حضرات صحابہ کرامؓ معیار حق، امت کے محسن اور مشعل راہ ہیں، انکی شان میں گستاخی کفر و گمراہی ہے!
علماء کرام کے ولولہ انگیز خطابات سے مرکز تحفظ اسلام ہند کا عظیم الشان ”عظمت صحابہؓ کانفرنس“ سے اختتام پذیر!
بنگلور، 29؍ اگست (پریس ریلیز): حضرات صحابہ کرامؓ کی مقدس جماعت کمالات نبوت کی آئینہ دار، اوصاف رسالت کی مظہر اتم، دین اسلام کے ترجمان وعلم بردار، قرآن عظیم کے محافظ وپاسبان، سنت نبوی کے عامل ومبلغ، بلند سیرت وکردار کے حامل وداعی اور امت مسلمہ کے محسن ومعمار ہیں، ان کی قوت ایمانی، جاں نثاری و جاں سپاری، ثابت قدمی و بہادری اور خدا اور رسولؐ سے ان کی محبت بے مثال ہے۔ ان کی سیرت پوری امت مسلمہ کے قابل تقلید، نمونۂ عمل اور نجات کا پیش خیمہ ہے، اس لیے ہمیں چاہیے کہ ہم ان کی اتباع کریں کیونکہ ان کی اتباع ہی امت مسلمہ کو گمراہی و ضلالت سے نجات دلاسکتی ہے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مرکز تحفظ اسلام ہند کے بانی و ڈائریکٹر محمد فرقان نے کیا۔ انہوں نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ تمام صحابہ کرامؓ سے راضی اور وہ سب کے سب اللہ تعالیٰ سے راضی ہیں، دنیا میں اللہ نے ان کے جنتی ہونے کی بشارت قرآن کریم میں ذکر فرما دی ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ یہ دین امت کو صحابہ کرامؓ ہی کے ذریعہ ہم تک پہنچا ہے، ہمارے اور پیغمبر صلی اللہ علیہ و سلم کے درمیان صحابہؓ کی ذات ہی واسطہ ہے، اور جب وہی مجروح اور ناقابل اعتماد قرار پائیں گے، تو جو دین اور شریعت ان کے واسطے سے ہم تک پہنچی ہے، وہ کہاں قابل اعتماد رہ سکتی ہے؟ ان نفوس قدسیہ کو مطعون و متہم کرنا درحقیقت دین کی پوری عمارت کو متزلزل اور پوری شریعت کو باطل اور ناقابل اعتبار بنانے کی سعی ناروا ہے، دشمنان اسلام کا یہ وہ وار ہے جس کے ذریعے وہ مسلمانوں کو دین سے کاٹنا چاہتے ہیں۔ محمد فرقان نے فرمایا کہ اسی کے پیش نظر صحابہ کرامؓ کی دفاع کیلئے اور انکی سیرت کو عام کرنے کیلئے مرکز تحفظ اسلام ہند نے امسال بھی عظیم الشان آن لائن ہفت روزہ ”عظمت صحابہؓ کانفرنس“منعقد کرنے کا فیصلہ کیا۔ جس سے حضرت مولانا سید احمد ومیض صاحب ندوی نقشبندی مدظلہ (استاذ حدیث دارالعلوم حیدرآباد)، حضرت مولانا محمد مقصود عمران صاحب رشادی مدظلہ (امام و خطیب جامع مسجد سٹی بنگلور)، حضرت مفتی اسعد قاسم صاحب سنبھلی مدظلہ (مہتمم جامعہ شاہ ولی اللہ، مرادآباد)، حضرت مفتی محمد شفیق احمد صاحب قاسمی مدظلہ (رکن شوریٰ دارالعلوم دیوبند)، حضرت مفتی سبیل احمد صاحب قاسمی مدظلہ (رکن شوریٰ مظاہر العلوم سہارنپور و صدر جمعیۃ علماء تمل ناڈو)، حضرت مولانا سید بلال حسنی صاحب ندوی مدظلہ (ناظر عام دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ) نے ولولہ انگیز خطاب فرمایا۔ اس عظیم الشان ”عظمت صحابہؓ کانفرنس“ کی اختتامی نشست حضرت مولانا مفتی افتخار احمد صاحب قاسمی مدظلہ (سرپرست مرکز تحفظ اسلام ہند و صدر جمعیۃ علماء کرناٹک) کی زیر صدارت منعقد ہوئی، جس میں حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب مدظلہ (سرپرست مرکز تحفظ اسلام ہند و سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ) کا کلیدی خطاب ہوا۔ یہ کانفرنس مرکز تحفظ اسلام ہند کے آفیشیل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر براہ راست نشر کیا جا رہا تھا، جسے سننے والوں کی تعداد ہزاروں میں تھی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تمام اکابر علماء کرام نے فرمایا کہ حضرات صحابہ کرامؓ معیار حق اور دین کی بنیاد ہیں، جو اسلام کے عالمگیر اور آفاقی پیغام کے داعی اور علمبردار تھے۔وہ امت کے محسن ہیں جنہوں نے دین و اسلام کی بقا اور اشاعت کیلئے سب کچھ قربان کردیا۔ صحابہ کرامؓ کی عظمت و شان بڑی بلند وبالا ہے۔ ان کو برا بھلا کہنا، ان کی عیب جوئی اور انکی تنقیص وتحقیر کرنا حرام و ناجائز اور غیر مشروع، اور اسلام وایمان کے تقاضہ کے بالکل خلاف ہے۔ دین اسلام سے وابستگی کا دعوی کرنے والے کسی بھی فرد کا یہ کام ہرگز نہیں ہوسکتا کہ وہ ان مقدس شخصیات میں سے کسی بھی فرد کو طعن و تشنیع اور نقد و تنقید کا نشانہ بنائے۔ ان پر رکیک الزامات لگائے، ان کے خلاف بہتان تراشی کرے۔ بلاشبہ اسلام کے ان جانثاروں کوہدف ملامت وہی بدبخت بنا سکتا ہے، جو عقل و فہم اور شرافت و دیانت سے مکمل عاری ہو، جس کے دل مین نفاق ہو، اور جس کا قلب نور ایمان سے خالی ہو، جسے اسلام کی عظمت و سربلندی اور دین محمدیؐ کی ترقی اور ترویج واشاعت ایک آنکھ نہ بھاتی ہو۔ اکابرین نے فرمایا کہ جو لوگ شعوری یا غیر شعوری طور پر اصحاب رسولؐ کی شان میں گستاخی کا شکار ہوجاتے ہیں، ان کے دلوں میں ایمان و یقین کی بنیادیں کمزور پڑجاتی ہیں۔ انہوں نے واضح الفاظ میں فرمایا کہ جو شخص صحابہ کرامؓ کو مطعون کرے، ان پر سبّ و شتم اور ان کو برا بھلا کہے، تو وہ ملحد وزندیق اور اسلام کو خیرباد کہنے والا ہے۔ لہٰذا ہمیں صحابہ ؓپر طعن و تشنیع کرنے سے بچنا چاہیے اور انکی سیرت کو اپنانا چاہیے، انہیں کی سیرت کو اپنانے سے ہم دونوں جہاں میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔قابل ذکر ہیکہ اس موقع پر تمام اکابر علماء کرام نے مرکز تحفظ اسلام ہند کی خدمات کو سراہتے ہوئے خوب دعاؤں سے نوازا اور ”عظمت صحابہؓ کانفرنس“ کے شاندار انعقاد پر مبارکبادی پیش کی۔اختتام سے قبل مرکز تحفظ اسلام ہند کے بانی و ڈائریکٹر محمد فرقان نے تمام اکابر علماء کرام، سامعین عظام اور اراکین مرکز کا شکریہ ادا کیا۔ اور سرپرست مرکز حضرت مولانا مفتی افتخار احمد قاسمی صاحب کی دعا سے یہ عظیم الشان ہفت روزہ ”عظمت صحابہؓ کانفرنس“ اختتام پذیر ہوا۔
#Press_Release #News #AzmateSahaba #Sahaba #MTIH #TIMS
No comments:
Post a Comment