Saturday, November 5, 2022

 عقیدۂ ختم نبوتؐ کی حفاظت میں شعرائے اسلام کی خدمات ناقابل فراموش ہیں!


مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام ”عظیم الشان آن لائن نعتیہ معاشرہ بر شان عقیدۂ ختم نبوتؐ“، برادران اسلام سے شرکت کی اپیل!


بنگلور، 05؍ نومبر (پریس ریلیز): حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے آخری نبی اور آخری رسول ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کو اس جہاں میں بھیج کر بعثت انبیاء کا سلسلہ ختم فرما دیا ہے۔ اب آپ ؐ کے بعد کوئی نبی مبعوث نہیں ہوگا۔ یہی عقیدہ ختم نبوتؐ ہے، جسکو تسلیم کرنا عین اسلام و ایمان ہے اور جو اسکا انکار کے وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے۔ دورِ صحابہ سے لے کر اب تک جتنے بھی افراد نے نبوت کا جھوٹا دعویٰ کیا ان کے فاسد اور کفریہ عقائد و نظریات کی ہر دور میں تردید کی جاتی رہی ہے۔ ان کذابوں کی دروغ گوئی کا ہر زمانے میں پردہ چاک کرنے میں علمائے کرام کے ساتھ ساتھ شعرائے اسلام نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ مذکورہ خیالات اظہار مرکز تحفظ اسلام ہند کے بانی و ڈائریکٹر محمد فرقان نے کیا۔انہوں نے فرمایا کہ شعرائے اسلام نے مختلف انداز میں اپنی قوتِ متخیلہ کو بروے کار لاتے ہوئے اپنی نعتوں اور دیگر اصناف کے وسیلے سے عقیدہ ختم نبوتؐ کو اشعار کے پیکر میں ڈھالنے کی خوب صورت کوششیں کی ہیں۔ خاص طور پر اردو شعر و شاعری پر جب ہم طائرانہ نگاہ ڈالتے ہیں تو بیشتر شعراء کے یہاں نبی آخرالزماں صلی اللہ علیہ وسلم سے عشق و محبت اور ان کے اسوہ حسنہ پر عمل کی تلقین کے ساتھ ساتھ عقیدہ ختم نبوت کا رنگارنگ انداز جلوہ گر نظر آتا ہے۔ جنہوں نے اپنے اشعار کے ذریعے جھوٹے مدعیان نبوت کے عقائد باطلہ کا رد اور ختم نبوتؐ کی شان بیان کرنے کی بہترین کوشش کی ہے۔ اسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے مرکز تحفظ اسلام ہند”عظیم الشان آن لائن پندرہ روزہ تحفظ ختم نبوتؐ کانفرنس“ کے کامیاب انعقاد کے بعد اب بتاریخ 06؍ نومبر 2022ء بروز اتوار ٹھیک رات 8:30 بجے سے ایک ”عظیم الشان آن لائن نعتیہ معاشرہ بر شان عقیدہ ختم نبوتؐ“ منعقد کرنے جارہی ہے۔ جسکی صدارت خادم القرآن حضرت مولانا مفتی افتخار احمدصاحب قاسمی مدظلہ (سرپرست مرکز تحفظ اسلام ہند و صدر جمعیۃ علماء کرناٹک) فرمائیں گے اور نظامت کے فرائض مرکز کے رکن شوریٰ مفتی سید حسن ذیشان قاسمی انجام دینگے۔ یہ پروگرام مرکز کے شعبہ قرأت و نعت کمیٹی کی جانب سے منعقد کی جارہی ہے، جس کے کنوینر قاری عبد الرحمن الخبیر قاسمی، معاون کنوینرز حافظ محمد حیات خان اور حافظ محمد شعیب اللہ خان ہیں۔ اس پروگرام میں ملک کے مشہور و معروف شعراء کرام مثلاً قاری عبدالباطن فیضی (یوپی)، قاری اسعد بستوی (ممبئی)، قاری تابش ریحان (مؤناتھ بھنجن)، قاری ضیاء الرحمن فاروقی (ڈائریکٹر تحفظ دین میڈیا سروس، اورنگ آباد)، قاری محمد فیصل میرٹھی (یوپی)، قاری وجہ الدین جلا کبیر نگری (یوپی)، مولانا عمر عبداللہ قاسمی بارہ بنکوی (یوپی)، مولاناقاری نصرت الباری مظاہری (پورنیہ، بہار) وغیرہ شرکت فرمائیں گے اور اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ فرمائیں گے۔ پروگرام کا آغاز قاری ثاقب معروف قاسمی (استاذ تجوید و قرأت مدرسہ کنزالعلوم ٹڈولی ضلع سہارنپور) کی تلاوت قرآن سے ہوگا۔ یہ پروگرام مرکز تحفظ اسلام ہند کے آفیشیل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ مرکز کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے برادران اسلام سے کثیر تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔


#Press_Release #News #Naatiya #Mushaira #khatmenabuwat #ProphetMuhammad #FinalityOfProphethood #LastMessenger #MTIH #TIMS #Letter_Head





No comments:

Post a Comment