مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام ”سلسلہ تفسیر قرآن“ کا آغاز!
مفسر قرآن مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی عام فہم انداز میں قرآن مجید کی تفسیر بیان فرمائیں گے!
بنگلور، 23؍ مارچ (پریس ریلیز): ماہ رمضان برکتوں والا مہینہ ہے اور اس ماہ کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قرآن مقدس کا نزول اسی پاک مہینے میں ہوا۔ اللہ تبارک وتعالیٰ نے رمضان المبارک کی ہی ایک بابرکت رات میں لوح محفوظ سے سماء دنیا پر قرآن کریم نازل فرمایا اور اس کے بعد حسب ضرورت تھوڑا تھوڑا حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہوتا رہا۔ قرآن مجید کے سورۃ البقرہ میں ایک جگہ اللہ تبارک وتعالیٰ نے ارشاد فرمایا کہ ”رمضان کا مہینہ (وہ ہے) جس میں قرآن اُتارا گیا ہے جو لوگوں کے لیے ہدایت ہے اور (جس میں) رہنمائی کرنے والی اور (حق و باطل میں) امتیاز کرنے والی واضح نشانیاں ہیں۔“ تو معلوم ہوا کہ رمضان سے قرآن مجید کا تعلق بہت گہرا ہے۔ لہٰذا ہمیں رمضان کے اوقات وساعات کی قدر کرتے ہوئے، روزہ کے ساتھ ساتھ تلاوت قرآن مجید میں مصروف رہنا چاہیے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مرکز تحفظ اسلام ہند کے بانی و ڈائریکٹر محمد فرقان نے کیا۔ انہوں نے ایک حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ رمضان اور قرآن مجید ایک دوسرے سے اس طرح مربوط ہیں کہ یہ دونوں قیامت کے دن روزہ رکھنے والوں اور تلاوت کرنے والوں کے حق میں سفارش بھی کریں گے۔ محمد فرقان نے فرمایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم، اصحاب رسول اور ہمارے اسلاف رمضان المبارک میں تلاوتِ قرآن کا شغل نسبتاً زیادہ رکھتے تھے۔ اور اس میں شک نہیں کہ کلام پاک کی تلاوت اللہ تعالیٰ کو بے حد محبوب ہے اور اسکا پڑھنا اور سننا دونوں کارِثواب ہے۔ اس کی ایک ایک آیت پر اجر و ثواب کا وعدہ ہے، مگر یہ بھی حقیقت ہے کہ اس کا فہم، اس میں غو رو تدبر اور اس پر عمل پیرا ہونا نہایت ضروری ہے۔ یہی وجہ ہیکہ ہمارے اکابر و اسلاف علماء دیوبند کا یہ معمول رہا ہیکہ وہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں جہاں فضائل و مسائل رمضان بیان فرماتے تھے وہیں درس قرآن و حدیث بالخصوص تفسیر قرآن کا اہتمام کیا کرتے تھے تاکہ امت مسلمہ قرآن مجید کو سمجھ کر پڑھ سکے۔ اسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے حسب معمول امسال بھی مرکز تحفظ اسلام ہند کی جانب سے رمضان المبارک کی بابرکت راتوں میں آن لائن ”سلسلہ تفسیر قرآن“ کا آغاز کیا جارہا ہے۔ مرکز تحفظ اسلام ہند کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے اس پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے فرمایا کہ رمضان المبارک کی بابرکت راتوں میں روزانہ بعد نماز تراویح ٹھیک رات ساڑھے دس بجے سے ”سلسلہ تفسیر قرآن“ کی مجلس منعقد ہوگی، جس میں مرکز تحفظ اسلام ہند سرپرست اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری شیخ طریقت، مفسر قرآن حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب مدظلہ (خلیفۂ اجل امیر شریعت حضرت مولانا محمد ولی رحمانی صاحب رحمہ اللہ) عام فہم انداز میں قرآن مجید کی تفسیر بیان فرمائیں گے۔ جو مرکز تحفظ اسلام ہند کے آفیشیل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ لہٰذا تمام اہلیان اسلام سے کثیر تعداد میں شرکت کی اپیل ہے۔
نوٹ : تفسیر قرآن کو مذکورہ لنک پر براہ راست لائیو دیکھیں👇
https://youtube.com/c/TahaffuzeIslamMediaService
#Press_Release #News #TafseerQuran #TafseerQuranSeries #RamzanSeries #UmrainRahmani #MTIH #TIMS
No comments:
Post a Comment