Sunday, August 15, 2021

ہندوستان کی آزادی مسلمانوں کی مرہون منت ہے، مسلمانوں کی سنہری تاریخ ہمیشہ زندہ رہے گی!









 ہندوستان کی آزادی مسلمانوں کی مرہون منت ہے، مسلمانوں کی سنہری تاریخ ہمیشہ زندہ رہے گی!

مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام یوم آزادی کے موقع پر جشن یوم آزادی کانفرنس!


بنگلور، 14؍ اگست (پریس ریلیز): یوم آزادی 15؍ اگست کی تاریخ ہندوستان کی ایک یادگار اور اہم ترین تاریخ ہے، اسی تاریخ کو ہمارا یہ پیارا وطن ہندوستان انگریزوں کی غلامی سے آزاد ہوا، اور طوقِ سلاسل کا سلسلہ ختم ہوا۔ ہندوستان کو طویل جدوجہد کے بعد آزادی کی نعمت حاصل ہوئی، جس کے لیے ہمارے اسلاف نے زبردست قربانیوں کا نذرانہ پیش کیا، جان و مال کی قربانیاں دیں، تحریکیں چلائیں، تختہ دار پر چڑھے، پھانسی کے پھندے کو جرأت و حوصلہ اور کمال بہادری کے ساتھ بخوشی گلے لگایا، قید و بند کی صعوبتیں جھلیں اور حصولِ آزادی کی خاطر میدان جنگ میں نکل پڑے، اور تقریباً دو سو سال تک مسلسل قربانیوں اور جانفشانیوں کے بعد آزادی کا یہ دن دیکھنے کو نصیب ہوا اور انگریز ملک سے نکل جانے پر مجبور ہوئے اور ہندوستان آزاد ہوا۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مرکز تحفظ اسلام ہند کے بانی و ڈائریکٹر محمد فرقان نے کیا۔انہوں نے فرمایا کہ ہندوستان کی آزادی کی کہانی اور تاریخ مسلمانوں کے خون سے لکھی گئی ہے۔ آبادی کے لحاظ سے کم تناسب کے باوجود جدوجہد آزادی میں مسلمانوں نے نہ صرف بڑھ چڑھ کر حصہ لیا بلکہ اپنے وطن عزیز کی آزادی کو یقینی بنانے کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے بھی پیش کئے۔ آج ہم جو اطمینان اور سکون کی زندگی گزاررہے ہیں، اور آزادی کے ساتھ جی رہے ہیں یہ سب ہمارے مسلم عوام اور علماء کی دَین ہے۔ اگر مسلمان میدان جنگ میں نہ کودتے اور علماء مسلمانوں کے اندر جذبہ جہاد و آزادی کو پروان نہ چڑھاتے تو پھر شاید کبھی یہ ہندوستان غلامی سے نجات نہیں پاسکتا تھا۔ بلکہ ہندوستان کی آزادی مسلمانوں ہی کی مرہون منت ہے۔کیونکہ ہم نے اس راہ میں اپنا اتنا خون بہایا ہیکہ دوسروں نے اتنا پسینہ بھی نہیں بہایا ہوگا۔ یہ ایک تاریخی حقیقت اور ناقابل فراموش سچائی ہے کہ مسلمانوں نے ہی سب سے پہلے اور سب سے زیادہ اس ملک کو آزاد کرانے کی کوشش کی، اور اپنی آنکھوں میں اپنے پیارے وطن کی آزادی کے خواب لیے جان وتن نچھاور کیا۔ سخت ترین اذیتوں کو جھیلا، خطرناک سزاؤں کو برادشت کیا، طرح طرح کی مصیبتوں سے دوچار ہوئے، حالات و آزمائشوں میں گرفتار ہوئے، لیکن برابر آزادی کا نعرہ لگاتے رہے اور ہر ہندوستانی کو بیدار کرتے رہے، کبھی میدان سے راہ فرار اختیار نہیں کی اور نہ ہی کسی موقع پر ملک وطن کی محبت میں کمی آنے دی۔ محمد فرقان نے فرمایا کہ افسوس کی بات ہیکہ جدوجہد آزادی میں جس قوم مسلم نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں آج اسکی تاریخ کو مٹانے کی بھر پور کوشش کی جارہی ہے اور مسلمان بھی اس سلسلے میں غفلت کا شکار نظر آرہے ہیں۔ایک سازش کے تحت فرقہ پرست طاقتیں مسلمانوں کی قربانیوں کو جان بوجھ کر چھپانے اور عوام کی نظروں سے اوجھل کرنے کی کوششیں کررہی ہیں۔ ایسے دور میں ضرورت ہیکہ ہم اپنے اسلاف کی قربانیوں کی روشن تاریخ کو ملک کے چپے چپے تک پہنچائیں بالخصوص ملت اسلامیہ ہندیہ کے نونہالوں کو اپنی تاریخ سے واقف کروائیں، کیونکہ جو قوم اپنی تاریخ ماضی فراموش کردے اسکا وجود ختم ہوجاتا ہے۔مرکز کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے فرمایا کہ اسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے مرکز تحفظ اسلام ہند نے یوم آزادی کے موقع پر ”عظیم الشان آن لائن جشن یوم آزادی کانفرنس“ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کی صدارت جمعیۃ علماء اترپردیش کے صدر نواسہئ شیخ الاسلام حضرت مولانا سید اشہد رشیدی صاحب (مہتمم جامعہ قاسمی شاہی مرادآباد) فرمائیں گے، جبکہ بطور مہمانان و مقررین خصوصی کے طور پر دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث حضرت مولانا مفتی اشرف عباس قاسمی صاحب، جمعیۃ علماء تمل ناڈو کے صدر حضرت مولانامفتی سبیل احمد قاسمی صاحب اور جمعیۃ علماء کرناٹک کے صدر حضرت مولانا عبد الرحیم رشیدی صاحب شرکت فرمائیں گے۔جبکہ مرکز کے رکن شوریٰ قاری عبد الرحمن الخبیر قاسمی بستوی کی تلاوت اور قاری فخر الاسلام کبیر نگری کے نعتیہ اشعار سے کانفرنس کا آغاز ہوگا اور جمعیۃ علماء رائچور کے صدرمفتی سید ذیشان حسن قادری قاسمی کانفرنس کی نظامت کے فرائض انجام دینگے۔ یہ کانفرنس مرکز تحفظ اسلام ہند کے آفیشیل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر 15؍ اگست بروز اتوار کی رات 9:00سے براہ راست لائیو نشر کیا جائے گا۔محمد فرقان نے تمام اہل وطن سے اپیل کی کہ وہ اس اہم اور عظیم الشان آن لائن جشن یوم آزادی کانفرنس میں شرکت کرکے شکریہ کا موقع عنایت فرمائیں اور جنگ آزادی کی حقیقی تاریخ سے پورے ملک کو واقف کرائیں۔

No comments:

Post a Comment