ملک کی بقاء اور سالمیت کیلئے ووٹنگ ضروری، ووٹ کی طاقت کو استعمال کریں!
باشندگان ملک سے صد فیصد ووٹنگ کیلئے مولانا محمد مقصود عمران رشادی کی اپیل!
بنگلور، 25؍ اپریل (پریس ریلیز): مرکز تحفظ اسلام ہند کے ووٹر بیداری مہم کے ذریعے باشندگان ہند کو پیغام دیتے ہوئے جامع مسجد سٹی بنگلور کے امام و خطیب حضرت مولانا ڈاکٹر محمد مقصود عمران صاحب رشادی مدظلہ نے فرمایا کہ ہندوستان کے لوک سبھا الیکشن کا دوسرا مرحلہ شروع ہوچکا ہے، جو سات مرحلے پر مشتمل ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ ایک جمہوری ملک میں ووٹ دینے کا حق بنیادی حقوق میں سے ایک ہے۔ ایک جمہوری ملک میں ہرمنصب کا فیصلہ ووٹ سے کیا جاتا ہے۔ لہٰذا آپ کا ایک ایک ووٹ انتہائی اہمیت کے حامل ہے۔ حالات جیسے بھی ہوں مگر آپ اپنا ووٹ ضرور دیں۔ کیوں کہ اسے ضائع کرنے کا مطلب ہے کہ آپ اپنے ملک کے ساتھ مخلص نہیں ہیں۔ اور پھر بسا اوقات ایک ووٹ ہی کسی امیدوار کی جیت کا باعث بھی بنتا ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ جو معاشرے ووٹنگ کے عمل میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیتے ہیں ان کی سماجی شعور کی رفتار تیز ہونے کے ساتھ ساتھ وہ اجتماعی طور پہ مضبوط سے مضبوط ہوتے جاتے ہیں، اور پھر وہ اپنی اجتماعی عوامی طاقت کے زور پرنظام کے اندر بہتری لانے میں موثر کردار ادا کرنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔ مولانا نے ملک کے عوام و خواص سے ووٹ کی طاقت کو پہچاننے اور اپنی ووٹنگ کی شرح صد فیصد کرنے کی اپیل کی۔ مولانا رشادی نے ووٹ کے طریقہ کار کو بتاتے ہوئے فرمایا کہ پہلے پولنگ افسر ووٹر لسٹ میں آپ کا نام چیک کرے گا اور آپ کا شناختی ثبوت چیک کرے گا۔دوسرا پولنگ افسر آپ کی انگلی پر سیاہی لگائے گا، آپ کو ایک پرچی دے گا اور رجسٹر پر آپ کے دستخط لے گا۔ پھر وہ پرچی آپکو تیسرے پولنگ افسر کے پاس جمع کرانی ہوگی اور اپنی سیاہی والی انگلی دکھانی ہوگی اور پھر پولنگ بوتھ پر جانا ہوگا۔ مولانا نے فرمایا کہ پولنگ بوتھ پرموجود الیکٹرانک ووٹنگ مشین (EVM) پر اپنی پسند کے امیدوار کے نشان کے سامنے بیلٹ بٹن دبا کر اپنا ووٹ ریکارڈ کرنا ہوگا۔ اور بٹن کو تب تک دبا کر رکھنا ہوگا جب تک آپ کو بیپ کی آواز سنائی دے۔ اسکے بعد وہاں موجود ایک VVPAT مشین ہوگی اس میں ایک پرچی دکھائی دے گی، جس میں آپ نے جس امیدوار کو ووٹ دیا ہے اسکی تفصیلات نظر آئے گی۔ مولانا نے فرمایا کہ جمہوریت کی بقاء اور تحفظ کیلئے ملک کے تمام باشندوں کا ووٹنگ میں مکمل حصہ لینا بہت ضروری ہے۔
#Press_Release #News #Election #Elections2024 #Voting #Vote #MTIH #TIMS #Maqsoodimran
No comments:
Post a Comment