Thursday, January 23, 2025

یوم جمہوریہ کی مناسبت سے مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام ”تحفظ آئین ہند کانفرنس“ کا انعقاد، اہل ہند سے شرکت کی اپیل!

 آئین ہند کا تحفظ ملک کے ہر ایک شہری کی بنیادی ذمہ داری ہے!


یوم جمہوریہ کی مناسبت سے مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام ”تحفظ آئین ہند کانفرنس“ کا انعقاد، اہل ہند سے شرکت کی اپیل!




بنگلور، 23؍ جنوری (پریس ریلیز): وطن عزیز ہندوستان کو دنیا کے دیگر ممالک پر یہ امتیازی خصوصیت حاصل ہے کہ یہاں کے رہنے والے متعدد مذاہب کے پیرو اور مختلف تہذیبوں کے امین ہیں۔ شہری، سیاسی اور انسانی حقوق کے تحفظات کے لیے دستور و آئین کی ضرورت ہر دور میں محسوس کی گئی جو مملکت اور شہریوں کے حقوق کی پاس داری کر سکے۔ چونکہ ہمارا ملک مختلف تہذیبوں کا امین اور مختلف نظریات کا گہوارہ ہے اسی وجہ سے یہاں اس بات کی اشد ضرورت تھی کہ یہاں کا آئین سیکولر ہو، چنانچہ ہمارے آباؤ اجداد بالخصوص جمعیۃ علماء ہند کے اکابر کی جدوجہد سے ملک کا دستور سیکولر بنا، جس کی وجہ سے ملک میں رہنے والے تمام ہی افراد باعتبار انسان یکساں حقوق کے مالک ہیں اور آئینی اعتبار سے ان کے اندر کسی قسم کی اونچ نیچ، ادنیٰ و اعلیٰ کی کوئی تفریق نہیں۔ حقوق و اختیارات میں کسی کو کسی پر فوقیت نہیں دی گئی ہے۔ دستور میں کسی مذہب کو خاص اہمیت نہ دے کر سب کو برابر اور یکساں حقوق دیا گیا ہے، حقوق انسانی، آزادء رائے اور آزادیئ مذہب دستور کا اہم حصہ ہیں۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مرکز تحفظ اسلام ہند کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے کیا۔ انہوں نے فرمایا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے ملک کو آزادی دلانے کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور آزادی کے بعد ملک کے دستور کو سیکولر بنانے کی ہر ممکن کوششیں کی بلکہ ملک کا سیکولر دستور انہیں کی مرہونِ منت ہے۔ لیکن افسوس کے موجودہ حکومت آئین کو پامال کرتے ہوئے ملک میں آمریت لانے کی کوشش کر رہی ہے۔ لہٰذا ایک ایسے وقت میں جب آئین کی روح اور اس کے بنیادی ڈھانچے کے تحفظ پر بحث چھڑی ہوئی ہے، یہ ضروری ہے کہ اس کی بنیادی روح اور اس کے مقصد کو عام لوگوں تک پہنچایا جائے اور جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لئے ایک بار پھر اٹھ کھڑا ہوا جائے۔ اسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے یوم جمہوریہ کی مناسبت سے مرکز تحفظ اسلام ہند نے اکابر علماء کرام سے مشاورت کے بعد سہ روزہ آن لائن ”تحفظ آئین ہند کانفرنس“ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محمد فرقان نے بتایا کہ یہ کانفرنس 24، 25 اور 26 جنوری کی رات ٹھیک 9:30 بجے سے آن لائن منعقد ہوگی، اس کانفرنس میں ملک کے اکابر علماء کرام خطاب فرمائیں گے، جو مرکز کے آفیشیل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر براہ راست لائیو نشر کیا جائے گا۔ مرکز کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے ملک کے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کانفرنس میں شریک ہوکر اکابر علماء کے خطابات سے استفادہ حاصل کریں اور انکا پیغام دور دور تک پہنچانے کی فکر کریں۔


#PressRelease #News #Constitution #RepublicDay #MTIH #TIMS #SaveConstitution



No comments:

Post a Comment