Monday, 23 June 2025

یوگا کے فکری یلغار کے خلاف جرأت مند قیادت کی صدا..!

{ پیام فرقان - 18 }

🎯 یوگا کے فکری یلغار کے خلاف جرأت مند قیادت کی صدا..!

✍️ بندہ محمّد فرقان عفی عنہڈ

(ائریکٹر مرکز تحفظ اسلام ہند)


جب کبھی ملت اسلامیہ کسی فکری یلغار یا تہذیبی حملے کا سامنا کرتی ہے، تو ایسے نازک وقت میں امت کو ان ہی رہنماؤں کی ضرورت ہوتی ہے جو بروقت صحیح آواز بلند کریں، شعور بخشیں اور ایمان کی حفاظت کا راستہ دکھائیں۔ عالمی یوگا ڈے کی شکل میں جو تہذیبی فتنہ سامنے آیا، وہ محض ایک جسمانی ورزش کا عنوان نہیں بلکہ درحقیقت ایک گہرا مذہبی اور عقیدتی مسئلہ ہے، جس کی جڑیں برہمنی نظام عبادت اور مشرکانہ افکار سے پیوستہ ہیں۔ ایسی صورتحال میں امت کو گمراہی سے بچانے کے لیے اہلِ علم و بصیرت کا بروقت اقدام ہی اصل رہنمائی ہے۔

اس موقع پر ایک طرف مرکز تحفظ اسلام ہند کے سرپرست اور جمعیۃ علماء کرناٹک کے صدر حضرت مولانا مفتی افتخار احمد قاسمی صاحب مدظلہ نے جس جرأت، حکمت اور وضاحت کے ساتھ علمائے کرام، ائمہ مساجد اور خطباء حضرات کو متوجہ کیا کہ وہ جمعہ کے خطبات میں اس مسئلے کو موضوع بنائیں، وہ نہایت قابلِ تحسین اور بروقت اقدام تھا۔ دوسری طرف ریاست کرناٹک کی سب سے بڑی اور مرکزی مسجد، جامع مسجد بنگلور کے خطیب حضرت مولانا مفتی ڈاکٹر محمد مقصود عمران رشادی صاحب مدظلہ نے اپنے خطبہ جمعہ میں اس مسئلے پر صدائے حق بلند کی، جس کا دینی، فکری اور عملی اثر ریاست بھر میں دیکھا گیا۔ ان حضرات کی آواز محض الفاظ نہ تھی، بلکہ ایمان کی چنگاری تھی جس نے سینکڑوں دلوں کو بیدار کیا، اور متعدد والدین نے خود اعتراف کیا کہ ان علماء کی اپیل سننے کے بعد انہوں نے یوگا اور سوریہ نمسکار جیسے مشرکانہ پروگراموں سے خود کو اور اپنے بچوں کو الگ رکھا، اور اپنے ایمان کو محفوظ رکھنے کا فیصلہ کیا۔

مزید برآں، آج جب ہمارے معاشرے میں دینی شعور کمزور ہوتا جا رہا ہے، میڈیا گمراہی پھیلانے کا سب سے مؤثر ہتھیار بن چکا ہے، اور فتنہ پرور عناصر نئی نسل کے ذہنوں کو مذہبی الجھنوں میں مبتلا کرنے کے لیے مختلف انداز سے راہ ہم وار کر رہے ہیں، ایسے میں اگر علمائے کرام کی آواز خاموش ہو جائے، منبر و محراب سے رہنمائی بند ہو جائے، تو عام مسلمان کس دروازے پر دستک دے گا؟ عوام کی اکثریت علماء، ائمہ اور خطباء کے بیان سے اپنی دینی سمجھ اور عقیدہ کی حفاظت کرتی ہے۔ اس لیے یہ وقت صرف ردعمل کا نہیں بلکہ پیشگی بصیرت اور تحفظ ایمان کے لیے منظم رہنمائی کا تقاضا کرتا ہے۔ ایسے وقت میں جب فکری فتنہ نرمی سے دلوں میں اتارا جا رہا ہو، علماء کی جرأت مندانہ رہنمائی ہی سب سے بڑی نعمت ہوتی ہے۔

یہی تو قیادت کی اصل روح ہے۔ قائد وہی ہوتا ہے جو حالات کی نزاکت کو سمجھے، بروقت زبان کھولے، امت کو صرف جذبات سے نہیں بلکہ دلیل، شریعت اور بصیرت سے راہ دکھائے۔ ایسے رہنما ملت کے اصل سرمایہ اور فکری محافظ ہوتے ہیں، جن کی وجہ سے امت کی شناخت، دینی حمیت اور ایمانی غیرت باقی رہتی ہے۔ اگر علماء خاموش ہو جائیں، ائمہ لاتعلق بن جائیں اور خطباء مصلحت کے پردے اوڑھ لیں، تو امت گمراہیوں میں ڈوب جائے گی۔ الحمدللہ، حضرت مفتی افتخار احمد قاسمی اور حضرت مفتی محمد مقصود عمران رشادی جیسے علماء نے جو کردار ادا کیا، وہ رہنماؤں کے لیے ایک مثال اور ملت کے لیے رحمت بن گیا۔ اللہ تعالیٰ ان حضرات کو سلامت رکھے، اور ملت کو ایسے ہی بصیرت مند، بے خوف، اور حق گو قائدین عطاء فرمائے، جو ہر دور کے فتنوں میں امت کی کشتی کو کنارے تک پہنچا سکیں۔ آمین یارب العالمین

فقط و السلام
بندہ محمّد فرقان عفی عنہ
23؍ جون 2023ء بروز پیر
منہاج نگر، بنگلور بعد نماز ظہر

+918495087865
mdfurqan7865@gmail.com

#PayameFurqan #Yoga #YogaDay #پیام_فرقان
#ShortArticle #MTIH #TIMS #Islam #Muslim

Thursday, 19 June 2025

عالمی یوگا ڈے: ایمان کا امتحان یا جسمانی ورزش کا فریب؟

 عالمی یوگا ڈے: ایمان کا امتحان یا جسمانی ورزش کا فریب؟


✍️ بندہ محمّد فرقان عفی عنہ

(ڈائریکٹر مرکز تحفظ اسلام ہند)


اس وقت دنیا میں ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت تہذیبی یلغار کو فروغ دینے کی کوششیں مسلسل جاری ہیں۔ انسان کی شناخت، اس کی تہذیب، اس کی مذہبی وابستگی اور اس کے عقائد کو ملیا میٹ کر کے اسے ایک مخصوص سانچے میں ڈھالنے کا کام کیا جا رہا ہے۔ اسی سلسلے کی ایک کڑی ”عالمی یوگا ڈے“ (International Yoga Day) ہے، جسے ہندوتوا نظریے کی حامل حکومت کی تجویز پر اقوام متحدہ نے منظور کیا، اور ہر سال 21؍ جون کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔ اگرچہ اسے صحت، ورزش اور جسمانی فٹنس (Physical Fitnes) کے نام پر پیش کیا جاتا ہے، مگر درحقیقت اس کی جڑیں خالصتاً ایک مخصوص مذہب اور عقیدے سے جڑی ہوئی ہیں، جس کا مقصد آہستہ آہستہ غیر ہندو قوموں خصوصاً مسلمانوں کو ایک برہمنی نظام فکر و عبادت کی طرف مائل کرنا ہے۔

یوگا صرف ایک جسمانی مشق نہیں بلکہ برہمن ویدک مذہب (Brahmanical Vedic Religion) کا ایک بنیادی جزو ہے۔ قدیم ہندو متون جیسے ”یوگا سوترا“ (Yoga Sutras) اور ”بھگوت گیتا“ (Bhagavad Gita) میں یوگا کو ”موکش“ (Moksha) یعنی نجات کے راستے کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ یوگا کے مختلف آسن دراصل ہندو دیوی دیوتاؤں کے سامنے جھکنے، ان کی پرستش کرنے اور جسم و روح کو برہمن (ہندو عقیدے کے مطابق کائناتی روح) سے ملا دینے کا ذریعہ سمجھے جاتے ہیں۔ سب سے زیادہ متنازع اور اسلام کے اصولوں کے بالکل منافی ”سوریہ نمسکار“ ہے، جو سورج کو دیوتا مان کر اس کے سامنے جھکنے، اس کی حمد و ثنا بیان کرنے اور اس کی پرستش پر مبنی ہوتا ہے۔ اس میں جو منتر پڑھے جاتے ہیں، وہ سراسر شرکیہ ہیں اور انسان کو توحید کے راستے سے ہٹا کر شرک کی گہرائیوں میں لے جاتے ہیں۔


اسلام ایک خالص توحیدی مذہب ہے، جس کی بنیاد ”لا الٰہ الا اللہ“ پر ہے۔ مسلمان صرف اللہ کے سامنے جھکتا ہے، اور صرف اسی کو سجدہ کرتا ہے۔ نہ وہ سورج، چاند، ستارے، درخت یا پتھر کو معبود مانتا ہے اور نہ ہی ان کے سامنے جھکتا ہے۔ قرآن نے واضح طور پر کہا: ”وَلا تَرْکَنُوا إِلَی الَّذِینَ ظَلَمُوا فَتَمَسَّکُمُ النَّارُ“ (سورہ ہود، آیت 133) یعنی ”ظالموں کی طرف جھکاؤ بھی نہ اختیار کرو، ورنہ تمہیں بھی آگ پکڑ لے گی۔“ لہٰذا جو بھی انسان اسلامی عقیدے پر مضبوطی سے قائم ہے، وہ کسی صورت یوگا جیسی مشرکانہ رسموں میں شرکت نہیں کر سکتا۔ حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں آیا ہے کہ: ”مَنْ تَشَبَّہَ بِقَوْمٍ فَہُوَ مِنْہُمْ“ (سنن أبی داود) یعنی ”جو کسی قوم کی مشابہت اختیار کرے گا، قیامت کے دن اسی کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔“ یہ حدیث اس بات پر کھلی دلیل ہے کہ مسلمانوں کے لیے غیر مسلم اقوام کی مذہبی رسومات، تہوار، اور عبادات میں کسی قسم کی شرکت یا مشابہت جائز نہیں ہے۔ یوگا اور سوریہ نمسکار نہ صرف ہندوانہ عبادات کا حصہ ہیں بلکہ انہیں ”روحانی ورزش“ (Spiritual Exercise) کے طور پر پیش کر کے مسلمانوں کو فریب میں مبتلا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاکہ وہ انجانے میں بھی ان مشرکانہ اعمال کا حصہ بن جائیں۔


مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے دین کی بنیادوں کو مضبوط کریں، توحید کے مفہوم کو اچھی طرح سمجھیں، اور اپنے بچوں کو بھی اس فکری حملے سے بچائیں۔ افسوس کہ آج کچھ اسکول، کالج اور سرکاری ادارے اپنے طلبہ کو یوگا کے لیے مجبور کرتے ہیں، اور بعض مسلمان والدین محض لاعلمی یا معاشرتی دباؤ کے تحت اپنے بچوں کو ان پروگراموں میں بھیج دیتے ہیں۔ حالانکہ یہ صرف ایک شرکت نہیں بلکہ ایمان کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ جو شخص دانستہ طور پر یوگا یا سوریہ نمسکار جیسی مشرکانہ رسومات میں شامل ہوتا ہے، وہ درحقیقت اپنے عقیدے کی بنیاد کو کھوکھلا کر رہا ہے۔ کچھ لوگ دلیل دیتے ہیں کہ ”ہم تو صرف ورزش کے طور پر یوگا کرتے ہیں، ہمیں اس کی مذہبی حیثیت سے کوئی لینا دینا نہیں۔“لیکن اسلام کی نظر میں کسی عمل کی نیت سے زیادہ اس کی ماہیت اور اصل حیثیت بھی دیکھی جاتی ہے۔ مثلاً کوئی شخص اگر کعبہ کی طرف منہ کر کے سجدہ کرے تو وہ عبادت ہے، لیکن اگر وہی عمل کسی بت یا سورج کی طرف رخ کر کے کیا جائے، تو وہ عبادت نہیں بلکہ شرک بن جائے گا، چاہے نیت کچھ بھی ہو۔ اسی طرح یوگا کی اصل حیثیت چونکہ ایک مذہبی رسم ہے، اس لیے اسے ورزش کا نام دینا محض خود فریبی ہے۔ علمائے کرام اور فقہائے اسلام نے یوگا کے بارے میں واضح فتوے دیے ہیں کہ چونکہ یہ ہندوانہ مذہب سے جڑا ہوا عمل ہے، لہٰذا اس میں شرکت یا اس کو اپنانا ناجائز و حرام ہے۔ ام المدارس دارالعلوم دیوبند اور دیگر بڑے اسلامی ادارے متعدد بار یہ وضاحت کر چکے ہیں کہ یوگا کی ترویج دراصل ایک برہمنی ایجنڈے کا حصہ ہے اور اس سے مسلمانوں کو ہر قیمت پر بچنا چاہیے۔ ان فتوؤں کی روشنی میں ہر مسلمان پر لازم ہے کہ وہ خود بھی ان چیزوں سے بچے اور دوسروں کو بھی روکے۔


آج ہمارے معاشرے میں دینی شعور کی کمی، میڈیا کے پروپیگنڈے، اور تعلیم یافتہ طبقے کی غفلت کے باعث مسلمانوں کے گھروں میں بھی یوگا کو فیشن اور صحت کی علامت سمجھا جانے لگا ہے۔ حتیٰ کہ بعض مسلمان ٹی وی چینلز پر یوگا سیکھتے اور سکھاتے نظر آتے ہیں۔ یہ نہ صرف دین سے دوری کی علامت ہے بلکہ ایک سنگین گمراہی ہے۔ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ جسمانی صحت کی بہت ساری شکلیں اور متبادل ورزشیں موجود ہیں، جیسے واک (Walking)، جاگنگ (Jogging)، سائیکلنگ (Cycling)، تیراکی (Swimming) وغیرہ، جن کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔ اور مسلمانوں کے لیے سب سے جامع اور پاکیزہ ورزش، نماز ہے، یہ مسلمان کے لیے صرف عبادت نہیں بلکہ کامل ورزش بھی ہے۔ اس سے بڑھ کر صحت بخش اور روح افزا مشق دنیا میں کوئی نہیں۔ تو پھر آخر ہم کیوں ان مشرکانہ رسومات کا سہارا لیں، جو ہمارے ایمان کو خطرے میں ڈال سکتی ہیں؟ کسی شاعر نے کیا خوب کہا ہے:

یوگا کی رسمیں شرک کا پیغام ہیں

مسلم ہے وہی جو توحید کا غلام ہے


یہ بات بھی قابل غور ہے کہ یوگا ڈے کو مرکزی، ریاستی اور ضلعی سطح پر سرکاری تعاون کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اسکولوں، کالجوں، دفاتر اور دیگر اداروں تک میں اس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اگر مسلمانوں کو اس میں شرکت پر مجبور کیا جائے تو یہ مذہبی آزادی پر کھلی چوٹ ہے، جسے ہرگز قبول نہیں کیا جا سکتا۔ بھارت کا آئین ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کرنے اور کسی مذہبی رسم میں شرکت نہ کرنے کا حق دیتا ہے۔ اس کے باوجود اگر کوئی مسلمان بچہ یا طالب علم یوگا میں شرکت پر مجبور کیا جاتا ہے تو والدین اور سرپرستوں کو چاہیے کہ وہ اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں، اسکول انتظامیہ کو تحریری شکایت دیں اور آئینی حقوق کا استعمال کرتے ہوئے اپنے بچوں کے ایمان کی حفاظت کریں۔


ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ ایمان اللہ تعالیٰ کی سب سے قیمتی نعمت ہے۔ اگر ایمان محفوظ رہا تو سب کچھ محفوظ ہے، اور اگر ایمان چلا گیا تو کچھ بھی باقی نہ رہا۔ دنیا کی وقتی کامیابی، معاشرتی قبولیت، یا وقتی آرام کبھی بھی ہمارے ایمان کا بدل نہیں ہو سکتی۔ ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کو دینی شعور دینا ہوگا، انہیں توحید کا مفہوم سکھانا ہوگا، اور ہر اس چیز سے دور رکھنا ہوگا جو ان کے ایمان کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ لہٰذا تمام اہل ایمان پر فرض بنتا ہے کہ وہ پوری بصیرت، ایمانی غیرت اور دینی شعور کے ساتھ اس حقیقت کو دل و جان سے تسلیم کریں کہ یوگا اور سوریہ نمسکار محض جسمانی ورزش نہیں، بلکہ درحقیقت ایک ایسی مذہبی رسم ہے جس کی جڑیں خالص مشرکانہ عقائد میں پیوست ہیں، اور جو اسلام کے توحیدی عقیدے سے سراسر متصادم ہے۔ ایسے اعمال میں شرکت نہ صرف مسلمانوں کے ایمان کے لیے خطرناک ہے، بلکہ رفتہ رفتہ یہ عمل ان کے عقیدے کو مجروح کر کے انہیں فکری گمراہی کی طرف لے جا سکتا ہے۔ ہمیں چاہیئے کہ ہم خود بھی ان ہندوانہ رسومات سے مکمل علیحدگی اختیار کریں، اپنے بچوں کو اس کے فتنوں سے محفوظ رکھیں، اور اپنے اہلِ خانہ، دوستوں، تعلیمی اداروں اور پورے معاشرے کو بھی اس فکری یلغار کے خطرات سے آگاہ کریں، خاص طور پر علماء، ائمہ و خطباء حضرات اپنے خطاب جمعہ اور جلسوں میں اس پر روشنی ڈالیں۔ یہ محض ایک انفرادی مسئلہ نہیں بلکہ ایک اجتماعی ذمہ داری ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم تعلیمی اداروں، سرکاری محکموں، اور حکومتی پالیسی سازوں کے سامنے پُرامن مگر جرأت مندانہ انداز میں احتجاج کریں، آئینی دائرے میں رہتے ہوئے آرٹیکل 25 کے تحت اپنے مذہبی حقوق کا دفاع کریں، اور اس بات پر زور دیں کہ کسی بھی قوم کو اس کے مذہب کے خلاف کسی رسم یا عبادت میں شریک کرنے پر مجبور کرنا نہ صرف آئینی جرم ہے بلکہ انسانی حقوق کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔ یہی وقت ہے کہ ہم نیند سے بیدار ہوں، مصلحت کی چادر کو جھاڑ کر کھڑے ہوں، اور اپنی نسلوں کے ایمان و عقیدہ کو ہر اس چیز سے بچائیں جو ان کے دین کے لیے زہر قاتل ہے۔ یہ وقت بے حسی، لاپرواہی یا خاموشی کا نہیں، بلکہ بیداری، شعور، اور اقدام کا ہے۔ کیونکہ ایمان ایک ایسی دولت ہے کہ اگر وہ سلامت ہے تو دنیا کی ہر محرومی معمولی لگتی ہے، اور اگر ایمان چلا جائے تو دنیا کی ساری کامیابیاں اور عزتیں خاک میں مل جاتی ہیں۔ ہمیں اس حقیقت کو کبھی نہیں بھولنا چاہیے کہ ایمان کی حفاظت دنیا کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے، اور اسی میں ہماری دنیا و آخرت کی کامیابی مضمر ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں ایمان پر استقامت عطا فرمائے، باطل تہذیبوں کے دھوکوں سے محفوظ رکھے، اور ہر دور کے فتنوں سے ہمیں اور ہماری نسلوں کو سلامت رکھے۔ آمین یا رب العالمین۔

جھکنے نہ پائے سجدہ غیر میں پیشانی

یہی تو شان ہے ملت کی، یہی ایمانی


فقط و السلام

بندہ محمّد فرقان عفی عنہ

19؍ جون 2025ء بروز جمعرات


#Yoga #YogaDay #SuryaNamaskaar #Surya #mdfurqanofficial #PaighameFurqan

شرکیہ اقوال پر مشتمل یوگا اور سوریہ نمسکار کی اسلام میں قطعی اجازت نہیں: مفتی افتخار احمد قاسمی

شرکیہ اقوال پر مشتمل یوگا اور سوریہ نمسکار کی اسلام میں قطعی اجازت نہیں: مفتی افتخار احمد قاسمی

علماء، ائمہ و خطباء حضرات جمعہ کے خطبات میں امت کو بیدار کریں!

بنگلور، 19؍ جون (پریس ریلیز): مرکز تحفظ اسلام ہند کے سرپرست اور جمعیۃ علماء کرناٹک کے صدر مفتی افتخار احمد قاسمی نے ایک اخباری بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال 21؍ جون کو منایا جانے والا ”عالمی یوگا ڈے“ درحقیقت ایک فکری و دینی آزمائش بن چکا ہے۔ اسے بظاہر جسمانی صحت، فٹنس اور ورزش کے نام پر پیش کیا جاتا ہے، لیکن اس کے پس پردہ برہمن ویدک مذہب کی مشرکانہ رسوم کی ترویج کا ایک منظم منصوبہ کارفرما ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یوگا اور بالخصوص سوریہ نمسکار صرف جسمانی مشق یا ورزش نہیں بلکہ خالص مشرکانہ عقائد اور برہمنی عبادات کا حصہ ہیں۔ ان میں استعمال ہونے والے ”آسن“، ”منتر“ اور حرکات ہندو مذہب کے دیوی دیوتاؤں کی پرستش پر مبنی ہیں۔ سوریہ نمسکار میں تو باقاعدہ سورج کو دیوتا مان کر سجدہ کیا جاتا ہے، جو اسلام کے توحیدی عقیدے سے کھلا تصادم ہے۔ مفتی صاحب نے فرمایا کہ طلوع اور غروبِ آفتاب کے وقت شریعت نے مسلمانوں کو نماز سے روکا ہے، تاکہ سورج کے پجاری یہ نہ سمجھیں کہ مسلمان بھی سورج کو سجدہ کر رہے ہیں۔ جب عبادت کے لیے بھی شریعت ایسی احتیاط برتتی ہے، تو کیا مشرکانہ رسوم جیسے سوریہ نمسکار اور یوگا کی شرکت کی کوئی گنجائش دی جا سکتی ہے؟ ہرگز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”یوگا“ ایک تہذیبی یلغار اور فکری حملہ ہے، جسے ”روحانی ورزشُ“ کے نام پر عام مسلمانوں کو غفلت یا فریب کے تحت اس میں شامل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ امت کے ایمان اور تشخص کے لیے ایک خطرناک چال ہے جس سے بیداری، بصیرت اور شعور کے ساتھ نمٹنے کی ضرورت ہے۔ مفتی افتخار احمد قاسمی نے تمام علماء کرام، ائمہ مساجد اور خطباء حضرات سے پرزور اپیل کی کہ وہ اس جمعہ کے خطابات میں یوگا اور سوریہ نمسکار کی شرعی حیثیت پر کھل کر گفتگو کریں، اور عوام کو اس فتنہ سے بچنے کی تاکید کریں۔ ان حالات میں والدین اور سرپرستاں کی بھی اہم دینی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو شرکیہ اقوال پر مشتمل یوگا اور سوریہ نمسکار کے کسی بھی پروگرام میں شامل ہونے سے بچائیں۔ انہوں نے آئینی حق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی آئین کی دفعہ 25؍ ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کرنے اور کسی دوسری مذہبی رسم میں شرکت نہ کرنے کا مکمل حق دیتا ہے۔ اگر کسی تعلیمی ادارے یا دفتر میں زبردستی یوگا یا سوریہ نمسکار میں شامل کیا جائے تو یہ آئین کی کھلی خلاف ورزی ہے، جس کے خلاف قانونی چارہ جوئی اور تحریری شکایت کی جانی چاہیے۔ آخر میں مفتی افتخار احمد قاسمی نے فرمایا ایمان اللہ تعالیٰ کی سب سے قیمتی نعمت ہے، اس کی حفاظت ہر مسلمان پر فرض ہے۔ یہ صرف فرد کا نہیں بلکہ امت کا اجتماعی فریضہ ہے، اور اس مشن میں ائمہ و خطباء کا کردار سب سے نمایاں ہے۔ خاموشی، غفلت اور مصلحت پسندی اس فتنہ کو مزید پھیلنے دے گی۔ اب وقت ہے کہ ہم بیدار ہوں، اور اپنے عقیدے، تہذیب اور نسلوں کو باطل تہذیبوں کی یلغار سے محفوظ رکھیں۔



#PressRelease #News #Yoga #YogaDay #InternationalYogaDay #IftikharAhmedQasmi #MTIH #TIMS #SuryaNamaskaar

Wednesday, 18 June 2025

مدارس پر حکومتی یلغار اور جمعیۃ علماء ہند کی آئینی جنگ!

 مدارس پر حکومتی یلغار اور جمعیۃ علماء ہند کی آئینی جنگ! 

✍️ بندہ محمد فرقان عفی عنہ

(ڈائریکٹر مرکز تحفظ اسلام ہند)

آزادیٔ ہند کی تاریخ جب بھی دیانتداری اور غیرجانبداری کے ساتھ دیکھی جائے گی، تو اس کے اوراق میں ایک تابناک اور ناقابلِ فراموش عنوان "مدارسِ اسلامیہ" کی صورت میں ضرور نمایاں ہوگا۔ وہی مدارس، جو محض عبادت و تعلیم کے مراکز نہ تھے بلکہ ایک بھرپور انقلابی تحریک کے مراکز تھے، جہاں سے انگریز سامراج کے خلاف سب سے پہلی، دلیرانہ اور منظم مزاحمت کی بنیاد پڑی۔ یہ وہی علمی و روحانی قلعے تھے جہاں مجاہدینِ آزادی کی فکری تربیت ہوئی، جہاں علم و شعور کے چراغ جلائے گئے، آزادی کی چنگاریاں سلگائی گئی، اور جہاں کے علماء نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر ملت کو بیداری اور خودی کا پیغام دیا۔ ان مدارس نے نہ صرف دین کی حفاظت کا بیڑا اٹھایا بلکہ قوم کی تہذیبی و فکری شناخت کو بھی دوام بخشا اور آزادی کی تحریک کا آغاز کیا۔ آج وہی مدارس، جو ملت کی دینی، تہذیبی اور تعلیمی شناخت کے مضبوط قلعے رہے ہیں، ایک بار پھر سازشوں کے نرغے میں ہیں، انہی مدارس پر نئے دور کی یلغار برپا ہے، اس مرتبہ دشمن کا یہ حملہ بندوق یا توپ سے نہیں بلکہ سرکاری پالیسیوں، عدالتی تشریحات، انتظامی تعصبات، فرقہ وارانہ ذہنیت اور میڈیا کے زہریلے پروپیگنڈے سے لیس ہے، جو انہیں کمزور کرنے، بدنام کرنے اور غیر مؤثر بنانے پر تُلی ہوئی ہے۔


ایسے پرآشوب وقت میں ان حملوں کے مقابلے میں، جمعیۃ علماء ہند اور ملت اسلامیہ ہندیہ کے عظیم المرتبت قائد حضرت مولانا سید ارشد مدنی، نہایت بالغ نظری، بصیرت اور جرأت کے ساتھ ان سازشوں کا مقابلہ کر رہے ہیں اور مدارس کے تحفظ و بقا کی سب سے توانا اور مؤثر آواز بن کر ابھرے ہیں۔ ان کا تعلق ایک ایسے خانوادے سے ہے جو خود دارالعلوم دیوبند جیسے عظیم ادارے کا امین ہے۔ مولانا نے اپنی تمام تر صلاحیتیں، بصیرت، فہم و فراست اور قیادت کی طاقت کو مدارس کے تحفظ کے لیے وقف کیا۔ انہوں نے نہ صرف قانونی سطح پر ان اداروں کے دفاع کی حکمت عملی تیار کی بلکہ عوامی ذہن سازی اور سیاسی بیداری کے میدان میں بھی فعال کردار ادا کیا۔ جمعیۃ علماء ہند کا قیام جن مقاصد کے لیے عمل میں آیا تھا، ان میں ایک بڑا مقصد مدارس اسلامیہ کی حفاظت اور ترویج بھی شامل تھا۔ اس عظیم ملی، دینی اور انقلابی تنظیم نے نہ صرف مدارس کو سرکاری مداخلت سے محفوظ رکھنے کی کوششیں کیں بلکہ ہر اُس سازش کا پردہ چاک کیا جو کسی نہ کسی بہانے سے مدارس کو نشانہ بنانے کے لیے کی گئی۔ آزادی سے قبل بھی اور آزادی کے بعد بھی جمعیۃ نے مدارس کو تحفظ فراہم کرنے میں اپنا فکری، قانونی، عوامی اور سیاسی کردار بخوبی ادا کیا۔ وقت کے ساتھ جب مدارس پر الزامات کا ایک طوفان اٹھا، کبھی دہشت گردی کے الزامات، کبھی غیر معیاری تعلیم کی دہائی، کبھی قومی دھارے سے نہ جڑنے کا پروپیگنڈا، تو جمعیۃ علماء ہند اور اس کے موجودہ صدر مولانا سید ارشد مدنی ان الزامات کا مدلل جواب دینے اور مدارس کی اصل حقیقت کو ملک کے سامنے پیش کرنے کے لیے ہمیشہ سینہ سپر رہے۔ ان کی قیادت، ان کا اخلاص، اور ان کی بےلوث جدوجہد آج اس بات کی دلیل ہے کہ جب بھی ملت پر کڑا وقت آیا، مدارس اور ان کے محافظین صفِ اول میں کھڑے دکھائی دیے۔ 


ملک میں اس وقت مسلمانوں پر جو ہمہ جہت سیاسی، سماجی، تعلیمی اور معاشی یلغار جاری ہے، اس کا ایک نہایت خطرناک اور منظم پہلو مذہبی تعلیم کے مضبوط قلعوں، یعنی مدارس اسلامیہ، کے خلاف جاری مہم کی صورت میں نمایاں ہو کر سامنے آیا ہے۔ حکومت کی پالیسیوں اور انتظامی اقدامات کے ذریعے ان اداروں کو کمزور کرنے، بدنام کرنے اور ان کے وجود کو مشکوک بنانے کی منظم کوشش کی جا رہی ہے، بالخصوص اُن ریاستوں میں جہاں بی جے پی برسرِ اقتدار ہے، جیسے اترپردیش، اتراکھنڈ اور آسام، وہاں مدارس کو یکے بعد دیگرے نشانہ بناکر سینکڑوں مدارس یا تو بند کیے جا چکے ہیں یا انہیں نوٹس دے کر قانونی پیچیدگیوں میں الجھایا جا رہا ہے۔ بظاہر یہ کارروائیاں حقِ تعلیم ایکٹ یا زمین کی نوعیت جیسے مسائل کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں لیکن ان اقدامات کے پیچھے کارفرما ذہنیت خالصتاً تعصب، خوف اور اقلیت دشمنی پر مبنی ہے، جو ملک کی اقلیتی برادری، خاص طور پر مسلمانوں کو ان کے دینی، تعلیمی اور تہذیبی مراکز سے محروم کر دینے کی دانستہ و منصوبہ بند کوشش کا نہ صرف حصہ ہے، بلکہ حقیقت اس سے کہیں زیادہ خوفناک ہے۔ 


مدارس، جو صدیوں سے نہ صرف دینی علوم کا سرچشمہ رہے ہیں بلکہ سماجی انصاف، روحانی تربیت اور قومی یکجہتی کے ضامن بھی رہے ہیں، آج اُنہیں شدت پسند پروپیگنڈے، میڈیا ٹرائل، اور سرکاری جبر کے ذریعے ایک مشتبہ ادارے کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے، تاکہ نئی نسل کو ان اداروں سے بدظن کیا جا سکے اور دینی علوم کی روایت کو رفتہ رفتہ ختم کیا جا سکے۔ یہ سب اس وقت ہو رہا ہے جب ملک کو مذہبی ہم آہنگی، تعلیم کے تنوع، اور آئینی مساوات کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، مگر افسوس کہ مدارس کو نشانہ بنا کر نہ صرف مسلمانوں کی تعلیمی بنیادوں کو کھوکھلا کیا جا رہا ہے بلکہ ایک پوری قوم کے فکری، روحانی اور تمدنی تشخص پر حملہ کیا جا رہا ہے۔ اس ناپاک مہم کے پیچھے وہی ذہن کارفرما ہے جو چاہتا ہے کہ مسلمان تعلیمی، فکری اور ثقافتی سطح پر کمزور پڑ جائیں، تاکہ وہ اپنے دینی شعور اور ملی وحدت سے محروم ہو کر آسان ہدف بن جائیں۔ یہ صورتحال نہ صرف قابلِ تشویش ہے بلکہ تمام انصاف پسند، سیکولر اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھنے والے شہریوں کے لیے لمحۂ فکریہ ہے، کیونکہ مدارس پر حملہ صرف مسلمانوں کا مسئلہ نہیں بلکہ یہ ملک کے آئینی اقدار، اقلیتی حقوق اور تعلیمی آزادی پر ایک کھلا وار ہے، جسے ہر باضمیر فرد کو سمجھنے اور اس کے خلاف آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے۔

 

جمعیۃ علماء ہند نے اس خطرناک رجحان کو نہ صرف بروقت پہچانا بلکہ اس کے خلاف قانونی، سیاسی اور سماجی ہر محاذ پر مسلسل لڑائی بھی لڑی۔ سپریم کورٹ میں مدارس کے تحفظ کے لیے داخل کی گئی پٹیشن ہو یا مختلف ریاستوں کی کارروائی کے خلاف قانونی چارہ جوئی، جمعیۃ نے کسی بھی محاذ پر پسپائی اختیار نہیں کی۔ مولانا ارشد مدنی کی قیادت میں جمعیۃ نے یہ ثابت کیا کہ جب ملت کے مفادات خطرے میں ہوں، تو قیادت کا اصل تقاضا صرف تقریر یا احتجاج نہیں بلکہ عملی جدوجہد، حکمت، اور صبر و استقامت کے ساتھ میدان عمل میں رہنا ہے۔ اترپردیش میں الہ آباد ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے بعد جس نے مدرسہ بورڈ کی قانونی حیثیت کو ہی چیلنج کر دیا تھا، ملت میں ایک اضطراب کی لہر دوڑ گئی۔ ریاست کے منظور شدہ مدارس بھی اس زد میں آ گئے۔ اس وقت بھی مولانا ارشد مدنی نے نہایت فہم و فراست کے ساتھ سپریم کورٹ سے رجوع کیا، اور 6 نومبر 2024ء کو عدالتِ عظمیٰ نے ایک تاریخی فیصلہ سناتے ہوئے مدارس کی آئینی حیثیت کو تسلیم کیا اور ہائی کورٹ کے فیصلے کو رد کر دیا۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ مدرسہ قانون آئینی ہے اور اس پر سوالیہ نشان نہیں لگایا جا سکتا۔ اس فیصلے نے جمعیۃ کی قانونی جدوجہد کو ایک اہم کامیابی عطا کی، اور مدارس کی بقاء کو وقتی طور پر محفوظ کیا۔ 



تاہم، حیرت کی بات یہ ہے کہ عدالتوں کے واضح فیصلوں اور آئینی دفعات کے باوجود ریاستی حکومتیں اپنی ضد پر قائم ہیں اور مسلمانوں کو تعلیمی طور پر پسپا کرنے کی سازش رچ رہی ہیں۔کیونکہ اس فیصلے کے بعد جو نیا سلسلہ شروع ہوا، اس میں مدرسوں اور مزارات کو زمین کی نوعیت کے بہانے نشانہ بنایا گیا۔ جنگلاتی زمین، سرکاری زمین، اور مبینہ طور پر غیر منظور شدہ تعمیرات کو بنیاد بنا کر مدارس، مساجد اور درگاہوں کو مسمار کیا جانے لگا۔ رپورٹ کے مطابق صرف یوپی اور اتراکھنڈ میں اب تک سینکڑوں مدارس کو نوٹس جاری کیا گیا ہے اور کئی مدارس بند کیے جا چکے ہیں۔ جن میں سے اتراکھنڈ میں ہی 17 مزارات شہید کر دیے گئے، اور 170 مدارس کے خلاف کارروائی کی گئی، اور اتر پردیش کے سرحدی علاقوں میں سینکڑوں مدرسوں کو ’غیر قانونی‘ قرار دے کر تالے ڈالے گئے۔ یہی نہیں، یہ سب کچھ اس کے باوجود ہو رہا ہے کہ سپریم کورٹ پہلے ہی واضح طور پر کہہ چکا ہے کہ اقلیتی اداروں کو حق تعلیم ایکٹ 2009ء سے استثنا حاصل ہے۔ لیکن بی جے پی حکمرانی والی ریاستوں میں جس طرح مدارس کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں، وہ محض انتظامی فیصلے نہیں بلکہ ایک منظم سازش کا حصہ ہیں جس کا مقصد مسلم بچوں کو دینی تعلیم سے محروم کرنا اور قوم کو اپنے تعلیمی و روحانی مراکز سے کاٹ دینا ہے۔ اس بار بھی جمعیۃ علماء ہند میدان میں آئی اور سپریم کورٹ میں نہ صرف قانونی پٹیشن دائر کی بلکہ ایک منظم حکمت عملی کے تحت آرکیٹیکٹ پینل تشکیل دیا، تاکہ مدارس کی تعمیری منظوری جیسے تکنیکی امور کو آسانی سے حل کیا جا سکے۔


مولانا ارشد مدنی نے بارہا اس حقیقت کو دوہرایا کہ مدارس محض تعلیم گاہیں نہیں بلکہ قوم کی تہذیبی اور دینی پہچان کا استعارہ ہیں، جو ہمارا بنیادی آئینی حق ہے۔ انہوں نے متعدد مواقع پر واضح الفاظ میں کہا کہ "مدارس ہماری شہ رگ ہیں، ہم اپنی شناخت کو مٹنے نہیں دیں گے۔" ان کا یہ جملہ صرف نعرہ نہیں بلکہ ایک عزم ہے جو ہر مسلمان کے دل کی آواز بن چکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب مولانا مدنی نے اعظم گڑھ کے سرائے میر میں منعقد حالیہ تحفظ مدارس کانفرنس میں مدارس کے کردار پر روشنی ڈالی اور یاد دلایا کہ یہی مدارس 1857ء کی جنگ آزادی کے حقیقی مورچے تھے جہاں سے انگریزوں کے خلاف سب سے پہلے آواز بلند ہوئی، تو دشمنوں کو سب سے زیادہ تکلیف انہی سچائیوں سے ہوئی اور مسلسل میڈیا پر ان کے بیانات کو لے کر شور برپا رہا۔ لیکن یہ ایک ناقابل تردید حقیقت ہے کہ مدرسے آزادی کی تحریک کے اولین مراکز رہے ہیں۔ انکار کی جتنی کوششیں کی جائیں، تاریخ کو مٹایا نہیں جا سکتا۔ اور مولانا مدنی نے واضح کر دیا کہ سچ کو دبایا جا سکتا ہے، بدلا نہیں جا سکتا۔ اس طرح جمعیۃ نے نہ صرف قانونی لڑائی لڑ رہی ہے بلکہ زمینی سطح پر بھی مربوط اقدامات کررہی ہے۔ حالیہ تحفظ مدارس کانفرنس، اس کا عملی نمونہ ہے۔ اس کانفرنس میں تمام مکاتبِ فکر کے مدارس کے ذمہ داران شریک ہوئے، جس سے یہ بھی پیغام گیا کہ مدارس کا تحفظ کسی ایک مسلک یا ادارے کا مسئلہ نہیں بلکہ پوری ملت کا مشترکہ فریضہ ہے۔ 


جمعیۃ علماء ہند کی اس جدوجہد کا سب سے خوبصورت پہلو یہ ہے کہ وہ صرف رد عمل میں کام نہیں کرتی بلکہ پیشگی منصوبہ بندی اور زمینی تیاری کے ساتھ آگے بڑھتی ہے۔ مدارس اور مساجد کے لیے وقف زمین کی تصدیق، تعمیرات کے لیے قانونی منظوری، اور حکومت کے منفی پروپیگنڈے کا قانونی و میڈیا سطح پر جواب، یہ تمام اقدامات جمعیۃ کی دوراندیشی اور معاملہ فہمی کا مظہر ہیں۔ مدارس پر حملہ درحقیقت صرف ایک تعلیمی ادارے پر حملہ نہیں، بلکہ یہ مسلمانوں کی شناخت، دینی ورثے اور قومی تاریخ کے ان صفحات کو مٹانے کی کوشش ہے جن پر ملت کو فخر ہے۔ نیز جس قانون یعنی Right to Education Act 2009 کا سہارا لے کر مدارس کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اسی قانون کی دفعہ 1 کی شق 5 میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ یہ ایکٹ مدارس اور پاٹھ شالاؤں پر لاگو نہیں ہوتا۔ اس کے باوجود مدارس کے خلاف کارروائی، ریاستی اور مرکزی آئینی اقدار کے صریح خلاف ورزی کے مترادف ہے۔ جمعیۃ علماء ہند اور اسکے صدر مولانا ارشد مدنی کی قیادت نہ صرف ان حملوں کو بے نقاب کر رہی ہے بلکہ آئینی دائرے میں رہتے ہوئے ان کا مقابلہ کررہی ہے، ملت کو حوصلہ دے رہی ہے، اور یہ باور کرا رہی ہے کہ جب قیادت بیدار ہو، تو سازشیں دم توڑ دیتی ہیں۔


ہمیں یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ موجودہ وقت ایک نازک اور فیصلہ کن مرحلہ ہے۔ فرقہ پرست طاقتیں، تعلیمی بہانوں اور قانونی پردوں میں چھپ کر ملت کی روح پر وار کر رہی ہیں۔ لہٰذا یہ وقت صرف احتجاج کا نہیں، منصوبہ بند مزاحمت کا ہے۔ اور یہ مزاحمت صرف نعرے بازی سے نہیں بلکہ علمی، قانونی، اور فکری سطح پر ہونی چاہیے۔ جمعیۃ علماء ہند اس جدوجہد کا محاذ بن چکی ہے، اور مولانا ارشد مدنی جیسے رہنما اس کشتی کے ناخدا ہیں۔ مدارس کے تحفظ کے لیے ہر صاحبِ ضمیر کو آگے آنا ہوگا، تاکہ ہماری آئندہ نسلیں بھی قرآن، دین، اور اپنی دینی شناخت سے جڑی رہیں اور مدارس کا دفاع درحقیقت ملت کی بقا، تہذیب کی حفاظت، اور آئین کی پاسداری کا دفاع ہے۔ ہمیں امید ہے کہ جب تک ملک میں جمعیۃ علماء ہند جیسی تنظیم باقی رہے گی، تب تک مدارس کے چراغ بجھ نہیں سکتے۔ وہ چراغ جو کبھی علم سے، کبھی قربانی سے، اور کبھی مزاحمت سے روشن رہے ہیں، ان شاء اللہ ہمیشہ روشن رہیں گے۔


#SaveMadrasas #StopMadrasaShutdown #Madrasas #ArshadMadani #Jamiat #JamiatUlama #MTIH #TIMS #PaighameFurqan

Wednesday, 11 June 2025

رواداری کے چراغ، تعصب کی آندھیوں میں: عید الاضحٰی کا ہندوستانی منظر نامہ!

 رواداری کے چراغ، تعصب کی آندھیوں میں: عید الاضحٰی کا ہندوستانی منظر نامہ!

✍️ بندہ محمد فرقان عفی عنہ

(ڈائریکٹر مرکز تحفظ اسلام ہند)


ہندوستان ایک ایسا ملک ہے جس کی شناخت اس کی گنگا جمنی تہذیب، مذہبی رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی سے بنی ہے۔ صدیوں سے یہاں ہندو، مسلمان، سکھ، عیسائی، جین، بدھ سبھی مذاہب کے لوگ نہ صرف ایک ساتھ رہتے آئے ہیں بلکہ ایک دوسرے کے خوشی اور غم میں شریک ہو کر محبت، اتحاد اور یکجہتی کی لازوال مثالیں قائم کرتے رہے ہیں۔ عیدین ہوں یا دیگر مذاہب کے تہوار ان سب مواقع پر ہندوستانی معاشرہ ایک رنگین گلدستے کی مانند نظر آتا تھا جہاں مذہب اور ثقافت، تعصب اور نفرت سے بالاتر ہوکر صرف انسانی اقدار اور اخوت کی بنیاد پر پروان چڑھتے تھے۔ لیکن افسوس کہ ادھر چند دہائیوں سے اس گنگا جمنی تہذیب اور مذہبی رواداری کو کسی کی نظر لگ گئی ہے اور فرقے پرست عناصر اس چراغِ کو مسلسل بجھانے کی کوشش کررہے ہیں۔


عید الاضحیٰ، جو قربانی، ایثار اور توحید کی علامت ہے، ہر سال پوری دنیا کی طرح ہندوستان میں بھی تزک و احتشام سے منائی جاتی ہے۔ حالیہ عید الاضحیٰ کے موقع پر ملک بھر میں تقریباً تیس کروڑ مسلمانوں نے نہایت سکون، صبر، اور باوقار انداز میں اپنے مذہبی فریضے ادا کیے۔ لاکھوں لاکھ مسلمان نماز عید کے لیے عیدگاہوں اور مساجد میں جمع ہوئے، اللہ کے حضور جھکے، اور پھر قربانی کی سنت ادا کی۔ یہ تمام سلسلہ ایسے وقت میں انجام پایا جب ہندوستان سمیت دنیا کے کئی حصوں میں مذہبی منافرت اور فرقہ واریت نے فضا کو مکدر کر رکھا تھا، لیکن ہندوستانی مسلمانوں نے اس موقع پر جس شعور، ذمہ داری اور ضبط کا مظاہرہ کیا وہ نہ صرف قابلِ تعریف ہے بلکہ ملک کے مسلمانوں کے اعلیٰ اخلاق اور سیکولر کردار کا عملی ثبوت بھی ہے۔


بقرعید کے دوران، جب ملک کے لاکھوں مسلمان اپنے مذہبی فرض کی ادائیگی میں مصروف تھے، کچھ جگہوں پر ایسی مشکلات اور رکاوٹیں بھی سامنے آئیں جن کا مقصد نہ صرف مسلمانوں کو ذہنی و جسمانی اذیت پہنچانا تھا بلکہ ان کے مذہبی جذبے کو بھی ٹھیس پہنچانا تھا۔ کئی شہروں میں جہاں مسلمانوں نے اپنی قربانی کی تیاری کی، وہاں کچھ اشتعال انگیز عناصر نے جان بوجھ کر مسائل پیدا کیے۔ مثلاً بعض علاقوں میں جانوروں کی خرید و فروخت میں رکاوٹیں ڈالی گئیں، قربانی کے لیے مختص جگہوں پر پولیس یا انتظامیہ نے غیر ضروری پابندیاں عائد کیں، اور بعض مقامات پر ناپسندیدہ ہجوم نے مساجد یا عیدگاہوں کے گرد ہنگامہ برپا کیا۔ 


عید قرباں عطاء، ایثار اور روحانی وحدت کا پیغام لیے ہوتا ہے، لیکن 2025 میں بھارت کے کئی علاقوں میں مسلمان اس مقدس دن کو خوف، پابندیوں اور انتظامی مظالم میں گزارنے پر مجبور ہوئے۔ کشمیر کے سری نگر میں جامع مسجد کو عید کے دن انتظامیہ کی طرف سے بند کر دیا گیا۔ پوری وادی میں مسلمانوں کی عبادات پر خاموش پہرہ بٹھا دیا گیا۔ یہ سب ایک ایسے خطے میں ہوا جو پہلے ہی سیاسی قید میں ہے، اب مذہبی جبر کا بھی شکار ہو چکا ہے۔ اترپردیش میں مجمع بڑھنے پر سڑکوں پر نمازِ عید کی ادائیگی پر پابندی لگا دی گئی۔ بعض مقامات پر پولیس نے باقاعدہ اعلان کیا کہ اگر کسی نے سڑکوں پر نماز پڑھی تو اس کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔ یوں لگتا ہے جیسے مسلمانوں کو ان کی عبادات بھی ریاست کی اجازت سے کرنی ہوں گی، اور مذہبی فرائض کی ادائیگی کیلئے سڑکوں کا استعمال صرف مسلمانو پر ہی پابندی ہے دیگر مذاہب والے جو چاہئیں کرسکتے ہیں۔ قربانی کے لیے جانور لانے والوں کو کہیں گئو رکشکوں نے روکا، کہیں گاڑیوں کی تلاشی لی گئی، تو کہیں راستے میں پتھراؤ اور تشدد کی اطلاعات آئیں۔ جانوروں کے ساتھ ساتھ انسانوں کو بھی قربانی کا نشانہ بنایا گیا، فرق صرف اتنا تھا کہ ان کا خون سڑکوں پر بہنے سے پہلے خوف کی زبان میں سلب کر لیا گیا۔ دہلی اور یوپی میں باقاعدہ اوپن اسپیس میں قربانی تک کرنے پر پابندی عائد کی گئی، ملک کے کئی علاقوں سے خبر موصول ہوئی کہ مقامی انتظامیہ نے گھروں سے قربانی کے جانوروں کو ضبط کرلیا، یہاں تک کہ جن ریاستوں میں اقتدار کی کرسی پر سیکولر کہلائے جانے والی پارٹیاں موجود ہے وہاں سے بھی ایسی خبریں موصول ہوئیں، بنگلور کے کئی علاقوں میں ہندوتوا عناصر کے دباؤ میں انتظامیہ نے قربانی کے جانور ضبط کئے۔ بقرعید سے پہلے اور دوران، سوشل میڈیا پر نفرت انگیز بیانات کا سیلاب آیا، سوشل میڈیا پر مسلمانوں کے خلاف زہریلی ٹویٹس کی جارحانہ مہم چلائی گئی، بنگال میں بی جے پی کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے بھی عید پر نفرت بھرا ماحول پیدا کیا۔ کچھ شدت پسند لیڈروں نے مسلمانوں کے خلاف زہر اگلا۔ انہیں درندہ پرست، گوشت خور، اور غدار جیسے القاب سے نوازا گیا۔ مہاراشٹر کے وزیر نتیش رانے نے نفرت انگیز بیان دیتے ہوئے مسلمانوں کو دھمکی دی کہ "قربانی کرنے والے پر ہماری ہندوتوا سرکار کاروائی کرے گی"- کرناٹک، مہاراشٹرا، یوپی، بہار، دہلی، آسام کے مضافاتی علاقوں میں نفرت کا وطیرہ پھیلا، جس پر نہ میڈیا نے سوال اٹھایا، نہ قانون نے مداخلت کی، اور انتظامیہ مسلسل خاموش رہی۔ سب سے تکلیف دہ پہلو یہی ہے کہ ریاستی ادارے یا تو خاموش رہے یا بعض جگہوں پر اس ظلم کے معاون بنے۔ جبکہ یہ سب کچھ انسانی حقوق اور آئین کے مُبنی برابری فریم ورک کی خلاف ورزی ہے۔ بھارتی آئین کی دفعہ 14، 19، 25، 28 ہر شہری کو مذہبی آزادی، مساوی حقوق، اور پرامن اجتماع کا حق دیتا ہے، مگر مسلمانوں سے یہ حقوق روز بروز چھین لیے جا رہے ہیں۔


لیکن ان تمام حالات کے باوجود مسلمانوں نے مکمل تحمل، صبر اور رواداری کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے نہ تو غصہ ظاہر کیا، نہ ہی انتشار پھیلایا بلکہ قانون کی حدود میں رہتے ہوئے اپنی عبادات جاری رکھیں۔ مثال کے طور پر، بہار اور مدھیہ پردیش کے چند علاقوں میں جب قربانی کے جانوروں کی خریداری میں رکاوٹیں پیش آئیں تو مسلمان کمیونٹی نے قانونی راستے اختیار کیے اور انتظامیہ سے بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوشش کی۔ کہیں بھی عوامی مقامات پر شور شرابہ یا ناخوشگوار واقعات نہیں ہوئے، جس نے ملک بھر میں امن قائم رکھنے میں مدد دی۔ یہی نہیں، کئی جگہوں پر جہاں مخالف عناصر نے اشتعال انگیزی کی کوشش کی، وہاں مسلمانوں نے اپنی مثال آپ قائم کی۔ انہوں نے مسجد اور گھروں کے باہر صفائی کا خاص خیال رکھا، مقامی پولیس اور انتظامیہ کے تعاون سے اپنی قربانی کے عمل کو منظم انداز میں مکمل کیا، اور اس بات کا خاص خیال رکھا کہ کسی کی دل آزاری نہ ہو۔ اس رویے نے نہ صرف مسلمانوں کی مذہبی و اخلاقی تربیت کا منہ بولتا ثبوت پیش کیا بلکہ ایک طرح سے پوری قوم کو یہ پیغام دیا کہ اسلام مذہب میں صرف عبادت اور قربانی نہیں، بلکہ تحمل، برداشت اور بھائی چارہ بھی شامل ہے۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ قربانی کے موقع پر مختلف شہروں میں مسلمانوں نے ہندو، سکھ اور عیسائی پڑوسیوں کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کیا، کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کیں اور ایک دوسرے کی مذہبی جگہوں کا احترام کیا۔ اس رویے نے اس بات کو ثابت کیا کہ مسلمانوں کا مذہب نفرت، تشدد اور انتشار کی تعلیم نہیں دیتا، بلکہ یہ رواداری اور محبت کا درس دیتا ہے۔ اگرچہ بعض جگہوں پر فرقہ پرست عناصر نے چھوٹے بڑے پیمانے پر جھگڑے یا رکاوٹیں پیدا کیں، لیکن ان کے باوجود پوری کمیونٹی نے تحمل اور قانون کی پاسداری کو مقدم رکھا، اور ہر قسم کے نقصان دہ عناصر کے خلاف صبر و بردباری سے کام لیا۔


یہ سب کچھ اس لیے ممکن ہوا کہ ہندوستانی مسلمان آج بھی ان روایات کے امین ہیں جو ان کے آبا و اجداد نے صدیوں پہلے قائم کی تھیں؛ وہ روایات جن میں دوسروں کے مذہب کا احترام، پڑوسیوں کے جذبات کا خیال، اور معاشرتی ہم آہنگی کو اولیت حاصل رہی ہے۔ ہندو مسلم اتحاد کی وہ کہانیاں آج بھی بزرگوں کی زبان پر زندہ ہیں جن میں ایک دوسرے کے تہواروں میں شرکت، ساتھ بیٹھ کر کھانے پینے، اور غمی خوشی میں شریک ہونے کی روایت پائی جاتی تھی۔ اسی تاریخی ہم آہنگی کو عید الاضحٰی کے اس حالیہ موقع پر ایک بار پھر زندہ کر دیا گیا۔ عید کی نماز کیلئے لاکھوں کروڑوں مسلمانوں کے اکھٹا ہونے کے باوجود کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلمان مذہب کے نام پر نفرت نہیں، بلکہ قربانی، ایثار، اور رواداری کو اپنا شعار بناتے ہیں۔ یہ وہ طرز عمل ہے جو صرف کسی ضابطے یا قانون کے خوف سے نہیں، بلکہ دلوں میں موجود اس محبت، اس اخلاقی فہم، اور اس دینی تربیت سے جنم لیتا ہے جو اسلام کا اصل جوہر ہے۔ اور یہی وہ رویہ ہے جو امن، بھائی چارے اور ملکی یکجہتی کی بنیاد بن سکتا ہے، بشرطیکہ اسے تسلیم کیا جائے، سراہا جائے، اور دوسروں کے لیے بھی ایک معیار بنایا جائے۔


لیکن اس مثبت طرز عمل کے برعکس ایک تلخ حقیقت یہ بھی ہے کہ جب بعض دوسرے مذاہب کے تہوار آتے ہیں، جیسے رام نومی، ہنومان جینتی، یا نوراتری کے مواقع پر، تو ملک کے مختلف حصوں سے ایسی خبریں موصول ہوتی ہیں جن سے مذہبی ہم آہنگی کو شدید ٹھیس پہنچتی ہے۔ متعدد بار یہ دیکھا گیا ہے کہ جلوسوں کے نام پر مساجد کے سامنے دانستہ اشتعال انگیز نعرے بازی کی گئی، گانے بجائے گئے، تلواریں اور دیگر ہتھیار لہرائے گئے، اور بعض اوقات نشے کی حالت میں ہنگامہ آرائی بھی کی گئی اور مسجد میں توڑ پھوڑ اور اسے نذر آتش بھی کیا گیا۔ صرف 2023 میں رام نومی کے موقع پر بہار، مغربی بنگال، گجرات اور مدھیہ پردیش سمیت کئی ریاستوں میں فسادات پھوٹ پڑے۔ کچھ جگہوں پر مساجد پر پتھراؤ ہوا، کچھ جگہوں پر مساجد کے باہر ہندو انتہا پسند تنظیموں کے افراد نے نفرت آمیز نعرے بازی کی، اور کہیں پر مسجد کی دیواروں پر چڑھ کر جھنڈے لگانے کی کوششیں کی گئیں۔ حیدرآباد میں ٹی راجہ سنگھ نامی بی جے پی رکن اسمبلی نے رمضان اور عید کے دوران اشتعال انگیز بیانات دیے، جس میں مسلمانوں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی گئی۔ ان کے بیانات کو لاکھوں افراد نے دیکھا، سنا اور سراہا، لیکن پولیس کی کارروائی کا حال یہ رہا کہ اکثر مقدمات یا تو دب گئے یا سست روی کا شکار ہو گئے۔ مغربی بنگال میں 2023 کی رام نومی کے موقع پر ہاؤڑہ اور بہالا میں شدید تشدد ہوا، جہاں مندروں کے قریب سے گزرنے والے جلوسوں نے مساجد کے سامنے رک کر گانے بجانے اور نعرے بازی کا سلسلہ شروع کیا۔ اسی دوران شرپسند عناصر نے پتھراؤ بھی کیا جس سے کئی مکانات اور دکانوں کو نقصان پہنچا۔ یہاں تک کہ بعض ویڈیوز میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ جلوس شرکاء نشے کی حالت میں مساجد کے سامنے ناچ رہے ہیں، اور بھڑکاؤ الفاظ استعمال کر رہے ہیں۔ سال 2022 میں جودھ پور، راجستھان میں عید سے ایک دن پہلے ہندو مسلم جھڑپیں اس وقت ہوئیں جب ایک خاص مجسمے کے مقام پر جھنڈا لگانے کے مسئلے کو لے کر دونوں کمیونٹی آمنے سامنے آ گئیں۔ پولیس کو کرفیو نافذ کرنا پڑا اور کئی دن تک انٹرنیٹ بند رہا۔ وہاں بھی ایسی ویڈیوز سامنے آئیں جن میں نوجوان شراب کے نشے میں مساجد کے باہر "جے شری رام" کے نعرے لگا رہے تھے، اور مسلمانوں کو اشتعال دلانے کی کوشش کر رہے تھے۔ اسی طرح ہنومان جینتی کے موقع پر دہلی کے جہانگیر پوری علاقے میں 2022 میں جلوس جب مسجد کے قریب پہنچا تو ڈھول، باجے اور تلواروں کے ساتھ مظاہرہ شروع ہوا۔ کچھ لوگوں نے مسجد کے سامنے رقص کیا، تو کچھ نے مسجد کے گیٹ کے اوپر چڑھ کر جھنڈے لگانے کی کوشش کی۔ اس کے بعد جو تصادم ہوا وہ کئی دنوں تک میڈیا میں چھایا رہا، مگر میڈیا کے ایک بڑے حلقے نے ان اشتعال انگیز حرکات کو نظرانداز کیا اور صرف ایک فریق کو ذمہ دار ٹھہرانے کی کوشش کی۔ یوپی کے کئی اضلاع، خاص طور پر علی گڑھ، کانپور اور میرٹھ میں یہ رجحان دیکھا گیا ہے کہ تہواروں کے دوران منظم طور پر مسجدوں کے قریب جلوس گزارے جاتے ہیں، اور وہاں نعرے بازی کی جاتی ہے۔ کئی بار پولیس کو لکھ کر اطلاع دی جاتی ہے کہ یہ جلوس متبادل راستوں سے گزارے جائیں تاکہ امن برقرار رہے، لیکن اکثر اوقات انتظامیہ یا تو خاموش تماشائی بنی رہتی ہے یا ان عناصر کی پشت پناہی کرتی ہے۔ کئی ایسے واقعات بھی سامنے آئے جہاں مسجدوں پر جھنڈے لگانے، لاؤڈ اسپیکر پر گانے بجانے، اور یہاں تک کہ جان بوجھ کر نماز کے اوقات میں شور مچانے کی ویڈیوز وائرل ہوئیں۔



اس تمام پس منظر میں اگر مسلمانوں کے طرز عمل کو دیکھیں تو ایک حیران کن تضاد سامنے آتا ہے۔ اتنی بڑی آبادی، اتنی وسیع پیمانے پر اجتماعات، لیکن نہ کہیں مذہبی مقامات کی بے حرمتی، نہ کوئی انتشار، نہ کسی کی دل آزاری۔ نہ کسی مندروں کے سامنے مذہب مخالف نعرے، نہ کوئی ایسا واقعہ کہ مسلمانوں نے اپنے جلوس میں نفرت کو ہوا دی ہو۔ اس کے باوجود سوشل میڈیا پر بعض عناصر جان بوجھ کر مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز مہم چلاتے ہیں، اور جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے یہ تاثر دینے کی کوشش کرتے ہیں کہ مسلمان تہواروں کے دوران امن کے لیے خطرہ ہیں۔



ان تمام حالات اور مشاہدات کی روشنی میں اگر ہم ہندوستان میں واقعی ایک پرامن، جمہوری اور ہم آہنگ معاشرہ تشکیل دینا چاہتے ہیں تو اس کا واحد مؤثر اور دیرپا حل صرف انصاف، ایماندارانہ میڈیا کوریج، اور سخت قانونی کارروائی میں ہے۔ جب تک حکومتیں، پولیس، اور ریاستی ادارے اپنی جانبداری ترک نہیں کریں گے، اور جب تک نفرت پھیلانے والے عناصر کے خلاف بلاتفریق اور فوری ایکشن نہیں ہوگا، تب تک فرقہ وارانہ کشیدگیاں یونہی بڑھتی رہیں گی، اور معاشرہ خوف، عدم اعتماد اور انتشار کا شکار ہوتا رہے گا۔ ملک کے ہر شہری کو اس کا مذہبی حق، اس کا وقار، اور اس کی عبادت کی آزادی بغیر کسی دباؤ، پابندی یا خوف کے حاصل ہونا چاہیے، یہ نہ صرف انسانی حق ہے بلکہ آئینِ ہند کی دفعات 14، 19، 25 اور 28 کی بھی بنیادی ضمانت ہے۔ ریاستی اداروں کو چاہیے کہ وہ مذہبی یا سیاسی دباؤ سے آزاد ہوکر آئینی اصولوں کے مطابق غیر جانبدارانہ کردار ادا کریں تاکہ کسی بھی برادری کو یہ احساس نہ ہو کہ ان کے ساتھ امتیاز برتا جا رہا ہے۔ میڈیا کو بھی اپنی بنیادی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے سچائی، توازن اور اخلاقیات پر مبنی رپورٹنگ کرنی ہوگی، تاکہ وہ سماجی ہم آہنگی کو فروغ دے نہ کہ نفرت کو۔ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی نفرت انگیز مہمات کو روکنے کے لیے مؤثر سائبر قوانین کا اطلاق، اور جھوٹے پروپیگنڈے کے خلاف سخت کارروائی ناگزیر ہے۔ اسی کے ساتھ وقتاً فوقتاً سوشل میڈیا کے صحیح استعمال کے سلسلے میں لوگوں کو متوجہ کیا جانا چاہیے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ فرقہ وارانہ تشدد کو محض قانون و امن کا مسئلہ نہ سمجھے، بلکہ اسے انسانی حقوق اور قومی یکجہتی کا مسئلہ تصور کرتے ہوئے دیرپا حل نکالے۔ مذہبی آزادی کا تحفظ حکومت، عدلیہ، اور سول سوسائٹی کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور اس کے لیے ہر سطح پر بیداری، تربیت، اور احتساب کا نظام قائم کرنا ہوگا۔ اسکولوں، کالجوں اور میڈیا میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، مذہبی رواداری، اور سماجی وحدت کے پیغامات کو فروغ دینا ہوگا تاکہ نئی نسل کو نفرت کی بجائے محبت، احترام اور باہمی بقاء کا پیغام ملے اور ہم آہنگی کا شعور حاصل ہو۔ سب سے بڑھ کر، اکثریتی طبقے کے ذمہ دار افراد، مذہبی رہنما، اور رائے ساز طبقہ اگر اقلیتوں کے حقوق اور وقار کے تحفظ کے لیے کھل کر آواز بلند کریں، تو ایک ایسا معاشرہ وجود میں آ سکتا ہے جہاں ہر شخص کو بلاخوف اپنی عبادات، تہواروں اور شناخت کے ساتھ جینے کا حق حاصل ہو۔ یہ سب اقدامات محض اقلیتوں کے تحفظ کے لیے نہیں بلکہ پورے ہندوستان کے جمہوری اور اخلاقی مستقبل کے تحفظ کے لیے ضروری ہیں۔ کیونکہ جب قانون، اخلاق، اور انصاف سب کے لیے برابر ہوں گے، تب ہی ہندوستان اپنی اصل شناخت یعنی "وحدت میں کثرت" کے فلسفے پر قائم رہ سکے گا، اور نفرت و انتشار کے بجائے محبت، قربانی، ایثار اور اخوت کی روشنی میں ترقی کی طرف گامزن ہوگا۔ 



اس تمام پس منظر میں، عید الاضحیٰ جیسے مواقع پر ہندوستانی مسلمانوں کی طرف سے جس تحمل، صبر، قانون پسندی، اور اعلیٰ اخلاق کا مظاہرہ کیا گیا، وہ نہ صرف ایک اخلاقی اور سماجی مثال ہے بلکہ ان تمام الزامات کو بھی جھٹلا دیتا ہے جو بعض شدت پسند حلقے مسلمانوں پر لگاتے ہیں۔ ان کا رویہ یہ واضح کرتا ہے کہ اسلام صرف عبادات کا مذہب نہیں، بلکہ رواداری، ایثار، اور معاشرتی ہم آہنگی کا بھی داعی ہے۔ اس طرز عمل کو نہ صرف سراہا جانا چاہیے بلکہ اکثریتی برادری اور ریاستی اداروں کے لیے ایک مشعل راہ بننا چاہیے۔ کیونکہ احترام صرف دوسروں سے مانگا نہیں جاتا، بلکہ اسے اپنے کردار، گفتار اور عمل سے کمایا جاتا ہے اور ہندوستانی مسلمان بار بار یہ ثابت کر چکے ہیں کہ وہ اس عظیم ذمہ داری کو نبھانے کے اہل ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ریاست، سماج، اور میڈیا بھی اسی بالغ نظری، انصاف پسندی اور انسانی اقدار کو اپنا شعار بنائیں، تاکہ ہندوستان واقعی ایک ایسا ملک بن سکے جہاں "سب کا ساتھ، سب کا وِکاس" محض نعرہ نہیں بلکہ ایک زندہ حقیقت ہو۔ کیونکہ بقرعید جیسے پُرامن اور روحانی تہوار پر ہندوستانی مسلمانوں نے جس صبر، نظم، اور اخلاق کا مظاہرہ کیا، وہ نہ صرف ان کے کردار کی پختگی کا آئینہ ہے بلکہ پورے ملک کے لیے ایک ضمیر کی دستک بھی ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کب تک ایک فریق کو صرف صبر، قربانی اور خاموشی کی تلقین کی جاتی رہے گی، اور کب وہ دن آئے گا جب انصاف، برابری اور مذہبی آزادی کو عملی طور پر سب کے لیے یکساں بنایا جائے گا؟ اس مضمون کا مقصد صرف شکایت نہیں بلکہ شعور ہے؛ صرف زخم نہیں بلکہ علاج کی طرف اشارہ ہے۔ اگر ہم واقعی ایک جمہوری، باوقار اور مہذب ہندوستان چاہتے ہیں تو ہمیں تعصب کے اندھیروں کو ختم کرنے کے لیے صرف اقلیتوں کی رواداری پر انحصار نہیں کرنا ہوگا، بلکہ اکثریتی طبقے، ریاستی اداروں، اور میڈیا کو بھی اس روشنی کا حصہ بننا ہوگا۔ ورنہ یہ چراغ، جنہیں ابھی تک طوفانوں نے بجھنے نہیں دیا، ایک دن تھک کر خود ہی گل ہو سکتے ہیں، اور اس کا خمیازہ صرف اقلیتیں نہیں، بلکہ پورا ہندوستان بھگتے گا۔



#EidulAdha | #EidulAzha | #Qurbani | #Muslim | #Islam | #Hindutva | #MobLynching | #IndianMuslims | #mdfurqanofficial | #PaighameFurqan | #MTIH | #TIMS