Saturday, December 5, 2020

عقائد اسلام کا تحفظ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے!



 عقائد اسلام کا تحفظ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے!

مرکز تحفظ اسلام ہند کی فخریہ پیشکش ”سلسلہ عقائد اسلام“ کا آغاز!


بنگلور، 05/ ڈسمبر (ایم ٹی آئی ہچ): انسانی زندگی میں عقیدہ کی جو اہمیت ہے، اس کی مثال اس طرح ہے جس طرح کسی بھی عمارت میں بنیاد کی، یعنی اگر بنیاد صحیح، درست اور مضبوط ہوگی تو اس پر تعمیر ہونے والی ہر عمارت مضبوط اور دیر پا ہوگی، اور اگر بنیاد میں کسی قسم کی کمی ہوگی یا بنیاد صحیح مال لگا کر اور اچھے انداز پر نہیں رکھی جائے گی، تو اس پر تعمیر ہونے والی ہر عمارت بے کار، بے سود، بے فائدہ اور کمزور ہوگی اور اس کے بھیانک نتائج جلد آشکارا ہوجائیں گے۔ اسلام میں عقیدے کو اوّلیت حاصل ہے، پہلے خدا اور اس کے بھیجے ہوئے رسولوں اور کتابوں پر درست عقیدہ رکھنا ضروری ہوتا ہے پھر اس کے بعد ہی اعمال کی ابتدا ہوتی ہے۔ عقیدہ کی حیثیت اور اہمیت کسی پر پوشیدہ نہیں مگر حیرت اس بات پر ہے کہ عقائد کی حفاظت کے لیے جو محنت درکار ہے اس میں مجموعی طور پر حد درجہ تغافل سے کام لیا جارہا ہے۔ یہی وجہ ہیکہ آج جگہ جگہ فتنوں کی کثرت ہورہی ہے، نئے نئے ارتدادی فتنے مسلمانوں کے درمیان جنم لے رہے اور پنپ رہے ہیں، قدیم فلسفیوں کے زہریلے اثرات کو نئی نئی تعبیرات و زبان میں پیش کرکے اسلامی عقائد کو مسخ کرنے کی فکر میں دشمنانِ اسلام شب و روز مصروف ہیں۔ فتنوں کی کثرت اِس مرض کی علامت ہے کہ مسلمانوں کا عقیدہ کمزور ہوچکا ہے۔ ان تمام تر حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے 07/ ڈسمبر 2020ء سے مکمل ایک ماہ تک مرکز تحفظ اسلام ہند”سلسلہ عقائد اسلام“ کا آغاز کرنے جارہا ہے۔ تاکہ مسلمانوں کو کم از کم اسلام کے بنیادی عقائد سے واقفیت ہوجائے اور وہ اپنے عقائد کو مضبوط کریں تاکہ فتنوں سے بچاؤ میں مسلمان خود اپنی طاقت استعمال کرسکیں۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مرکز تحفظ اسلام ہند کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مرکز تحفظ اسلام ہند کی فخریہ پیشکش سلسلہ عقائد اسلام کی نگرانی خاص طور پر مرکز کے ناظم اعلیٰ مولانا محمد رضوان حسامی و کاشفی، اراکین شوریٰ مفتی محمد جلال الدین قاسمی، مولانا محافظ احمد، وغیرہ کریں گے۔ نظام الاوقات یومیہ پر روشنی ڈالتے ہوئے مرکز کے آرگنائزر حافظ حیات خان نے فرمایا کہ روزانہ بعد نماز ظہر جامعہ اسلامیہ مسیح العلوم بنگلور کے بانی و مہتمم، فقیہ العصر مفتی محمد شعیب اللہ خان مفتاحی مدظلہ کی کتاب ”اسلامی اسباق“ سے ایک عقیدہ اردو، ہندی اور رومن ترجمہ کے ساتھ اشتہار کی شکل میں شئیر کیا جائے گا اور روزانہ رات 07/ بجے مجلس تحفظ ختم نبوتؐ ہانگ کانگ کے امیر، وکیل احناف مولانا محمد الیاس مدظلہ کا مختصر و جامع درس ہوگا۔ اسی کے ساتھ ہفتہ وار نظام میں بعد نماز عشاء عقائد اسلام سے متعلق بروز پیر کو مضمون، بروز منگل کو فارم پیلٹ، بروز چہارشنبہ کو دارالعلوم دیوبند کا ایک فتویٰ، بروز جمعرات کو دارالعلوم دیوبند کی تجویز شدہ کتاب، بروز جمعہ کو اسلامی اسباق باب عقائد کی ویڈیو، بروز ہفتہ کو پریس ریلیز، بروز اتوار کو اکابر علماء دیوبند کے بیانات کی نشر و اشاعت ہوگی۔ اس سنہرے موقع پر مرکز تحفظ اسلام ہند نے امت مسلمہ سے درخواست کی کہ وہ مرکز تحفظ اسلام ہند کی سوشل میڈیا ڈسک تحفظ اسلام میڈیا سروس کے آفیشل اکاؤنٹس سے جڑ کر ان تمام چیزوں سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے اپنے اور دوسروں کے عقائد کی حفاظت کریں اور دوسروں کو جوڑ کر ثوابِ دارین حاصل کریں۔

No comments:

Post a Comment