Saturday, June 26, 2021

مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام کل ہند نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد، ملک کے مشہور شعراء نے کی شرکت!



 مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام کل ہند نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد، ملک کے مشہور شعراء نے کی شرکت!

اتباع رسولؐ ہی حب رسولؐ کا اصل تقاضا ہے: مولانا 

محمد عمرین محفوظ رحمانی کا صدارتی خطاب 


 بنگلور، 26؍ جون (پریس ریلیز): مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام گزشتہ دنوں عظیم الشان آن لائن کل ہند نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد ہوا۔ جسکی صدارت مرکز تحفظ اسلام ہند کے سرپرست حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب (سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) نے فرمائی۔ جبکہ نظامت کے فرائض مدرسہ تعلیم القرآن شاخ دارالعلوم ندوۃ العلماء کے صدر المدرسین مولانا غفران احمد ندوی نے انجام دئے۔ نعتیہ مشاعرہ میں ملک کے مشہور و معروف شعراء اسلام نے شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے فرمایا کہ حضورؐ سے محبت اور الفت رکھنا ایمان کا تقاضا ہے۔ اور محبت کا معیار اور تقاضا یہ ہے کہ ہمیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت اپنی جان و مال، اولاد و والدین، عزیز و اقارب حتیٰ کہ ہر عزیز چیز سے زیادہ ہونی چاہیے اور یہی دین و ایمان کی اساس اور بنیاد ہے اور اگر اس میں کمی ہوگی تو دین و ایمان میں کمی اور خامی باقی رہ جائیگی۔ خود نبی کریمؐ نے ایک موقع پر فرمایا کہ قسم ہے اُس ذات کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے، تم میں سے کوئی شخص اس وقت تک مومن نہیں جب تک میں اس کو اس کے والد سے، اس کی اولاد سے اور تمام لوگوں سے محبوب نہ ہو جاؤں۔ مولانا نے فرمایا کہ ہماری ذمہ داری ہیکہ ہم حضورؐ سے سچی محبت کریں اور انکی اتباع کریں کیونکہ اصل محبت تو اتباع میں ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اتباع کرنا ہی آپؐ سے محبت کا اصل تقاضا ہے اور اصل محبت تو یہی ہے کہ ہم آپؐ کی پیروی کریں، آپؐ کی پسند ناپسند کو اپنی پسند ناپسند بنا لیں اور آپؐ کی حیات طیبہ کو اپنی زندگی کا شعار بنا لیں اور یہ تب ہی ہوسکتا ہے جب دل میں سچی محبت ہو اور ہم سچی محبت کے دعوے دار ہوں۔ مولانا رحمانی نے فرمایا کہ نعت خوانی کی مجالس بڑے مبارک ہوتے ہیں اور حضورؐ کی شان اقدس میں نعت لکھنا، پڑھنا اور سننا بڑی سعادت کی بات ہے۔ ہر دور میں شعراء اسلام نے نعتوں کی روایات کو فروغ دیا ہے کیونکہ عشقِ رسولؐ کے حصول کیلئے نعت خوانی ایک بہترین ذریعہ ہے۔ اس موقع پر عالمی شہرت یافتہ شعراء عظام قاری اسعد بستوی (ممبئی)، قاری تابش ریحان (مؤناتھ بھنجن)، قاری ضیاء الرحمن فاروقی (ڈائریکٹر تحفظ دین میڈیا سروس)، قاری محمد عمران مصباحی (رکن مرکز تحفظ اسلام ہند)، قاری محمد اسامہ قاسمی (فیض آباد، یوپی) وغیرہ نے منفرد انداز اور مسحور کن لہجے میں قیمتی اور ایمان افروز اشعار و نعتیہ کلام پیش کرتے ہوئے سامعین کے دلوں کو مزین کردیا۔ اس عظیم الشان کل ہند نعتیہ مشاعرہ کا آغاز مرکز تحفظ اسلام ہند کے آرگنائزر حافظ محمد حیات خان کی تلاوت سے ہوا۔ جبکہ مرکز کے رکن شوریٰ قاری عبد الرحمن الخبیر قاسمی بستوی نے تمام شعراء کا استقبال کرتے ہوئے مرکز کی خدمات پر مختصراً روشنی ڈالی۔ پروگرام کے اختتام پر مرکز کے بانی و ڈائریکٹر محمد فرقان نے تمام ہی شعراء، مہمانان خصوصی اور آنے والے سامعین کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر صدر مشاعرہ مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی اور تمام شعراء کرام نے مرکز تحفظ اسلام ہند کی خدمات کو سراہتے ہوئے خوب دعاؤں سے نوازا اور مرکز کے رکن شوریٰ مولانا محمد طاہر قاسمی کی دعا سے یہ کل ہند نعتیہ مشاعرہ اختتام پذیر ہوا۔

2 comments:

  1. السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
    میں محمد ساجد حسین رحمانی استاد مدرسہ رحمانیہ سوپول دربھنگہ بہار سے

    ReplyDelete
  2. السلام علیکم ورحمت اللہ وبرکاتہ
    میں حافظ محمد سفیان شہر نظام آباد بانسواڑہ سے متعلم جامہ احیاء العلوم حیدرآباد

    ReplyDelete