مجلس احرار اسلام ہند صوبۂ کرناٹک کے عہدیداران کا انتخاب!
مفتی مجیب اللہ رشادی و قاسمی صدر اور محمد فرقان جنرل سکریٹری منتخب!
تاج ختم نبوتؐ کی حفاظت مجلس احرار کا اولین مقصد: مولانا محمد عثمان لدھیانوی
بنگلور، 31؍ جنوری (پریس ریلیز): تحریک آزادیٔ ہند میں جن انقلابی جماعتوں نے اپنے مذہب و قوم اور وطن کے لیے انگریز سامراج کا مقابلہ کیا اور جدوجہد آزادی میں لازوال و بے مثال ایثار و قربانی اور ایمان و عزیمت کی داستانیں رقم کیں ان میں مجلس احرار اسلام ہند سر فہرست ہے۔ جس کی جرأت، استقامت، بہادری اور بے باکی کی داستانیں تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ مجلس احرار اسلام ہند کا بنیادی مقصد جہاں ایک طرف ملک کی آزادی تھی وہیں تاج ختم نبوتؐ کی حفاظت بھی تھی۔ جن میں احرار نہ صرف کامیاب ثابت ہوئی بلکہ ہند کی آزادی اور تاج ختم نبوتؐ کی حفاظت میں مجلس احرار کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ جس مقصد سے رئیس الاحرار مولانا حبیب الرحمن لدھیانوی ؒ، امیر شریعت مولانا سید عطاء اللہ شاہ بخاری ؒ اور دیگر اکابرین نے سن 29؍ ڈسمبر 1929ء کو مجلس احرار اسلام ہند کی بنیاد رکھی تھی اور جسے قائد الاحرار مولانا حبیب الرحمن ثانی لدھیانوی ؒ نے اپنے خون جگر سے سینچا تھا، آج اسی مشن کو قائد نوجوان حضرت مولانا محمد عثمان رحمانی لدھیانوی نے باقی رکھا ہے۔ اور انکی مدبرانہ صلاحیتوں سے حلقۂ احرار مزید وسیع ہورہا ہے۔ اسی پس منظر میں آج مجلس احرار اسلام ہند صوبۂ کرناٹک کی صوبائی کمیٹی کی تشکیل نو عمل میں آئی۔ جس میں مجلس احرار اسلام ہند کے قومی صدر مولانا محمد عثمان لدھیانوی کے ایماء پر مجلس احرار اسلام صوبۂ کرناٹک کیلئے حضرت مفتی سید مجیب اللہ رشادی و قاسمی کو صدر، محمد فرقان کو جنرل سکریٹری، مولانا محمد طاہر قاسمی اور مولانا محمد نظام الدین مظاہری کو نائب صدور، حافظ سمیع اللہ جاکاتی اور حافظ محمد حیات خان کو جوائنٹ سیکرٹریز اور قاری عبد الرحمن الخبیر قاسمی کو ترجمان نامزد کیا گیا۔ احرار کے قومی جنرل سکریٹری شاہنواز احمد نے بتایا کہ یہ تقریری الگے پانچ سال کیلئے کی گئی ہیں۔ اس موقع پر احرار کے قومی صدر مولانا محمد عثمان لدھیانوی نے فرمایا کہ مجلس احرار اسلام ہند بھارت کے عظیم الشان اکابرین کی جماعت ہے اور احرار کا اولین مقصد تاج ختم نبوتؐ کی حفاظت کرنا ہے، نیز دشمن عناصر کو بے نقاب کرنے کے ساتھ ساتھ مظلوموں کی مدد کرنا، عوام بالخصوص ملک کی اقلیتوں کو خوف سے دور باوقار زندگی گزارنے میں نمایا کردار ادا کرنا ہے اور ملک میں آپسی بھائی چارے کو مضبوط کرنا ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ مجلس احرار نے ہمیشہ اپنے اکابرین کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے ملک و ملت کے طول و عرض میں نمایاں خدمات انجام دیں ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صوبۂ کرناٹک کے نو منتخب ذمہ داران احرار بھی اسکے پابند ہونگے اور ریاست میں مجلس احرار کو مزید مضبوط اور مستحکم بنائیں گے۔ اس موقع پر مجلس احرار اسلام کرناٹک کے نو منتخب عہدیداران نے احرار کے قومی صدر اور شوریٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے فرمایا کہ احرار کے بینر تلے ان شاء اللہ ہم لوگ پوری ریاست کرناٹک میں ختم نبوت کے تحفظ کیلئے کام کریں گے اور احرار کے پیغام کو امت مسلمہ کے ہر ایک فرد تک پہنچانے کی کوشش کرتے ہوئے اپنے فرائض کو بحسن وخوبی انجام دینگے۔ اللہ تعالیٰ ہم تمام کو اس فرض منصبی پر ثابت قدم عطاء فرمائے۔ آمین
Mashaallah
ReplyDelete