عشقِ رسولﷺ کے حصول کیلئے نعت خوانی بہترین ذریعہ ہے!
مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام عظیم الشان کل ہند نعتیہ مشاعرہ، برادران اسلام سے شرکت کی اپیل!
بنگلور، 16؍ جون (پریس ریلیز): حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و سلم کی مدحت، تعریف و توصیف، شمائل و خصائص کے نظمی اندازِ بیاں کو نعت یا نعت خوانی یا نعت گوئی کہا جاتا ہے۔ اسلام کی تاریخ میں بہت سے صحابہ کرام نے نعتیں لکھیں اور یہ سلسلہ آج تک جاری و ساری ہے۔ خود اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کی بڑے اہتمام کے ساتھ مدح سرائی فرمائی ہے اور سارا قرآن پاک حضور اکرمؐ کی مدحت و توصیف بیان کرتا ہے۔ جس طرح دین اسلام کے محاسن بیان کرنے کی ضرورت ہے اسی طرح اس دین کو لانے والے کی خوبیاں بیان کرنا بھی ضروری ہے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مرکز تحفظ اسلام ہند کے بانی و ڈائریکٹر محمد فرقان نے کیا۔انہوں نے فرمایا کہ حضور نبی کریمؐ نے خود کئی مرتبہ حضرت حسان بن ثابت رضی اللہ عنہ سے نعت سماعت فرمائی ہے۔ انہوں کے کہا کہ دورِ صحابہ سے لے کر آج کے دور کے علماء و مشائخ تک حضور پاکؐ کی نعتوں کی روایت کو فروغ دیا کیونکہ اسلام کی ترویج و اشاعت کے ساتھ عشقِ رسولؐ ایمان کی تکمیل کے لئے ناگزیر ہے اور عشقِ رسولؐ کے حصول کے لئے نعت خوانی بہترین ذریعہ ہے۔ لہٰذا اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے مرکز تحفظ اسلام ہند بتاریخ 17؍ جون 2021ء بروز جمعرات ٹھیک رات 9:00 بجے سے ایک ”عظیم الشان آن لائن کل ہند نعتیہ معاشرہ“ منعقد کرنے جارہی ہے۔ جسکی صدارت شاعر اسلام حضرت مولانا قاری احسان محسن قاسمی صاحب (مہتمم جامعہ قاسم العلوم کٹیہسرہ، مظفرنگر یوپی) فرمائیں گے اور نظامت کے فرائض حضرت مولانا غفران ندوی صاحب (صدر المدرسین مدرسہ تعلیم القرآن شاخ ندوۃ العلماء لکھنؤ) انجام دینگے۔جبکہ ملک کے مشہور و معروف شعراء کرام مثلاً قاری عبدالباطن فیضی (فیض آباد، یوپی)، قاری اسعدصاحب بستوی (ممبئی)، مفتی طارق جمیل قاسمی قنوجی (یوپی)، قاری تابش ریحان (مؤناتھ بھنجن)، قاری ضیاء الرحمن فاروقی (ڈائریکٹر تحفظ دین میڈیا سروس، اورنگ آباد)، قاری اشفاق بہرئچی (یوپی)، قاری محمد عمران مصباحی (رکن مرکز تحفظ اسلام ہند) وغیرہ اس عظیم الشان آن لائن کل ہند نعتیہ مشاعرہ میں شرکت فرمائیں گے اور نعتیہ کلام سے سامعین کو محظوظ فرمائیں گے۔ یہ پروگرام مرکز تحفظ اسلام ہند کے آفیشیل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ مرکز کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے برادران اسلام سے کثیر تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ قابل ذکر ہیکہ اس موقع پر مرکز کے آرگنائزر حافظ محمد حیات خان اور مرکز کے رکن شوریٰ قاری عبد الرحمن الخبیر قاسمی بستوی بطور خاص شریک تھے۔
No comments:
Post a Comment