؓ کی محبت کو کمزور کرنے اور اسلامی تاریخ کے سب سے روشن باب کو داغ دار کرنے کی ناپاک کوششوں میں مصروف ہیں۔ یہ صورتِ حال ہر درد مند مسلمان کے لیے باعثِ تکلیف اور ایک بڑے فکری و ایمانی بحران کا پیش خیمہ ہے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مرکز تحفظ اسلام ہند کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان پرآشوب حالات میں امت کی بیداری، نوجوان نسل کی ذہن سازی، اور دین اسلام کے اولین مبلغین و محافظین یعنی صحابہ کرامؓ کے دفاع و تحفظ کے لیے شعوری اور منظم جدوجہد وقت کی سب سے اہم ضرورت بن چکی ہے۔ ان فتنوں کا سدباب اسی وقت ممکن ہے جب ہم علمی، فکری، روحانی اور سماجی محاذ پر یکجہتی کے ساتھ میدان میں اتریں، اور صحابہ کرامؓ کی عظمت و فضیلت کو نہ صرف اجاگر کریں بلکہ گستاخانِ صحابہ کو علمی، قانونی، دینی اور عوامی سطح پر مؤثر جواب دے کر ان کا ناپاک منہ بند کریں۔ اسی مقصد عظیم کے تحت مرکز تحفظ اسلام ہند کی جانب سے 09؍ جولائی 2025ء بروز بدھ سے ایک عظیم الشان پانچ روزہ آن لائن ”عظمت صحابہؓ کانفرنس“ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ کانفرنس ایک طرف امت کو صحابہ کرامؓ کی زندگیوں، ان کی قربانیوں، ان کے ایمان، عدل، تقویٰ اور دین پر استقامت سے روشناس کرائے گی اور دوسری طرف ان کے خلاف ہر قسم کی گستاخی، الزام تراشی اور تحریف کا مدلل و مسکت جواب پیش کرے گی۔ محمد فرقان نے کہا کہ مرکز تحفظ اسلام ہند ماضی میں بھی اس عنوان پر بڑے پیمانے پر آن لائن کانفرنسیں منعقد کر کے گستاخانِ صحابہ کو آئینہ دکھا چکا ہے، اور الحمدللہ ان علمی و عوامی کوششوں کے نتیجے میں کئی فتنہ پرور آوازیں خاموش ہوئیں اور کئی حلقوں میں بیداری کی لہر دوڑی۔ لہٰذا اپنی روایات کو باقی رکھتے ہوئے مرکز اس بار بھی میدان میں سرگرم عمل ہے، یہ عظمت صحابہ کانفرنس پانچ دن تک جاری رہے گی، جس میں ملک کے چوٹی کے جید علماء کرام، مفتیانِ عظام، خطباء و مبلغین خطاب فرمائیں گے اور صحابہ کرامؓ کے ایمان افروز تذکروں کے ساتھ ساتھ گستاخوں کے فتنے کے مقابلہ میں شریعت و سنت کی روشنی میں لائحہ عمل پیش کریں گے۔ اس کانفرنس کی تمام مجالس مرکز کے آفیشیل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر روزانہ رات دس بجے سے براہ راست نشر کی جائیں گی تاکہ ملک بھر کے مسلمان بالخصوص نوجوان نسل اس سے استفادہ کر سکے۔ مرکز تحفظ اسلام ہند کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے اس عظیم الشان پروگرام میں برادران اسلام سے بھرپور شرکت کی پرزور اپیل کی ہے، اور فرمایا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ ہم صرف دل میں محبت صحابہؓ رکھنے تک محدود نہ رہیں بلکہ ان کی عزت و عظمت کے تحفظ کے لیے کھل کر سامنے آئیں، ان کے خلاف ہر گستاخ زبان کو جواب دیں، اور آنے والی نسلوں کے ایمان کی حفاظت کے لیے متحد ہو کر کھڑے ہوں۔ یہ کانفرنس اسی دعوت کا عملی مظہر ہے۔ لہٰذا، آئیے! اس کارواں کا حصہ بنیے اور دشمنانِ صحابہ کے خلاف ایک مضبوط، باوقار، اور بیدار امت کا پیغام دنیا کو دیجیے۔


#Sahaba #AzmateSahaba #GustakheSahaba #PressRelease #MTIH #TIMS


No comments:

Post a Comment