حضرات صحابہ کرامؓ کے بغیر دنیا اسلام سے خالی ہے، صحابہ پر زبان درازی کرنے سے بچیں!
مرکز تحفظ اسلام ہند کی آن لائن عظمت صحابہؓ کانفرنس سے مولانا صلاح الدین قاسمی اور مفتی ناصر ایوب ندوی کا خطاب!
بنگلور، 14/ اکتوبر (ایم ٹی آئی ہچ): مرکز تحفظ اسلام ہند کی آن لائن عظمت صحابہؓ کانفرنس کی انتیسویں نشست سے خطاب کرتے جمعیۃ علماء ضلع بنگلور کے صدر مولانا محمد صلاح الدین ایوبی قاسمی مدظلہ نے فرمایا کہ آج پوری دنیا میں اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرنے کے لیے طرح طرح کی کوششیں جاری ہیں لیکن یہ بات طئے ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت اسلام کو مٹا نہیں سکتے۔ اس لیے کہ اللہ تعالیٰ نے اسلام کے اندر ایک ایسی لچک رکھ دی ہے کہ جتنا ہی اسے دبائیں گے اتنا ہی وہ ابھرے گا۔ مولانا نے فرمایا کہ دشمنانِ اسلام شروع ہی سے اس کوشش میں لگے ہوئے ہیں کہ عام بھولے بھالے مسلمانوں کو اسلام کی دعوت و تبلیغ سے روکا جائے اور اسلام سے متنفر کرایا جائے اور اس کے لیے طرح طرح کے حربے استعمال کررہے ہیں، جن میں سے ایک حضرات صحابہؓ پر سے اعتماد کو ختم کرنا ہے، صحابہ کرامؓ پر طعن و تشنیع کے ذریعے انکی شخصیت کو مجروح کردیا جائے۔ حالانکہ حضرات صحابہؓ ہی کے ذریعے آج ہمارے پاس قرآن موجود ہے، اسلام کے سارے شعبے حضرات صحابہؓ ہی کی دین ہیں۔مولانا نے فرمایا کہ حضرات صحابہؓ اللہ کے نبیؐ کے عشق میں ڈوبے ہوئے تھے، ذرا برابر بھی ان سے اللہ و رسول ؐکی نافرمانی نہیں ہوئی، یہی وجہ ہے کہ حضرات صحابہؓ کو اللہ نے رضی اللہ عنہ کا مژدہ سنایا اور اللہ کے نبیؐ نے ستاروں کے مانند قرار دیکر کہا کہ جس کسی کی بھی اقتدا کرلو گے تو کامیاب ہو جاؤ گے۔ مولانا قاسمی نے فرمایا کہ حضراتِ صحابہؓ وہ ہیں جن پر ایمان لانے کی وجہ سے انکے رشتہ داروں، دوستوں نے تک ظلم کیا، کسی صحابی کو حصیر میں لپیٹ کر نیچے سے آگ کا دھواں دیا جاتا، کسی کو ننگا بدن عرب کی تپتی ہوئی ریت پر لٹا کر اوپر بھاری بھر کم چٹان کو رکھ دیا جاتا، اتنی ساری تکلیفوں، مصیبتوں کو برداشت تو کرلیا مگر ایمان کا سودا نہیں کیا۔ مولانا نے فرمایا کہ حضرات صحابہؓ ہیں تو امت ہے، حضراتِ صحابہ ؓہیں تو اسلام ہے، صحابہ کرامؓ کے بغیر دنیا اسلام سے خالی ہے۔ مولانا صلاح الدین قاسمی نے مرکز تحفظ اسلام ہند کی خدمات کو سراہتے ہوئے خوب دعاؤں سے نوازا۔
عظمت صحابہؓ کانفرنس کی ستائیسویں نشست سے خطاب کرتے ہوئے مدرسہ فیض العلوم خانقاہ بوڑیہ کے رفیق مفتی ناصر ایوب ندوی مدظلہ نے فرمایا کہ حضراتِ صحابہؓ وہ لوگ ہیں جنکے دلوں کو اللہ تعالیٰ نے تقوی کے لیے خالص کردیا ہے، انکے لیے مغفرت کا اعلان اور اجر عظیم ہے۔ جن کے بارے میں رسول اللہؐ نے فرمایا کہ میرے صحابہ ستاروں کے مانند ہیں، جسکی بھی اقتدا کرو گے راستہ پا جاؤ گے۔ مولانا نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے دین کی حفاظت اور اسکی سر بلندی کے لیے حضرات صحابہؓ کی پاکیزہ اور مقدس جماعت کو چنا اور حضرات صحابہؓ نے دین کی حفاظت کے لیے تن من دھن کی بازی لگادی۔ تاریخ گواہ ہے کہ ان سچے جانثاروں نے دین اسلام کی خاطر وہ قربانیاں پیش کی ہیں کہ جسکی نظیر پیش کرنے سے عالم انسانیت تہہ دامن سے خالی ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ یہی وہ صحابہؓ ہیں جنہوں نے پیغام خداوندی اور سنت مصطفوی کو عام کرنے کے لیے اپنی گردنیں کٹا دیں، اپنی بیویوں کو بیوہ اور بچوں کو یتیم کردیا، یہی وہ صحابہؓ ہیں جنہوں نے آفتاب ہدایت سے بلا واسطہ نور حاصل کیا، یہی وہ صحابہؓ ہیں جنہوں نے ہمیشہ ہمیش کے لیے آخرت کو دنیا پر ترجیح دی، یہی وہ صحابہؓ ہیں جو حق و صداقت کا مجسم نمونہ تھے، یہی وہ صحابہؓ ہیں جو سربکف مجاہد تھے، یہی وہ صحابہؓ ہیں جنکی نعش کو فرشتوں نے غسل دیا تھا، یہی وہ صحابہؓ ہیں جو موت سے نہیں بلکہ موت ان سے ڈرتی تھی، یہی وہ صحابہؓ ہیں جنکو سمندروں نے راستہ دیا۔ لیکن افسوس کہ ساتھ یہ کہنا پڑھ رہا ہے کہ آج کچھ لوگ حضرات صحابہؓ کی شان میں گستاخی کر رہے ہیں، صحابہ کرامؓ کو طعن و تشنیع کا نشانہ بنا رہے ہیں۔مفتی ناصر ایوب ندوی نے فرمایا کہ حضرات صحابہ کرامؓ بہت ہی مقدس اور بابرکت ہستیاں ہیں اس لیے صحابہ کی شان میں گستاخی کرنے سے بچنا چاہیے۔
No comments:
Post a Comment