بیجا رسوم و رواج اور جہیز کے لین دین سے بچتے ہوئے نکاح کو آسان بنائیں!
مرکز تحفظ اسلام ہند کی اصلاح معاشرہ کانفرنس سے مولانا عبد الرحیم رشیدی کا خطاب!
بنگلور، 29؍ مارچ (پریس ریلیز): آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے اصلاح معاشرہ کمیٹی کی دس روزہ آسان و مسنون نکاح مہم کی ملک گیر تحریک کے پیش نظر مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام منعقد آن لائن اصلاح معاشرہ کانفرنس کی پہلی نشست سے خطاب کرتے ہوئے جمعیۃ علماء کرناٹک کے صدر مولانا عبد الرحیم رشیدی صاحب نے فرمایا کہ نکاح ایک اہم عبادت ہے اور قرآن و حدیث میں نکاح کرنے کا واضح طریقہ بتایا گیا ہے اور حضرات فقہاء نے بڑی تفصیل سے نکاح کے ایک ایک جزو کی وضاحت فرمائی ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ نکاح ایک ایسی چیز ہے جو حضرت آدم ؑسے لیکر قیامت تک آنے والے ہر ایک شخص کی ضرورت ہے۔ نکاح جہاں انسان کی ضرورت ہے وہیں نکاح ایک سنت اور دین کا حصہ بھی ہے۔ اور یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہیکہ دین آسان ہے اور جب نکاح دین کا حصہ ہے تو شریعت نے نکاح کو بھی آسان ہی بنایا ہے۔ مولانا نے ایک حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ سب سے برکت والا نکاح وہ ہے جس کے اندر کم خرچ ہو، لیکن افسوس کی بات ہیکہ ہمارے معاشرے نے نکاح کو مشکل سے مشکل بنا دیا ہے۔ مولانا نے شادی بیاہ میں ہونے والی فضول خرچی پر روشنی ڈالتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے جنکو مال و دولت سے نوازا ہے انکو یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ وہ اللہ کی امانت ہے اور کل قیامت کے دن اسکا حساب و کتاب ہوگا، لہٰذا اسے فضول چیزوں میں خرچ کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔ مولانا نے فرمایا کہ آج کل لوگ سمجھتے ہیں کہ شادی بیاہ کو دھوم دھام سے کرنے سے معاشرے میں عزت ملتی ہے جبکہ انکو سمجھ لینا چاہیے کہ عزت و ذلت کا مالک اللہ ہے۔ اور سنت و شریعت کے خلاف ہونے والے کاموں سے عزت قطعاً نہیں مل سکتی۔ مولانا نے بڑے درد بھرے الفاظ میں فرمایا کہ شادی بیاہ میں فضول خرچی کرنے کے بجائے ہم لوگ غریبوں، یتیموں، مسکینوں اور بے قصور قیدیوں کی رہائی میں مدد کرسکتے ہیں۔انہوں نے فرمایا کہ ضرورت ہیکہ امت مسلمہ شادی بیاہ میں بیجا رسوم و رواج بالخصوص جہیز کے لین دین اور فضول خرچی سے بچتے ہوئے نکاح کو آسان اور مسنون طریقہ پر انجام دے۔ مولانا عبد الرحیم رشیدی نے فرمایا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی طرف سے آسان و مسنون نکاح کی جو مہم چلائے جارہی ہے، جس میں پورے ملک کی بڑی بڑی مؤقر جماعتیں اور تنظیمیں شامل ہیں، اس مہم کا ایک ہی مقصد ہیکہ نکاح کو آسان بنایا جائے اور مسنون طریقہ پر انجام دیا جائے اور جہیز کی لعنت کو معاشرے سے ختم کیا جائے۔ مولانا نے فرمایا کہ نکاح کی اس مہم کے سلسلے میں بورڈ کے ذمہ داران نے اقرار نامہ اور قراردادیں بھی جاری کیں ہیں لہٰذا پوری امت مسلمہ کو چاہئے کہ ان چیزوں کا اقرار کریں اور ان قرارداد پر مکمل عمل کرنے کی کوشش کریں۔ قابل ذکر ہیکہ اس موقع پر مولانا عبد الرحیم رشیدی نے مرکز تحفظ اسلام ہند کی خدمات کو سراہتے ہوئے خوب دعاؤں سے نوازا۔ مرکز کے آرگنائزر حافظ حیات خان نے بتایا کہ یہ آن لائن اصلاح معاشرہ کانفرنس مرکز تحفظ اسلام ہند کے آفیشل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر آئندہ دس دنوں تک رات 9؍ بجے مسلسل نشر ہوتا رہے گا۔ انہوں نے تمام سے شرکت کی اپیل بھی کی۔
No comments:
Post a Comment