رام نگر میں موسلا دھار بارش اور سیلاب کی وجہ سے ہزاروں افراد متاثر اور سینکڑوں گھر تباہ!
سیلاب زدہ علاقوں کا جمعیۃ علماء کرناٹک نے کیا معائنہ، متاثرین کی راحت رسانی کیلئے مہم کا آغاز!
بنگلور، یکم؍ ستمبر (پریس ریلیز): شریعت اسلامیہ میں خدمت خلق کو بڑی اہمیت دی گئی ہے، روئے زمین پر بسنے والے ہر جاندار سے ہمدردی کرنا، گاہے بگائے انکا خیال رکھنا اور حتیٰ الامکان انکی مدد کرنا مسلمانوں کا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ اور دور حاضر میں مسلمانانِ ہند کی سب سے بڑی اور قدیم مذہبی تنظیم جمعیۃ علماء ہند کے ذمہ داران اور کارکنان حقیقی معنوں میں ان اوصاف کا نمونہ ہیں۔ ملک میں جہاں کہیں بھی کوئی پریشانی یا آفت پیش آتی ہے تو وہاں جمعیۃ علماء ہند کے خدام سب سے پہلے نظر آتے ہیں۔ بالخصوص مظلوموں اور بے کسوں کی مدد اور سیلاب و آفات میں اجڑے لوگوں کی بازآبادکاری، بے قصور قیدیوں کی رہائی سمیت دیگر ہر محاذ پر جمعیۃ علماء ہند نے خدمت خلق کی ایسی عظیم تاریخ رقم کی ہے جو آب زر سے لکھنے کے قابل ہے۔ ابھی ریاست کرناٹک کے جنوب میں واقع رام نگر ضلع مسلسل موسلا دھار بارش اور سیلاب کی وجہ سے شدید متاثر ہوا ہے، ہزاروں افراد اس قدرتی آفت کے زد میں آچکے ہیں، لوگوں کا تمام مال و اسباب سیلاب کی نذر ہوچکا ہے، ہزاروں لوگ بے گھر ہوگئے ہیں، سینکڑوں مکانات جزوی یا مکمل تباہ ہو چکے ہیں۔ پڑوسی علاقوں میں واقع شادی محل اور دیگر جگہوں پر لوگ عارضی طور پر پناہ گزیں ہیں۔ جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر امیر الہند حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب مدظلہ کی ہدایت پر جمعیۃ علماء کرناٹک کے ایک بڑے وفد نے ان سیلاب زدہ علاقوں کا معائنہ کیا اور وہاں پر سیلاب زدگان کی راحت رسانی کے مہم کا آغاز کیا ہے۔ ہنگامی طور پر متاثرہ علاقے کے ایک مقام عاشور خانہ کمیٹی، مین روڈ، نزد ریلوے اسٹیشن، طوف خانہ محلہ، رام نگر میں جمعیۃ علماء کرناٹک نے ایک راحت رسانی کا کیمپ قائم کردیا ہے، جہاں جمعیۃ کے ذمہ داران مفتی عبد الرزاق، اقلیم پاشاہ، مولانا محمد اسماعیل کاشفی، وغیرہ متاثرین کی راحت رسانی کیلئے موجود رہیں گے۔ بارش کی کثرت اور اس کے بعد سیلاب کی تباہی کے جو مناظر اور انسانی زندگی کے جو کربناک حالات ہیں وہ دردمند دل رکھنے والے انسان کے رونگٹے کھڑے کردینے والے ہیں۔ اس قیامت خیز سیلاب کے متاثرین کے ساتھ جمعیۃ علماء کرناٹک برابر کھڑی ہے اور حتیٰ المقدور سیلاب متاثرین کی راحت رسانی کیلئے بلاتفریق مذہب وملت ریلیف کا کام کررہی ہے۔ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے خاص طور پر ضروریات زندگی کے سامان کی فراہمی کیلئے جمعیۃ علماء کرناٹک نے ہنگامی طور پر برادران اسلام سے امداد کی اپیل جاری کی ہے۔ لہٰذاجو حضرات رام نگر کے سیلاب متاثرین کیلئے امداد کرنا چاہتے ہیں وہ جمعیۃ علماء کرناٹک (مولانا ارشد مدنی) کے ذمہ داران سے رابطہ کرسکتے ہیں۔ قابل ذکر ہیکہ وفد میں جمعیۃ کرناٹک کے صدر مولانا عبد الرحیم رشیدی، جنرل سکریٹری محب اللہ خان امین، جمعیۃ علماء بنگلور کے صدر مولانا محمد صلاح الدین قاسمی، نائب صدرو مولانا آدم قاسمی، مولانا عتیق احمد بیگ، مولانا جنید، حافظ محمد آصف سمیت جمعیۃ علماء کے دیگر ذمہ داران مفتی عبد الرزاق، مولانا ارشاد، مفتی سبیل، حافظ عبد العلیم، محمد فاضل، امتیاز احمد، عطاء اللہ، سید امین، اعجاز سادات، سردار احمد، محمد فرقان، محمد حیات خان وغیرہ خصوصی طور پر شریک تھے، علاقے کا معائنہ کرانے میں مقامی سابق کونسلر محمد عظیم نے جمعیۃ علماء کے وفد کا بھرپور ساتھ دیا۔قابل ذکر ہیکہ اس کار خیر میں دیگر تنظیمیں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔
#Press_Release #Jamiat #News #RamanagarFlood #Flood #FloodRelief #MTIH #TIMS
No comments:
Post a Comment