Thursday, April 25, 2024

باشندگان ملک سے صد فیصد ووٹنگ کیلئے مفتی افتخار احمد قاسمی کی اپیل!

 انصاف پسند اور سیکولر امیدوار کو ووٹ کریں، ایک ووٹ سے حکومتیں بدل سکتی ہیں!

باشندگان ملک سے صد فیصد ووٹنگ کیلئے مفتی افتخار احمد قاسمی کی اپیل!



بنگلور، 25؍اپریل (پریس ریلیز): مرکز تحفظ اسلام ہند کے ووٹر بیداری مہم کے ذریعے بھارت کے تمام باشندوں کو ایک اہم پیغام دیتے ہوئے مرکز تحفظ اسلام ہند کے سرپرست اور جمعیۃ علماء کرناٹک کے صدر حضرت مفتی افتخار احمد قاسمی صاحب مدظلہ نے فرمایا کہ ملک کے مختلف حصوں میں مختلف مراحل میں پارلیمانی انتخاب ہونے جارہے ہیں، پولنگ کا آخری مرحلہ یکم جون کو مکمل ہوگا جس کے بعد چار جون کو ممکنہ طور پر نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔ مولانا نے فرمایا کہ موجودہ حکومت کی گزشتہ دس سال کا رپورٹ کارڈ چیخ چیخ کر کہہ رہا ہے کہ وہ ہر محاذ پر بری طرح ناکام رہی ہے، اور گزشتہ دس سالوں سے ہر اعتبار سے ملک کے حالات دن بدن بدتر ہوئے ہیں۔ لہٰذا ملک کے باشندوں کو چاہیے کہ ووٹ جو ہمارا جمہوری اور بنیادی حق اور مؤثر ہتھیار ہے، اسکا صحیح استعمال کریں۔ مولانا نے فرمایا کہ ووٹ سے حکومتیں بدلتی ہیں اور ملک کی تقدیروں کے فیصلے ہوتے ہیں مگر ہمارے معاشرے میں ووٹ کا درست استعمال بہت کم ہے۔ لہٰذا ضرورت ہیکہ ووٹ کا صحیح استعمال کیا جائے، ووٹ کو فروخت نہ کیا جائے، اول وقت میں ووٹنگ کی جائے، ووٹ کو ضائع ہونے سے بچایا جائے، انصاف پسند اور سیکولر امیدوار کو ووٹ کیا جائے کیونکہ ووٹ استعمال کرنے کا مقصد ہی ایسے باکردار لوگوں کو منتخب کرنا ہے جو ملک کے خیر خواہ ہوں، ملکی مفاد، ملک کی بقاء اور استحکام کا درد رکھنے والے ہوں اور جو شہریوں کے حقوق کو اولین ترجیح دیتا ہو۔ ایسے لوگ ہی ملک کی ترقی اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے ضامن ہوتے ہیں۔ مولانا قاسمی نے فرمایا کہ آپ کا ووٹ ایک امانت اور بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ ووٹ ڈالنا اور اہل افراد کو ووٹ دینا قومی ذمہ داری ہے۔سیکولرازم، آئین اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے صد فیصد ووٹنگ کی جائے۔ لہٰذا آئیے امانت داروں کو ان کا حق دیں اور ریاست کو اہل قیادت عطا کریں۔



#Press_Release #News #Election #Voting #Vote #MTIH #TIMS


No comments:

Post a Comment