رمضان المبارک تقوی کے حصول کا بہترین ذریعہ، ماہ مبارک کے قیمتی اوقات عبادت و ریاضت میں گزاریں!
مرکز تحفظ اسلام ہند کے جلسہ استقبال رمضان سے مفتی افتخار احمد قاسمی کا خطاب!
بنگلور، 22؍ مارچ (پریس ریلیز): مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام منعقد جلسہ استقبال رمضان سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے مرکز تحفظ اسلام ہند کے سرپرست اور جمعیۃ علماء کرناٹک کے صدر عالی قدر خادم القرآن حضرت مولانا مفتی افتخار احمد قاسمی صاحب مدظلہ نے فرمایا کہ رمضان المبارک کا مہینہ اللہ تعالیٰ کی بڑی عظیم نعمت ہے۔ اللہ کے باتوفیق بندے ہی اس قدر جانتے ہیں اور اس کے انوار وبرکات سے پورے طور پر مستفید ہوتے ہیں۔ مولانا نے فرمایا کہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رمضان المبارک سے دو ماہ قبل ماہ رجب سے ہی رمضان المبارک کے مقدس مہینہ کا انتظار کیا کرتے تھے۔ مولانا نے فرمایا کہ ماہ رمضان المبارک برکتوں والا مہینہ ہے اور اس ماہ کی عظمت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قرآن مقدس کا نزول اسی پاک مہینے میں ہوا۔ انہوں نے فرمایا کہ رمضان کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا عشرہ مغفرت اور تیسرہ عشرہ جہنم کی آگ سے نجات کا ہے۔ اس مہینے میں شیاطین قید میں جکڑے لے جاتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کی رحمت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں۔ مفتی صاحب نے فرمایا کہ اس مہینے میں اللہ تعالیٰ نے روزوں کو فرض اور تراویح کو سنت قرار دیا ہے۔ اور اس مہینے کے روزے رکھنے والے کو اللہ تعالیٰ اپنے محبوب بندوں میں شمار کرتا ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ رمضان المبارک میں روزہ رکھنے کا مقصد صرف یہ نہیں ہے کہ آپ بھوکا پیٹ رہیں گے۔ بلکہ رمضان المبارک میں روزہ رکھنے کا اصل مقصد تقویٰ کا حصول ہے یعنی آپ متقی و پرہیز گار بن جائیں، اللہ تعالیٰ کی یاد میں اپنی زندگی بسر کریں اور اپنی زندگی میں غلطیوں کو سدھارنے کی کوشش کریں۔ مولانا قاسمی نے فرمایا کہ رمضان المبارک امت مسلمہ کے لئے نیکیوں کی فصل بہار ہے۔ اس ماہ مبارک میں ایک نیکی کا ثواب ستر گنا زیادہ ملتا ہے۔ لہٰذا ہمیں انتہائی ذوق و شوق اور اہتمام کے ساتھ رمضان المبارک کا استقبال کرنا چاہیے۔ پورے ماہ کے روزے نہایت ذوق و شوق اور اہتمام کے ساتھ رکھیں۔ نیز اس ماہ رمضان میں عبادات اور اعمال صالحہ کا خصوصی اہتمام کریں۔ فرائض کے علاوہ نوافل بھی کثرت سے ادا کریں۔ کیونکہ اس مہینے میں نفلی عبادات عام مہینوں کے فرض عبادت کے برابر ہوتی ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ اس مقدس مہینے میں قرآن مجید کی تلاوت کثرت سے کریں کیونکہ یہ مبارک مہینہ قرآن مجید سے خصوصی تعلق اور نسبت رکھتا ہے۔ نیز اس ماہ مبارک میں جتنا ہوسکے صدقہ اور خیرات کریں۔ غریبوں، بیواؤں، یتیموں اور بے کسوں کی خبر گیری کریں۔ ضرورت مندوں کی ضرورت پوری کریں۔ اسکے علاوہ تراویح کی نماز خشوع و خضوع اور ذوق و شوق کے ساتھ پڑھیں اور پورا قرآن مجید پڑھنے اور سننے کا اہتمام کریں تاکہ اللہ تعالیٰ کی قربت اور اس کی رضا حاصل ہو۔ مولانا قاسمی نے فرمایا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اعتکاف کریں اور اس کی طاق راتوں میں شب قدر کو پانے کی کوشش کریں اور ان طاق راتوں میں زیادہ سے زیادہ عبادت کریں۔ تلاوت و تسبیح، توبہ و استغفار اور دعا کا اہتمام کریں۔ کیونکہ شب قدر کی ایک رات ہزار مہینوں سے افضل ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ رمضان المبارک کے ماہ مقدس میں زیادہ سے زیادہ نیکی کمانے پر کمربستہ ہو جائیں اور کوئی ایسا کام ہرگز نہ کریں جس سے رمضان کا تقدس مجروح ہو۔ اللہ تعالیٰ پوری امت مسلمہ کو رمضان المبارک کی قدر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ قابل ذکر ہیکہ اس موقع پر حضرت مولانا مفتی افتخار احمد قاسمی صاحب مدظلہ نے مرکز تحفظ اسلام ہند کی خدمات کو سراہتے ہوئے خوب دعاؤں سے نوازا اور مفتی صاحب کی دعا سے استقبال رمضان کا یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔
#Press_Release #News #Ramzan #IstaqbaleRamzan #Ramadhan
No comments:
Post a Comment