رمضان المبارک کے قیمتی اوقات عبادت و ریاضت میں گزاریں!
مرکز تحفظ اسلام ہند کے جلسۂ استقبال رمضان سے مفتی افتخار احمد قاسمی کا خطاب!
بنگلور، 02؍ اپریل (پریس ریلیز): مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام منعقد جلسۂ استقبال رمضان سے خطاب کرتے ہوئے مرکز کے سرپرست اور جمعیۃ علماء کرناٹک کے صدر حضرت مولانا مفتی افتخار احمد قاسمی صاحب مدظلہ نے فرمایا کہ رمضان المبارک کی آمد آمد ہے، ہر طرف مومن کے اندر اس کے تئیں اظہار مسرت ہے۔ یہ وہ مبارک مہینہ ہے جس کا انتظار ایک مسلمان سال بھر کرتا ہے کیونکہ یہ مبارک مہینہ رحمت، مغفرت اور جہنم سے نجات کا پروانہ لیکر آتا ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ رمضان المبارک ہر ایمان والے مومن بندے کیلئے اللہ تعالیٰ کی جانب سے عظیم تحفہ ہے۔ لہٰذا ہمارا یہ فرض بنتا ہے کہ اس ماہ مبارک کا اسی شان کے ساتھ استقبال کریں اور پورا مہینہ عبادت و ریاضت میں گزاریں۔ مولانا قاسمی نے فرمایا کہ رمضان المبارک سے پہلے رمضان کی تیاری کرنا ضروری ہے، تاکہ رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ کی رحمتوں، برکتوں اور مغفرتوں سے کما حقہ فائدہ اٹھایا جا سکے۔ مولانا نے فرمایا کہ رمضان المبارک بڑی عظمتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے۔ اس میں ایک ایسی رات ہے جو ہزار مہینوں سے افضل ہے۔ اس مہینے کے روزے کو اللہ تعالیٰ نے فرض قرار دیا ہے اور اس کی راتوں میں تراویح کو سنت قرار دیا ہے۔ روزہ سے مسلمانوں میں تقویٰ پیدا ہوتا ہے اور رمضان المبارک کی غرض و غایت تقویٰ کا حصول ہے۔ مرکز کے سرپرست مفتی افتخار احمد قاسمی نے فرمایا کہ رمضان المبارک ہی وہ عظیم مہینہ ہے، جس میں قرآن مجید نازل کیا گیا جو انسانوں کیلئے سراسر ہدایت ہے اور ایسی واضح تعلیمات پر مشتمل ہے جو راہِ راست دکھانے والی اور حق و باطل کا فرق کھول کر رکھ دینے والی ہیں۔ مولانا قاسمی نے فرمایا کہ رمضان المبارک کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جسکا پہلا عشرہ رحمتوں والا، دوسرا عشرہ مغفرتوں والا اور تیسرا عشرہ جنہم سے نجات کا پروانہ والا ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ حقیقت یہ ہے کہ پورا رمضان المبارک ہی نہایت قیمتی اثاثہ ہے لیکن اس کے آخری عشرے کی فضیلت چند در چند ہے۔ اس عشرے میں اعتکاف کی سنت ادا کی جاتی ہے۔ اعتکاف کے علاوہ اس عشرے میں ایک نہایت مہتم بالشان رات لیلۃ القدر کی ہے۔ اس رات کی فضیلت و عظمت یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس کو ایک ہزار مہینوں سے افضل قرار دیا ہے۔ لہٰذا ہمیں چاہیے کہ رمضان المبارک میں اپنے قیمتی اوقات کو زیادہ سے زیادہ عبادت و ریاضت میں صرف کریں۔ مولانا نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ ہمیں رمضان کا بہترین استقبال کرنے، اس مہینے سے ہر طرح کا فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کرے اور رمضان میں بکثرت اعمال صالحہ انجام دینے کی توفیق دے اور ان اعمال کو آخرت میں نجات کا ذریعہ بنائے۔ قابل ذکر ہیکہ اس موقع پر مفتی افتخار احمد قاسمی نے مرکز تحفظ اسلام ہند کی خدمات کو سراہتے ہوئے خوب دعاؤں سے نوازا اور رمضان المبارک کے پروگرامات کی کامیابی کیلئے دعا فرمائی۔ واضح رہے کہ رمضان المبارک میں مرکز تحفظ اسلام ہند کی زیر اہتمام مختلف پروگرامات منعقد کئے جارہے ہیں۔مرکز کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے تفصیلات بتاتے ہوئے فرمایا کہ روزانہ بعد نماز تراویح ٹھیک رات 10:15 بجے سے سرپرست مرکز مفسر قرآن حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب مدظلہ آسان اور عام فہم انداز میں قرآن مجید کی تفسیر بیان فرمائیں گے، اور روزانہ بعد نماز ظہر ٹھیک دوپہر 2:15 بجے سلسلہ مسائل رمضان منعقد کیا جائے گا، اور ہر سنیچر فضائل رمضان و حالات حاضرہ کانفرنس منعقد ہوگی۔تمام برادران اسلام سے کثیر تعداد میں شرکت کی خاص اپیل ہے۔
No comments:
Post a Comment