Wednesday, 11 June 2025

مدارس کے تحفظ کے لیے جمعیۃ علماء ہند کی سوشل میڈیا ٹیم کی کامیاب ٹیوٹر مہم

 مدارس کے تحفظ کے لیے جمعیۃ علماء ہند کی سوشل میڈیا ٹیم کی کامیاب ٹیوٹر مہم

جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی ہر سطح پر مدارس کی حفاظت کے لیے سرگرم


نئی دہلی، 10؍ جون (محمد فرقان): مدارس اسلامیہ صرف تعلیمی ادارے نہیں، بلکہ برصغیر کے مسلمانوں کی دینی، تہذیبی اور انقلابی شناخت کے مضبوط قلعے ہیں۔ ان کا وجود نہ صرف دین اسلام کے بقا و تحفظ کا ذریعہ ہے بلکہ یہ ادارے تحریک آزادی میں بھی نمایاں کردار ادا کرچکے ہیں۔ اسی حقیقت کے پیش نظر جمعیۃ علماء ہند نے مدارس کے خلاف حالیہ حکومتی کارروائیوں کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی اور ہر محاذ پر اپنی موجودگی کا مؤثر ثبوت دیا۔ ان کارروائیوں کے خلاف احتجاج کا ایک نیا، مؤثر اور ہمہ گیر طریقہ حالیہ دنوں میں سامنے آیا جب جمعیۃ علماء ہند کی سوشل میڈیا ٹیم نے ٹیوٹر (ایکس) پر ایک منظم، مربوط اور زبردست مہم کا آغاز کیا۔ یہ مہم ان ریاستی حکومتوں کے فیصلوں کے خلاف تھی جنہوں نے مختلف بہانوں سے مدارس اسلامیہ کو نشانہ بنانا شروع کیا ہے۔ یہ اقدامات نہ صرف آئین ہند کے آرٹیکل 25، 26، 29 اور 30 کی صریح خلاف ورزی ہیں بلکہ سپریم کورٹ کے ان عبوری احکامات کی بھی توہین ہیں جن کے تحت بعض ریاستوں میں مدارس کے خلاف کارروائیوں پر پابندی لگائی گئی تھی۔ جمعیۃ علماء ہند کی سوشل میڈیا ٹیم کی طرف سے چلائی گئی اس مہم نے ٹیوٹر پر #SaveMadrasas #StopMadrasaShutdown اور دیگر ہیش ٹیگز کے تحت چند ہی گھنٹوں میں قومی سطح پر ٹرینڈ حاصل کرلیا۔ ہندوستان کے ٹاپ ٹرینڈنگ چارٹس میں یہ کئی گھنٹوں تک موجود رہا۔ لاکھوں افراد نے اس میں شرکت کی، ٹویٹس، ری ٹویٹس اور تبصروں کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا، اور دنیا بھر سے اس پر ردعمل موصول ہوا اور اس مہم کی حمایت میں آواز بلند کی۔ جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے اس مہم میں خود بھی حصہ لیا اور ایک پرزور پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ”مدارس کو بند کرنے کی مہم مسلمانوں کے دستوری، مذہبی آزادی اور آئینی حقوق پر ایک سنگین حملہ ہے۔ مدارس مسلمانوں کی شہ رگ ہیں، اب ہماری اسی شہ رگ کو کاٹنے کی سازش ہو رہی ہے۔ ہم جمہوریت، آئین کی بالادستی اور مدارس کے تحفظ کے لیے قانونی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے۔“ ان کا یہ بیان لاکھوں لوگوں تک پہنچا، جسے عوام اور ذرائع ابلاغ نے خوب سراہا۔ سوشل میڈیا کی یہ مہم اس وقت چلائی گئی جب جمعیۃ علماء ہند نے اعظم گڑھ، اترپردیش میں ایک عظیم الشان ”تحفظ مدارس کانفرنس“ بھی منعقد کیا، جس میں ملک بھر سے علماء کرام، دینی مدارس کے نمائندگان، دانشور حضرات اور ہزاروں عوام شریک ہوئے۔ مولانا ارشد مدنی نے صدارت فرمائی اور واضح پیغام دیا کہ مدارس ہمارا دین ہے دنیا نہیں، اس کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔ اس مہم کی کامیابی کا ایک اہم پہلو یہ بھی تھا کہ جہاں قومی میڈیا مدارس کے خلاف ہو رہی کارروائیوں پر خاموش تماشائی بنا ہوا تھا، وہیں جمعیۃ کی منظم سوشل میڈیا تحریک نے انہیں مجبور کیا کہ وہ اس مسئلے کو کوریج دیں۔ کئی بڑے میڈیا ہاؤسز نے مولانا مدنی کے بیانات اور مدارس کی آئینی حیثیت کو اپنے پلیٹ فارم پر نہ صرف جگہ دی بلکہ اعظم گڑھ میں منعقد تحفظ مدارس کانفرنس کو قومی میڈیا نے براہ راست نشر کیا، جس کو ملک بھر میں کروڑوں لوگوں نے دیکھا۔ بین الاقوامی سطح پر بھی یہ مسئلہ نمایاں ہوا، اور کئی عالمی میڈیا اداروں نے اسے اپنے چینل پر نشر کیا نیز اخباروں اور نیوز پورٹلز پر شائع کیا۔ جمعیۃ علماء ہند کی سوشل میڈیا ٹیم نے اس کامیاب مہم پر قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا یہ مہم اس بات کا بین ثبوت ہے کہ ملت اب بیدار ہے، اور جب بھی دین و دستور پر ضرب پڑے گی، ہم عدالت سے لے کر ایوان تک اور سوشل میڈیا سے میدان تک ہر جگہ حاضر رہیں گے۔ سوشل میڈیا صارفین، دانشوروں، طلبہ، نوجوان، اور عوام الناس نے اس مہم کو خوب سراہا اور جمعیۃ علماء ہند سے امید ظاہر کی کہ ایسی مؤثر مہمات کو بار بار دہرایا جائے تاکہ مدارس کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو بروقت بے نقاب کیا جا سکے۔ بہت سے معروف صحافیوں، اساتذہ، ماہرین قانون اور سماجی رہنماؤں نے بھی اس مہم کو جمہوریت اور آئین کی حفاظت کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔ یہ سوشل میڈیا مہم اس بات کا ثبوت ہے کہ مدارس کی حمایت صرف ایک فرقے یا طبقے کا مسئلہ نہیں، بلکہ یہ آئینی و جمہوری اقدار کے تحفظ کی اجتماعی آواز ہے۔ جمعیۃ علماء ہند کی اس کامیاب مہم نے نہ صرف قوم میں بیداری پیدا کی بلکہ ایک مؤثر احتجاج کے نئے دَر بھی کھول دیے۔ اب یہ وقت کی ضرورت ہے کہ ایسی کوششیں مستقل بنیادوں پر جاری رکھی جائیں تاکہ نہ صرف مدارس بلکہ آئینی و مذہبی آزادی کے تمام ادارے محفوظ رہیں۔



#SaveMadrasas | #StopMadrasaShutdown | #Madrasa | #Islam | #Muslim | #MadrasaBoard | #MTIH | #TIMS

Saturday, 7 June 2025

عیدِ قرباں پر اہلِ غزہ کی فریادِ لہو...!

 عیدِ قرباں پر اہلِ غزہ کی فریادِ لہو...! 

✍️ بندہ محمد فرقان عفی عنہ

(ڈائریکٹر مرکز تحفظ اسلام ہند)


آج عید الاضحٰی کا مبارک دن ہے۔ ہر طرف خوشیوں کی رونقیں بکھری ہوئی ہیں، گلیاں چراغاں ہیں، قربانی کے جانوروں کی گونج، بچوں کی قلقاریاں، گوشت کی خوشبو، دعوتوں کی تیاری، نئے کپڑے، عیدی کے مناظر، سب مل کر ایک عید کا نقشہ پیش کر رہے ہیں۔ سب کچھ سنتِ ابراہیمی کی یاد کو منانے کے لیے تیار ہے۔ لیکن... ذرا رک کر سوچئے، کیا واقعی پوری امتِ مسلمہ اس عید پر خوش ہے؟ کیونکہ ان خوشیوں، قہقہوں اور خوشبوؤں کے بیچ ایک اور منظر بھی ہے۔ دنیا کا ایک ایسا علاقہ بھی ہے جہاں آج کی صبح بھی عید کی خوشیوں کا نہیں، چیخوں کی ہے۔ جہاں عید کا چاند لاشوں پر طلوع ہوا ہے۔ جہاں بقرعید کے دن بھی قربانی کے جانور نہیں بلکہ انسان ذبح ہورہے ہیں، جہاں خون نالیوں میں نہیں، گلیوں میں بہہ رہا ہے۔ وہ سرزمین غزہ ہے... لاشوں کا شہر، یتیم بچوں کی سرزمین، اور امت کی اجتماعی بے حسی کا نوحہ، ایک ایسا نوحہ جسے دنیا سننا ہی نہیں چاہتی۔ کیا یہ عید بھی وہی عید ہے جسے ”یوم النحر“ کہا گیا؟ یا پھر... یہ وہ دن ہے، جب اہلِ غزہ کے معصوم بچوں کی لاشیں جانوروں کے کھالوں سے لپیٹ کر دفنائی جائیں گی، کہ کفن تو کب کا ختم ہو چکا ہے! 



ہم یہاں قربانی کیلئے بکرے اور بیل چن رہے ہیں، لیکن اہل غزہ اپنے پیاروں کے جسم کے پرخچے چن رہے ہیں۔ ہم خوشبو دار پانی سے جانور نہلا رہے ہیں، وہ اپنے بچوں کو مٹی سے صاف کر کے دفنا رہے ہیں۔ ہمارے بچے بکروں کے ساتھ کھیل رہے ہیں، وہاں بچے بارود کے ڈھیر پر اپنی جان سے کھیل رہے ہیں۔ ہم عید کی نمازوں کے بعد مسکراتے ہوئے ”بسم اللہ“ کہہ کر قربانی کررہے ہیں، اور غزہ کے آسمان پر اسرائیلی جنگی جہازوں کی گرج سنائی دے رہی ہے، اور کسی معصوم بچے کا سر اس کی ماں کی گود سے چھین لیا گیا ہے۔ جب ہماری زبانوں سے ”تکبیراتِ تشریق“ بلند ہورہی ہیں، اسی وقت غزہ میں کوئی باپ اپنے بیٹے کی نماز جنازہ کیلئے ”اللہ اکبر“ کہہ رہا ہے۔ ہم قربانی کے گوشت کو تین حصوں میں بانٹ رہے ہیں، وہ اپنے خوابوں، گھروں اور نسلوں کو تین حصوں میں بٹتا دیکھ رہے ہیں۔ ہمارے گھروں میں بچوں کے قہقہے گونج رہی ہیں، اور وہاں سسکیاں قبرستان کے سناٹے میں دب رہی ہیں۔ ہماری عید خوشیوں کا پیغام لائی ہے، ان کی عید تازہ لاشوں کی فہرست لائی ہے۔ ہمارے بچوں کے ہاتھ میں کھلونے ہیں، ان کے بچوں کے ہاتھ میں کفن ہے۔ 


ہم سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانور ذبح کررہے ہیں، قربانی کے جذبے سے سرشار ہورہے ہیں۔ لیکن وہ بچے، جو روزانہ اپنی جان قربان کررہے ہیں، اُن کی فریاد پر ہماری زبانیں گنگ ہیں اور عالم اسلام کی آنکھیں اہلِ غزہ کی لاشیں دیکھ کر بھی بند ہیں۔ کیا ہم نے کبھی سوچا کہ اہلِ غزہ اپنی جانیں کس سنت کی ادائیگی میں دے رہے ہیں؟ ان کے کٹے ہوئے جسم، ان کے جلے ہوئے گھر، اور ان کی اجڑی ہوئی گودیں کون سی عبادت کی علامت ہیں؟ کیا ان کا خون ہماری قربانی سے کم قیمتی ہے؟ یا ہم نے سمجھ لیا ہے کہ قربانی صرف بکرے یا بیل کو ذبح کرنے کا نام ہے، انسانیت کے درد کو محسوس کرنے سے اس کا کوئی تعلق نہیں؟ کیا قربانی صرف خون بہا دینے کا نام ہے، یا یہ احساس، ایثار، درد، اور امت کا درد بانٹنے کا جذبہ بھی ہے؟ عالم اسلام کی خاموشی، اہل غزہ کے بچوں کی چیخوں کو مزید تیز کرتی جا رہی ہے۔ ہم چپ ہیں، کیونکہ ہمارے آسمان پر جنگی طیارے نہیں اُڑتے، ہمارے محلوں پر بم نہیں گرتے، ہمارے بچوں کی لاشیں ہم نہیں اٹھاتے۔ مگر یاد رکھو، ان کا صبر اور ہماری بے حسی اب ایک مقام پر آکر ٹکرا رہی ہے۔ وہ لاشوں کے درمیان بھی عید منا رہے ہیں، کیونکہ انہیں یقین ہے کہ ان کی قربانی عرش کو ہلا دیتی ہے۔ مگر ہم... ہم صرف گوشت کھا کر سمجھتے ہیں کہ ہم نے عبادت مکمل کر لی۔


یہ کیسی عید ہے جہاں امتِ مسلمہ کا ایک حصہ قہقہوں، گوشت اور خوشیوں میں مصروف ہے، جبکہ دوسرا حصہ آنسو، کفن اور ملبے تلے دبا ہوا ہے؟ کیا یہی وہ امت ہے جس کے بارے میں رسولِ اکرم ﷺ نے فرمایا تھا کہ ”مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں، اگر جسم کا ایک حصہ تکلیف میں ہو تو سارا جسم تڑپتا ہے؟“ آج مسجدِ اقصیٰ لہو لہان ہے، غزہ کی گلیوں میں بچوں کا خون بہہ رہا ہے، مائیں اپنے لختِ جگر دفنا رہی ہیں، اور ہم خوشیوں کے شور میں ان کی صدائیں بھلا بیٹھے ہیں۔ قربانی کا جذبہ صرف جانوروں کے خون تک محدود ہو چکا ہے، جبکہ حقیقی قربانی تو یہ تھی کہ ہم امت کے درد کو محسوس کرتے، ان کے لیے آواز اٹھاتے، اور اپنے قبلۂ اول کی حرمت کے لیے تڑپتے۔ کیا بیت المقدس، جو ہمارا دینی اور روحانی ورثہ ہے، ہمیں کچھ بھی نہیں کہتا؟ کیا فلسطین صرف اُن کا مسئلہ ہے جن کے گھر ملبے میں دفن ہو چکے ہیں؟ ستتاون اسلامی ممالک ہونے کے باوجود کب تک ہم مذمتی بیانات اور علامتی دعاؤں سے ضمیر کا بوجھ ہلکا کرتے رہیں گے؟ کب ہم اس بات کو سمجھیں گے کہ فلسطین کا مسئلہ ملت اسلامیہ کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ ان کے بچوں کی مسکراہٹ ہم سے سوال کرتی ہے، کہ ”کیا ہم بھی اس امت کا حصہ ہیں، جس کا ایک عضو تکلیف میں ہو تو پورا جسم تڑپتا ہے؟“ اگر آج بھی ہمارے دل نہ جاگے، تو ہم صرف عید نہیں منا رہے، ہم اپنی بے حسی کا جشن منا رہے ہیں۔ 


کیا ہم نے کبھی تصور کیا ہے کہ ایک ماں عید کی صبح کیسے گزارتی ہوگی جب اس کے لعل کا چہرہ قبر کی مٹی میں چھپ چکا ہو؟ کیا ہم جانتے ہیں کہ وہ مائیں اپنے بچوں کو آخری بار کس طرح سینے سے لگاتی ہیں، جب باہر لوگ قربانی کے جانوروں پر پرفیوم چھڑک رہے ہوتے ہیں؟ ان کی عید کا پہلا لمحہ دعاؤں سے نہیں، آہوں سے شروع ہوتا ہے، ان کے گھروں میں سیویاں نہیں بنتیں، صرف کفن کی سلائیاں چلتی ہیں۔ ایک باپ، جس نے کبھی اپنے بیٹے کے لیے عید کے کپڑے خریدے تھے، آج وہی باپ اسپتال کے فرش پر خون میں لت پت اپنے بیٹے کی لاش کو گود میں لیے بیٹھا ہے۔ ایک بچی، جو شاید اس عید پر نئے کپڑے پہننے کے خواب دیکھ رہی تھی، اب وہ خواب اس کی قبر میں دفن ہو چکے ہیں۔ ان کے لیے عید کا مطلب صرف اتنا ہے کہ آج بھی بمباری ہوگی یا نہیں، آج بھی ان کا وجود مٹایا جائے گا یا ایک دن اور جی لیا جائے گا۔ ہماری عید کے کپڑوں پر عطر کی خوشبو ہے، ان کے کپڑوں پر خون کے دھبے ہیں۔ ہم بکروں کے لیے ٹینٹ لگارہے ہیں، وہ اپنے گھر کے ملبے میں سایہ ڈھونڈ رہے ہیں۔ ہم بچوں کو عیدی دے رہے ہیں، وہ بچوں کی لاشوں کو دفنا رہے ہیں۔ ہم کہہ رہے ہیں ”عید مبارک“، وہ کہہ رہے ہیں ”شہادت قبول ہو“۔ کیا ہم اس قدر بے حس ہو چکے ہیں کہ ایک لاش پر ہمارے دل نہیں لرزتے؟ کیا ہم اس قدر مردہ ہو چکے ہیں کہ ایک ماں کی چیخ ہماری سماعت سے نہیں ٹکراتی؟ 



آج غزہ کے قبرستان آباد ہیں، اور ہماری عید گاہیں بھیڑ سے بھری ہوئی ہیں۔ ان کے گھروں میں چولہا بجھا ہے، اور ہمارے ہاں گوشت کے ذخیرے ہو چکے ہیں۔ ان کی مائیں اپنے بچوں کے چہرے آخری بار چوم رہی ہیں، اور ہماری مائیں بچوں کو عیدی دے کر خوش ہو رہی ہیں۔ وقت آ چکا ہے کہ ہم اپنے دلوں کو قربان گاہ پر لے جائیں، اور اس امت کا وہ حصہ بنیں جو صرف عید پر نہیں، بلکہ ہر لمحے اپنی قوم کے درد سے جڑا ہو۔ اگر ہم نے اس عید پر اہل غزہ کو اپنی دعاؤں میں شامل نہ کیا، ان کی آواز نہ بنے، ان کے درد کو نہ محسوس کیا، تو ہماری عید محض ایک رسم ہے، ایک تہوار ہے جس میں روح نہیں۔ ہم اگر اس عید پر اپنے گوشت کی تقسیم کے ساتھ ساتھ اپنے دل کو بھی تقسیم نہیں کرتے، ایک حصہ اہل غزہ کے درد میں شریک نہیں کرتے، تو ہم سنت ابراہیمی کی روح سے کوسوں دور جا چکے ہیں۔ قربانی صرف جانور ذبح کرنے کا نام نہیں، بلکہ اپنی بے حسی، اپنی خودغرضی، اور اپنے ضمیر کی غفلت کو کاٹنے کا نام ہے۔ ہمیں اپنی روحانی مردگی کی قربانی دینا ہوگی، ورنہ وہ وقت دور نہیں جب مسجد اقصیٰ، شہید بچوں کی روحیں، اور معصوم ماؤں کے آنسو قیامت کے دن ہمارا گریبان پکڑیں گے، اور پوچھیں گے: ”ہم کٹتے رہے، تم کھاتے رہے، ہم روتے رہے، تم ہنستے رہے، ہم نے قربانی دی، اور تم نے قربانی کو صرف گوشت سمجھا؟“


ہمیں آج کی عید کو حقیقی بنانا ہے۔ ہمیں جانوروں کے ساتھ ساتھ اپنی بے ضمیری کو بھی قربان کرنا ہوگا۔ ہمیں اہل غزہ کے لیے ایک جملہ، ایک دعا، ایک آنسو، ایک آواز، اور ایک عملی قدم بڑھانا ہوگا۔ یہ وقت گوشت کے وزن سے خوش ہونے کا نہیں، بلکہ امت کے زخموں کا وزن اٹھانے کا ہے۔ اگر ہم نے ایسا نہ کیا، تو ہماری عید، ایک سوگوار چیخوں کے درمیان ہنسی کی بے وقت گونج بن کر رہ جائے گی۔


آئیے، آج کی قربانی کو مکمل کریں، صرف جانور نہیں، اپنی بے حسی بھی قربان کریں۔ اپنے حصے کی آواز بنیں، اپنی دعاؤں میں انہیں شامل کریں، اور اس عید کو حقیقی معنوں میں امت کی عید بنائیں۔ کیونکہ اگر عید کے دن بھی ہم اپنے مظلوم بھائیوں کے درد کو نہ سمجھ سکیں، تو ہم سے بڑا مردہ کوئی نہیں۔


فقط و السلام

بندہ محمّد فرقان عفی عنہ

١٠؍ ذی الحجہ ١٤٤٦ھ بروز سنیچر


#PaighameFurqan | #EidulAdha | #EidulAzha | #Qurbani | #Palestine | #Gaza | #Muslim | #Ummah | #MTIH | #TIMS

Friday, 6 June 2025

شعائرِ اسلام اور ویجیٹیرین سیاست: قربانی کے خلاف پراپیگنڈے کی حقیقت!

 شعائرِ اسلام اور ویجیٹیرین سیاست: قربانی کے خلاف پراپیگنڈے کی حقیقت!

✍️ بندہ محمد فرقان عفی عنہ

(ڈائریکٹر مرکز تحفظ اسلام ہند)


عیدالاضحیٰ کا مقدس تہوار مسلمانوں کے عقیدے اور تاریخ کا ایک انتہائی اہم پہلو ہے، جس کا تعلق سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی سنت سے ہے، جنہوں نے اللہ کے حکم پر اپنے جگر گوشے سیدنا اسماعیل علیہ السلام کو قربان کرنے کا عزم کیا اور اللہ تعالیٰ نے ان کی اس اطاعت اور وفا کو رہتی دنیا تک کے لیے مثال بنا دیا۔ اسی سنت کی یاد میں مسلمان ہر سال عیدالاضحیٰ کے موقع پر اللہ کی رضا کے لیے جانوروں کی قربانی کرتے ہیں، جس میں اطاعت، ایثار، تقویٰ، اور سماجی فلاح کا حسین امتزاج ہوتا ہے۔ جس سے لاکھوں لوگوں کو گوشت جیسی نعمت میسر آتی ہے۔


تاہم افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہر سال جب عیدالاضحیٰ قریب آتی ہے، کچھ مخصوص حلقے اور نام نہاد جانوروں کے حقوق کے علمبردار، سوشل میڈیا سے لے کر میڈیا کے پلیٹ فارم تک مسلمانوں کی قربانی کو نشانے پر رکھتے ہیں اور اس عظیم عبادت کو ہدفِ تنقید بناتے ہیں۔ ان کے نعروں میں انسانی ہمدردی کا لبادہ اوڑھا ہوتا ہے، مگر ان کے تیور میں تعصب، تہذیبی تکبر اور اسلام دشمنی جھلکتی ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ جانوروں کو ذبح کرنا ظلم ہے، قربانی ایک وحشیانہ عمل ہے، اور دنیا کو ویجیٹیرین (Vegetarian) یعنی سبزی خور ہو جانا چاہیے۔ وہ قربانی کے عمل کو ”ظالمانہ“، ”غیر انسانی“ یا ”ماحولیاتی نقصان دہ“ قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف خوب پروپیگنڈہ کرتے ہیں، لیکن ان کے اس موقف میں علم، عدل اور اخلاص کی کمی اور تضاد کی بہتات ہوتی ہے۔ سوال ہے کہ ان کے اعتراضات صرف مسلمانوں کے خلاف ہی کیوں ہوتے ہیں؟ کیا یہ جانوروں سے ہمدردی کا جذبہ واقعی مخلص ہے، یا محض اسلام اور مسلمانوں کے خلاف ایک نیا ہتھیار ہے؟


اسلام میں قربانی محض گوشت خوری یا جانور کو ذبح کرنے کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک روحانی تربیت کا عمل ہے، جو ہمیں سکھاتا ہے کہ اللہ کی رضا کے لیے ہم اپنی محبوب ترین چیزیں بھی قربان کر سکتے ہیں۔ قرآن میں واضح الفاظ میں بیان کیا گیا ہے کہ ”لَن يَنَالَ اللَّهَ لُحُومُهَا وَلَا دِمَاؤُهَا وَلَٰكِن يَنَالُهُ التَّقْوَىٰ مِنكُمْ“ (سورہ الحج: 37) کہ ”اللہ کو نہ ان (قربانی کے جانوروں) کا گوشت پہنچتا ہے اور نہ ان کا خون، بلکہ اُسے تمہارا تقویٰ پہنچتا ہے۔“ یہ قربانی ایک عبادت ہے جو ایک بندے کو اس کے خالق سے جوڑتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ عمل لاکھوں افراد کو گوشت جیسی قیمتی نعمت مہیا کرتا ہے، جو عام دنوں میں ان کی دسترس میں نہیں ہوتی۔


قربانی پر اعتراض کرنے والے لوگ نہ تو مذہبی شعائر کی روح کو سمجھتے ہیں، اور نہ ہی زمینی حقیقتوں سے آگاہ ہوتے ہیں۔ ان کے لیے قربانی صرف جانور کا قتل ہے، لیکن وہ یہ نہیں دیکھتے کہ یہ عمل کس قدر منظم، بامقصد، اور انسان دوست ہوتا ہے۔ قربانی کا گوشت خاندان، رشتہ داروں، اور بالخصوص غریبوں میں تقسیم ہوتا ہے، جو سال بھر گوشت کی ایک بوند کو ترستے ہیں۔ ایک اسلامی معاشرے میں یہ تہوار فلاحی نظام کا حصہ ہے، جو سماجی مساوات اور غریب نوازی کی عملی تصویر پیش کرتا ہے۔


مزید افسوسناک بات یہ ہے کہ ویجیٹیرین ازم (Vegetarianism) کے علمبردار سال بھر مارکیٹس میں بکنے والے فاسٹ فوڈ چینز (فاسٹ Food Chains)، فیکٹری فارمنگ (Factory Farming) ، اور قصائی خانوں (Meat Processing Plant) پر کبھی آواز بلند نہیں کرتے، جہاں جانوروں کو مشینوں کے ذریعے غیر انسانی انداز میں مارا جاتا ہے۔ یہ نام نہاد ہمدرد اس پر تو خاموش رہتے ہیں، لیکن جب مسلمان شریعت کے مطابق، شفقت اور نظم کے ساتھ قربانی کرتے ہیں تو ان کے دل میں جانوروں کی ”محبت“ جاگ اٹھتی ہے۔ ان کا اعتراض نہ گوشت سے ہے، نہ جانوروں کے ذبح کرنے سے، بلکہ انہیں اصل مسئلہ مسلمانوں کے مذہبی عمل اور تہذیبی شناخت سے ہے۔


اس سے بڑا تضاد یہ ہے کہ دنیا کے کئی مذاہب میں جانوروں کی قربانی صدیوں سے رائج ہے، لیکن نشانہ صرف مسلمان بنتے ہیں۔ جبکہ ہندوستان میں صرف مسلمان ہی نہیں، بلکہ دیگر مذاہب کے لوگ بھی مختلف موقعوں پر جانوروں کی بلی (قربانی) دیتے ہیں۔ نیپال میں ہندو مذہب کے ماننے والے ہر پانچ سال پر گادھی مائی میلہ مناتے ہیں، جہاں ہزاروں جانوروں کی بلی (قربانی) دی جاتی ہے۔ آسام، جھارکھنڈ، اور اڑیسہ میں قبائلی رسموں میں بکروں اور مرغوں کی بلی (قربانی) صدیوں پرانی روایت ہے۔ بہت سے مندروں میں مثلاً تریپورہ سندری، کاماکھیا اور کالی گھاٹ کالی جیسے مندروں میں بھی نذر کے طور پر جانور چڑھائے جاتے ہیں۔ مگر کسی بھی ویجیٹیرین تنظیم یا جانوروں کے حقوق کے گروہ کو ان پر کوئی اعتراض نہیں ہوتا۔ کیونکہ ان کا مسئلہ جانور نہیں، مسلمان ہے۔ اسی طرح جب کرسمس (Christmas) یا تھینکس گیونگ (Thanksgiving) جیسے مغربی تہواروں پر لاکھوں ٹرکی (ٹرکی Turkey؛ مرغبانی کی صنعت میں ایک بڑا پرندہ ہے، جسے ترکی پرندہ بھی کہتے ہیں) اور دیگر جانور ذبح کیے جاتے ہیں تو دنیا خاموش رہتی ہے، لیکن جب ایک مسلمان اپنے دین کے مطابق قربانی کرتا ہے، تو سب کو جانوروں کی ”تکلیف“ یاد آ جاتی ہے۔ یہ دوہرا معیار سراسر تعصب، منافقت، اور تہذیبی نسل پرستی کا مظہر ہے، جو ویجیٹیرین ازم کے نقاب میں مسلمانوں کے شعائر اور مذہبی آزادی پر حملہ آور ہوتا ہے۔


اب آئیے اس تضاد کے ایک اور پہلو پر غور کرتے ہیں۔ بھارت میں مویشی فارمنگ ایک منظم، تجارتی اور حکومتی سرپرستی میں چلنے والی بڑی صنعت ہے، جس کی بنیاد وسیع پیمانے پر مویشیوں کی آبادی پر ہے، جو کہ تقریباً 515 ملین ہے، اور یہ دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ اتنی بڑی تعداد میں مویشیوں کی فارمنگ صرف دودھ یا کھاد کے لیے نہیں کی جا رہی، بلکہ اس کا ایک بڑا مقصد گوشت کی پیداوار ہے۔ IMARC Group کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق، بھارت میں گوشت کی مارکیٹ 2024 میں 55.3 ارب امریکی ڈالر کی ہو چکی ہے، اور 2033 تک یہ 114.4 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ مزید یہ کہ FAO (Food and Agriculture Organization) کی 2023 کی رپورٹ کے مطابق، بھارت دنیا کے سب سے بڑے گوشت پیدا کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔ بھارت میں سالانہ گوشت کی پیداوار تقریباً 6.3 ملین ٹن ہے، جو اسے پیداوار کے حجم کے اعتبار سے دنیا میں پانچویں نمبر پر رکھتا ہے۔


 یہاں قابلِ غور بات یہ ہے کہ بھارت نہ صرف دنیا میں گوشت پیدا کرنے والا ایک بڑا ملک ہے، بلکہ وہ دنیا کے سب سے بڑے بیف ایکسپورٹ (Beef Exporter) ممالک میں شامل ہے۔ سرکاری APEDA کے 2023 کے اعداد و شمار کے مطابق، بھارت نے 1.5 بلین ڈالر سے زیادہ کا بیف برآمد کیا، جو ملک کی مجموعی برآمدات میں ایک اہم حصہ رکھتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس شعبے پر غلبہ رکھنے والی بڑی کمپنیاں، جن کے مالکان غیر مسلم ہیں، ہر سال لاکھوں ٹن گائے، بھینس اور بیل کا گوشت بیرونِ ملک بھیج کر اربوں کا منافع کماتی ہیں۔ ان کمپنیوں میں کئی کارپوریٹ ادارے، صنعت کار، اور بعض حکومتی یا سیاسی اثر و رسوخ رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں اور حکومت ان کو نہ صرف لائسنس فراہم کرتی ہے بلکہ ان کے کاروبار کو بڑھانے میں مدد بھی کرتی ہے۔ لیکن کیا کبھی ان بڑے اداروں کے خلاف ان کمپنیوں کے گوشت پر ”جانوروں کے حقوق“ کی تنظیموں نے مظاہرہ کیا؟ کیا کسی مرکزی میڈیا ہاؤس نے ان کے فیکٹری فارموں کے خلاف کیمرہ گھمایا؟ کیا کبھی ان سے سوالات کیے گئے کہ جانوروں کو کیسے رکھا اور ذبح کیا جا رہا ہے؟ جواب ہے: نہیں۔ کیونکہ جب معاملہ طاقتور طبقات، سرمائے اور منافع کا ہو، تو ”اخلاقیات“، ”جانوروں کے حقوق“ اور ”ہندو جذبات“ سب خاموش ہو جاتے ہیں۔  یہاں اصل تضاد کھل کر سامنے آتا ہے: اگر کوئی غریب یا متوسط طبقے کا مسلمان فرد، مذہبی فریضہ ادا کرنے کے لیے ایک یا دو جانور قربان کرتا ہے، تو اسے ظلم، وحشت اور شدت پسندی کا نام دیا جاتا ہے۔ اسے سماجی میڈیا پر نشانہ بنایا جاتا ہے، اور بعض اوقات تشدد کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ لیکن اگر یہی عمل بڑی کارپوریٹ کمپنیاں لاکھوں گائیں، بیل اور دیگر جانور ذبح کر کے منافع کمائیں تو وہ ایک ”قابلِ ستائش کاروبار“ اور ”برآمداتی کامیابی“ قرار پاتا ہے۔ یہ دہرا معیار صرف مسلمانوں کے ساتھ نہیں، بلکہ جانوروں کے حقوق اور تجارتی اخلاقیات کے اصولوں کے ساتھ بھی ناانصافی ہے۔ 



درحقیقت، اسلام مخالف پراپیگنڈہ کی یہ نئی شکل ہے، جو ویجیٹیرین ازم (Vegetarianism) اور ماحولیاتی تبدیلی (Environmental change) جیسے عالمی موضوعات کا سہارا لے کر مسلمانوں کے مذہبی شعائر کو نشانہ بناتی ہے۔ قربانی صرف عبادت نہیں، ہماری تہذیبی شناخت ہے۔ اور جس تہذیب کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، وہ دنیا کی واحد تہذیب ہے جو قربانی کے ساتھ صفائی، فلاح، اور عدل کا سبق بھی دیتی ہے۔ اسلام میں قربانی نہ صرف جانور کے جسم کی بلکہ دل کی قربانی ہے، وہ قربانی جو غرور، لالچ، انا اور خود غرضی کو ختم کر کے انسان کو اللہ کے قریب کرتی ہے۔ یہ قربانی صرف ایک ذاتی عبادت نہیں بلکہ ایک اجتماعی عمل ہے، جس میں ہر فرد کی شرکت سماج کے کمزور طبقے تک نعمتیں پہنچاتی ہے۔


اسلام کسی پر کھانے پینے کے معاملے میں جبر نہیں کرتا، نہ ہی کسی کے ذوق کو برا کہتا ہے۔ لیکن یہ حق ضرور دیتا ہے کہ ایک مسلمان اپنے عقیدے کے مطابق عبادت کر سکے، بشرطیکہ وہ قانون اور شریعت کے دائرے میں ہو۔ ہندوستان جیسے آئینی، سیکولر ملک میں مسلمانوں کو مذہبی آزادی حاصل ہے، اور قربانی اس آئینی حق کا حصہ ہے۔ ایسے میں قربانی پر اعتراض صرف مذہبی تعصب اور سماجی پولرائزیشن (Social Polarization) کو ہوا دینے کا ایک طریقہ بن چکا ہے۔


مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ وہ اس پروپیگنڈہ کے خلاف محض جذباتی نہیں، بلکہ مکمل دلیل کے ساتھ عقلی، سائنسی، آئینی اور اخلاقی جواب دیں۔ ہمیں چاہیے کہ ہم دنیا کو دکھائیں کہ ہماری قربانی صرف جانور نہیں، بلکہ انسانیت کے ساتھ محبت، سماج کے ساتھ انصاف، اور اللہ کے ساتھ وفاداری کا پیغام ہے۔ ہمیں اپنی قربانی کو اس طرح انجام دینا چاہیے کہ اس میں صفائی، شفقت، اور معاشرتی فلاح کا پیغام ہو؛ جس کی تعلیم دین اسلام دیتا ہے۔ ہمیں دنیا کو بتانا چاہیے کہ قربانی صرف ایک مذہبی رسم نہیں، بلکہ یہ غربت کے خلاف ایک بڑی مہم ہے، ایک فلاحی نظام کا حصہ ہے، اور روحانی تطہیر کا ذریعہ ہے۔ ہم صفائی کا خیال رکھیں، ماحول کو آلودہ نہ کریں، اور اس عبادت کو اس کے حقیقی وقار کے ساتھ انجام دیں۔


ہمیں یہ بھی یاد رکھنا ہوگا کہ بھارت کا آئین ہمیں مذہبی آزادی، شخصی آزادی اور عبادت کا حق دیتا ہے۔ کوئی فرد یا گروہ اس آئینی حق کو سوشل میڈیا کے دباؤ یا ٹی وی کی چیخ پکار سے چھین نہیں سکتا۔ مسلمان اپنی عبادات پر شرمندہ نہیں، بلکہ فخر محسوس کرتے ہیں اور انہیں چاہیے کہ علم، اخلاق، اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی شناخت کا دفاع کرتے رہیں۔ دنیا کو ویجیٹیرین (Vegetarian) بننے سے نہیں روکا جا رہا، لیکن یہ بات بھی قبول نہیں کہ کسی کے ”غذائی عقیدے“ کو دوسروں کے ”ایمانی عقیدے“ پر مسلط کیا جائے۔ قربانی نہ صرف ایک عبادت ہے بلکہ ایک حق ہے، اور اس حق کا دفاع علمی، آئینی، اور پرامن طریقے سے ہر مسلمان کا فرض ہے۔


یہ وقت ہے کہ ہم اپنی تہذیب، عقیدے اور روایات کے تحفظ کے لیے باوقار انداز میں کھڑے ہوں، اور دنیا کو بتائیں کہ ہمارے شعائر ہماری پہچان ہیں اور ہم اپنی شناخت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ہمیں فخر ہے کہ ہمارا دین ہمیں قربانی کے ذریعے ایثار، اطاعت، اور فلاحِ انسانیت کا پیغام دیتا ہے۔


اِنَّ صَلَاتِىْ وَنُسُكِىْ وَمَحْيَاىَ وَمَمَاتِىْ لِلّـٰهِ رَبِّ الْعَالَمِيْنَ 

”میری نماز، میری قربانی، میرا جینا اور مرنا سب اللہ رب العالمین کے لیے ہے۔“ (سورۃ الانعام: 162)


Thursday, 5 June 2025

وقف اسلام کا اہم ترین جز ہے، غیر آئینی وقف ترمیمی قانون واپس ہونے تک تحریک جاری رہے گی

 وقف اسلام کا اہم ترین جز ہے، غیر آئینی وقف ترمیمی قانون واپس ہونے تک تحریک جاری رہے گی!

مرکز تحفظ اسلام ہند کے ”وقف بچاؤ، دستور بچاؤ کانفرنس“ سے مولانا فضل الرحیم مجددی، مفتی افتخار احمد قاسمی، مولانا مقصود عمران رشادی، مولانا عبد الرحیم رشیدی کے خطابات!


بنگلور، 04؍ جون (پریس ریلیز): مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام منعقد عظیم الشان آن لائن ”وقف بچاؤ،دستور بچاؤ کانفرنس“کی پہلی و افتتاحی نشست سے خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد فضل الرحیم مجددی صاحب نے فرمایا کہ وقف کا تصور اسلام کا ایک بنیادی، دینی اور روحانی نظام ہے، جو قرآن و سنت کی روشنی میں تشکیل پایا ہے۔ اس کا مقصد نہ صرف مسلمانوں کی اجتماعی فلاح و بہبود، دینی تعلیمات کی ترویج، اور مستحقین کی مدد ہے بلکہ یہ اسلامی تہذیب و تمدن کا ایک اہم ستون بھی ہے۔ وقف کا وجود پارلیمانی قانون سازی کا محتاج نہیں بلکہ اس کی بنیاد دین اسلام میں مضمر ہے، اور اس میں مداخلت دراصل مسلمانوں کے دینی امور میں دخل اندازی کے مترادف ہے۔ انہوں نے فرمایا کہ حالیہ وقف ترمیمی قانون 2025ء اسی اسلامی روح اور آئینی ڈھانچے کے خلاف ایک سنگین کوشش ہے، جو آئین ہند کے دیے گئے مذہبی آزادی، اقلیتی حقوق اور شخصی آزادی کے اصولوں سے متصادم ہے۔ مولانا مجددی نے فرمایا کہ ہم واضح طور پر اعلان کرتے ہیں کہ وقف کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو بے نقاب کیا جائے گا، اس کالے قانون کو مسلمان کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے اور اس ترمیمی قانون کے خلاف پرامن، آئینی اور جمہوری دائرے میں رہ کر بھرپور تحریک جاری رکھی جائے گی۔ وقف کے تحفظ کے لیے ہماری جدوجہد صرف قانونی ہی نہیں بلکہ یہ ایک دینی فریضہ ہے۔


کانفرنس کی دوسری نشست سے خطاب کرتے ہوئے مرکز تحفظ اسلام ہند کے سرپرست اور جمعیۃ علماء کرناٹک کے صدر مفتی افتخار احمد قاسمی صاحب نے فرمایا کہ وقف ایک خالص مذہبی اور دینی معاملہ ہے، جس کی بنیاد اسلام کی تعلیمات پر ہے، اور جس کا مقصد عبادت گاہوں، دینی اداروں، یتیموں، غریبوں اور انسانی خدمت کے مختلف شعبوں کو مستقل اور منظم سہارا فراہم کرنا ہے۔ ایسے مقدس نظام میں حکومت یا کسی غیر مسلم ادارے یا لوگوں کی مداخلت نہ صرف مذہبی آزادی میں خلل ہے بلکہ آئین ہند کی روح کے بھی منافی ہے۔ حالیہ وقف ترمیمی قانون 2025ء درحقیقت آئینی، مذہبی اور اقلیتی حقوق پر ایک سنگین حملہ ہے۔ اگر یہ قانون واقعی آئینی ہوتا تو سپریم کورٹ اس پر عارضی پابندی عائد نہ کرتا۔ مولانا قاسمی نے فرمایا کہ آج اگر مسلمانوں کے وقف پر قدغن لگائی جا رہی ہے تو کل کسی اور اقلیت کی مذہبی آزادی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہر انصاف پسند، چاہے وہ کسی بھی مذہب سے ہو، اس قانون کے خلاف آواز بلند کرے۔ یہ صرف مسلمانوں کا نہیں، تمام اہلِ ایمان اور آئینِ ہند کا مشترکہ مسئلہ ہے۔


کانفرنس کی تیسری نشست سے خطاب کرتے ہوئے جامع مسجد سٹی بنگلور کے امام و خطیب حضرت مولانا محمد مقصود عمران رشادی صاحب نے فرمایا کہ وقف ایک مقدس امانت ہے جو کسی فرد کی ذاتی جائیداد نہیں بلکہ اللہ کی ملکیت ہوتی ہے، جسے صدیوں سے دینی، فلاحی اور تعلیمی مقاصد کے لیے وقف کیا جاتا رہا ہے۔ اس نظام میں مداخلت نہ صرف مذہبی آزادی پر حملہ ہے بلکہ آئین ہند کی خلاف ورزی بھی ہے، جو اقلیتوں کو اپنے مذہبی ادارے قائم کرنے اور چلانے کا حق دیتا ہے۔ حالیہ وقف ترمیمی قانون کے تحت وقف بورڈ میں غیر مسلموں کو شامل کرنا انتہائی قابل اعتراض ہے، کیونکہ اگر یہ اصول درست ہے تو کیا غیر مسلم کے مذہبی اداروں کے بورڈز میں بھی مسلمانوں کو شامل کیا جائے گا؟ سپریم کورٹ کی جانب سے اس قانون پر عبوری پابندی یہ ظاہر کرتی ہے کہ اس میں آئینی خامیاں موجود ہیں۔ مولانا رشادی نے فرمایا کہ ہم اپنے اکابرین کے حکم اور آئینی حق کے تحت ان غیر آئینی ترمیمات کے خلاف پرامن تحریک جاری رکھیں گے، کیونکہ وقف صرف زمین نہیں بلکہ دین کا حصہ ہے، اور اس کی حفاظت ہم سب کا دینی و قومی فرض ہے۔


کانفرنس کی چوتھی نشست سے خطاب کرتے ہوئے جمعیۃ علماء کرناٹک کے صدر حضرت مولانا عبد الرحیم رشیدی صاحب نے فرمایا کہ وقف اسلام کا ایک اہم اور ثابت شدہ جز ہے، جس کی بنیاد قرآن و حدیث میں واضح طور پر موجود ہے۔ اس کا انکار کرنا یا یہ کہنا کہ وقف کا تصور اسلام یا قرآن میں نہیں پایا جاتا، سراسر لاعلمی اور گمراہی ہے۔ وقف کی تاریخ صدیوں پر محیط ہے، جس کے ذریعے مسلمانوں نے مدارس، مساجد، یتیم خانے، اور دیگر فلاحی ادارے قائم کیے اور امت کی اجتماعی خدمت انجام دی۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ آج وہی لوگ جو نہ اسلام کی تعلیمات سے واقف ہیں، نہ وقف کی روح اور تاریخ کو سمجھتے ہیں، وہی ہمارے مذہبی معاملات میں مداخلت کر رہے ہیں، جو کہ نہ صرف دینی آزادی کی خلاف ورزی ہے بلکہ آئین کے بنیادی حقوق کے بھی منافی ہے۔ مولانا رشیدی نے فرمایا ہمیں چاہیے کہ ہم شعور و بیداری کے ساتھ، قانونی اور جمہوری دائرے میں رہتے ہوئے، اس مداخلت کے خلاف منظم اور پرامن جدوجہد جاری رکھیں، کیونکہ وقف کا دفاع دراصل دین اور آئین دونوں کا دفاع ہے۔


قابل ذکر ہے کہ مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام منعقد یہ عظیم الشان آن لائن ”وقف بچاؤ، دستور بچاؤ کانفرنس“ کی نشستیں مرکز تحفظ اسلام ہند کے ڈائریکٹر محمد فرقان کی نگرانی اور مرکز کے رکن تاسیسی قاری عبد الرحمن الخبیر قاسمی کی نظامت میں منعقد ہوئی، نشستوں کا آغاز مرکز کے آرگنائزر حافظ محمد حیات خان اور رکن مولانا اسرار احمد قاسمی کی تلاوت اور رکن قاری محمد عمران کے نعتیہ اشعار سے ہوا۔ جبکہ کانفرنس میں مرکز کے اراکین مولانا محمد نظام الدین مظاہری، حارث پٹیل، محمد فرحان، مولانا ایوب قاسمی، سید توصیف، محمد کیف، وغیرہ بطور خاص شریک تھے۔ اس موقع پر تمام اکابر علماء نے مرکز تحفظ اسلام ہند کی خدمات کو سراہتے ہوئے خوب دعاؤں سے نوازا اور ”وقف بچاؤ، دستور بچاؤ کانفرنس“ کے انعقاد پر مبارکبادی پیش کرتے ہوئے اسے وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ اختتام سے قبل مرکز کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے تمام حضرات کا اور جملہ سامعین کا شکریہ ادا کیا اور متعلقہ نشستوں کے صدر کی دعا پر یہ عظیم الشان ”وقف بچاؤ، دستور بچاؤ کانفرنس“ کی الگ الگ نشستیں اختتام پذیر ہوئی۔

#SaveWaqfSaveConstitution | #WaqfBachaoCampaign | #RejectWaqfAct | #WithdrawWaqfAmendments | #WaqfAmendmentAct | #MTIH | #TIMS

Tuesday, 3 June 2025

ظلم کے اندھیرے میں چراغِ بیداری؛ وقت کی پکار ہے!

 ظلم کے اندھیرے میں چراغِ بیداری؛ وقت کی پکار ہے!

✍️ بندہ محمد فرقان عفی عنہ

(ڈائریکٹر مرکز تحفظ اسلام ہند)



ہمارا ملک اس وقت جن حالات سے گزر رہا ہے، وہ نہ صرف مسلمانوں بلکہ ہر انصاف پسند شہری کے لیے فکرمندی کا باعث ہیں۔ جہاں جمہوریت، سیکولرازم، اور قانون کی بالادستی کے دعوے کیے جاتے ہیں، وہیں حقیقت یہ ہے کہ ان اقدار کو آئے دن پاؤں تلے روندا جا رہا ہے۔ ایک ایسا ماحول بنایا جا رہا ہے جہاں سچ بولنے، اپنے حق کے لیے آواز اٹھانے، اور مذہبی شناخت کے ساتھ جینے تک کو جرم بنا دیا گیا ہے۔ مسلمانوں کے خلاف نفرت، تعصب، اور امتیازی سلوک اب انفرادی معاملات نہیں رہے بلکہ ایک منظم ریاستی رویہ بنتا جا رہا ہے۔


سوشل میڈیا جو کبھی اظہار رائے، علم کی ترسیل اور انصاف کی آواز کے لیے استعمال ہوتا تھا، آج مسلمانوں کے لیے جال، ہتھکڑی اور قید کا ذریعہ بنتا جا رہا ہے۔ صرف ایک پوسٹ، ایک ویڈیو، یا کسی واقعے پر سچ بولنے کی پاداش میں درجنوں مسلم نوجوان جیلوں کی نذر ہو چکے ہیں۔ اُن پر ملک دشمنی، مذہبی جذبات بھڑکانے یا "نفرت انگیز" مواد کا الزام لگا کر ان کی زندگیوں کو تباہ کیا جا رہا ہے، جبکہ وہی زبانیں جو دن رات مسلمانوں کے خلاف زہر اگلتی ہیں، آزاد گھومتی ہیں اور سرکاری تحفظ پاتی ہیں۔ یہ رویہ اس بات کی علامت ہے کہ انصاف کا ترازو اب یکطرفہ ہو چکا ہے۔


وقف املاک صدیوں سے مسلمانوں کی دینی، تعلیمی اور فلاحی ضروریات پوری کرتی رہی ہیں۔ یہ ادارے نہ صرف عبادت و روحانیت کا مرکز رہے بلکہ مسلمانوں کی خود انحصاری اور اجتماعی طاقت کی علامت بھی تھے۔ لیکن موجودہ حکومت کی جانب سے لایا گیا وقف ترمیمی قانون ان املاک کو حکومتی گرفت میں لے کر ان کے اصل مصرف کو تبدیل کرنے کی کوشش ہے۔ یہ قانون محض قانونی ترمیم نہیں بلکہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت مسلمانوں کی خودمختار شناخت، ان کے ادارے، اور ان کا ماضی سب مٹا دیے جائیں۔ وقف بورڈز کو حکومت کے ماتحت کرنا، ان جائیدادوں کی خرید و فروخت کا اختیار حکومتی افسروں کو دینا، اور ان پر مسلمانوں کا عملی اختیار ختم کرنا، ایک طرح کا جدید "قانونی قبضہ" ہے۔


مدارس جنہوں نے اس ملک کو ہزاروں علماء، مصلحین، مجاہدین آزادی اور محب وطن افراد دیے، آج ان پر بھی تنگ نظری کی تلوار لٹک رہی ہے۔ انہیں بدنام کیا جا رہا ہے، ان کے نصاب کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، اور بعض ریاستوں میں تو انہیں بند کرنے کے اعلانات ہو رہے ہیں۔ مدارس نے ہمیشہ مسلمانوں کی دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ آزادی کی جدوجہد میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے، آزادی کی تحریک میں مدارس نے جو قربانیاں دیں، وہ ہماری تاریخ کا سنہری باب ہیں۔ ان مدارس نے ہمیشہ اپنے طلباء کو نہ صرف دینی علوم سے آراستہ کیا، بلکہ ان میں وطن کی محبت، قربانی کی روح اور ملت کی خدمت کا جذبہ بھی اجاگر کیا۔ مدارس کی موجودگی ملک کی ثقافتی و دینی ورثہ کی حفاظت کے لیے ضروری ہے کیونکہ یہ اسلامی تہذیب و ثقافت کے اصل محافظ ہیں۔ آج جن مدارس پر حملے ہو رہے ہیں، وہ دراصل ملک کی جڑوں اور ملت اسلامیہ کی دینی کی بنیادوں پر حملہ ہیں۔ یہ کوششیں مسلمانوں کو اپنی جڑوں سے کاٹنے اور ان کی تاریخ و ثقافت کو مٹانے کی ناپاک سازش ہیں۔ ان اداروں کو بدنام کرنے اور ان کے نصاب کو نشانہ بنانے کے پیچھے ایک سوچ ہے جو ملک میں مذہبی ہم آہنگی اور ثقافتی تنوع کو ختم کرنا چاہتی ہے، جن کا مقابلہ حکمت، دانشمندی اور مکمل تیاری سے کیا جانا ضروری ہے۔



دوسری طرف شان رسالت میں گستاخ کے روح فرسا واقعات میں بھی دن بہ دن اضافہ ہو رہا ہے۔ رسولِ اکرم ﷺ کی شانِ اقدس میں توہین امتِ مسلمہ کے لیے ناقابل برداشت ہے۔ لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ ان گستاخوں کو نہ صرف قانونی تحفظ حاصل ہوتا ہے، بلکہ بعض صورتوں میں انہیں "اظہارِ رائے کی آزادی" کے نام پر بہادری کا تمغہ دیا جاتا ہے۔ یہ رویہ مسلمانوں کے جذبات کے ساتھ کھلا مذاق ہے۔ امت کا ہر فرد رسولِ خدا ﷺ سے اپنی جان، مال، عزت سے زیادہ محبت رکھتا ہے، اور اس محبت کی توہین برداشت نہیں کی جا سکتی۔ لیکن اس حساسیت کو نہ سمجھا جاتا ہے، نہ تسلیم کیا جاتا ہے، بلکہ جو مسلمان ان واقعات پر ردِعمل ظاہر کرے، اسی کو شدت پسند اور خطرناک قرار دے کر نشانہ بنایا جاتا ہے۔


پورے ملک میں مسلمانوں کے خلاف ایک منظم نفرت انگیزی کا ماحول تیار کیا جا چکا ہے۔ میڈیا کا ایک بڑا طبقہ دن رات مسلمانوں کے خلاف زہر اگل رہا ہے۔ مسلمانوں کی حب الوطنی پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں، انہیں شدت پسند، دہشت گرد، یا سماج کے لیے خطرہ بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ نفرت صرف زبانی نہیں رہی بلکہ عملی صورت میں مآب لنچنگ، سوشل بائیکاٹ، کاروباری نقصان، اور تعلیمی مواقع سے محرومی کی شکل میں سامنے آ چکی ہے۔ اس فضا میں مسلمانوں کا زندہ رہنا، اپنی شناخت کو بچائے رکھنا، اور اپنی نئی نسل کی فکری و تعلیمی تربیت کرنا سب سے بڑا چیلنج بن چکا ہے۔


ایسے کٹھن حالات میں مسلمانوں پر بہت بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ سب سے پہلے، انہیں تعلیمی بیداری کو اپنی ترجیح بنانا ہوگا۔ دینی بنیادی تعلیم حاصل کرنے کو اپنے اپر لازمی کرنا ہوگا، عصری علوم بالخصوص جدید ترین ٹیکنالوجی میں بھی مہارت حاصل کر کے نوجوانوں کو باوقار اور مضبوط شہری بنانا ہوگا۔ انہیں نہ صرف اپنے حق کے لیے کھڑا ہونا سکھانا ہوگا، بلکہ دوسروں کے لیے بھی عدل اور مساوات کی آواز بلند کرنے والا بنانا ہوگا۔ قوم کو آپس کے اختلافات، فرقہ واریت اور ذاتی مفادات سے بلند ہو کر ایک مضبوط ملت کی صورت میں منظم ہونا ہوگا۔ اتحاد، شعور، اور مسلسل محنت ہی وہ زادِ راہ ہے جس سے ہم اس اندھیرے دور میں روشنی پیدا کر سکتے ہیں۔


ہمیں قانونی میدان میں اپنی موجودگی مضبوط کرنی ہوگی، باوقار انداز میں اپنے اداروں، اپنی تہذیب اور اپنے وقار کی حفاظت کرنی ہوگی۔ ہمیں سوشل میڈیا پر حکمت اور فہم کے ساتھ سرگرم رہنا ہوگا، جذباتیت سے نہیں بلکہ علم و دلیل سے کام لینا ہوگا۔ ہر مسلمان کو اپنی بات کہنے کا حق ہے، لیکن اس کے ساتھ اس بات کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ امت کا مقدمہ وقار، دانائی اور سچائی کے ساتھ پیش کرے۔


یہ وقت بے حسی، خاموشی یا مایوسی کا نہیں، بلکہ بیداری، بیداری اور صرف بیداری کا ہے۔ اگر ہم نے اب بھی خود کو منظم نہ کیا، اپنے نوجوانوں کو تیار نہ کیا، اپنے اداروں کو نہ بچایا، اور اپنے دین و تشخص کی حفاظت کے لیے کھڑے نہ ہوئے، تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ یہ وقت تاریخ کا وہ موڑ ہے جہاں ایک طرف ظلم، ناانصافی اور نفرت کا سیلاب ہے، اور دوسری طرف ایمان، صبر، حکمت، اور عزم کا چراغ ہے، اب یہ ہم پر ہے کہ ہم اس چراغ کو تھام کر اندھیرے میں راستہ بناتے ہیں یا حالات کے آگے بے بس ہو کر خود کو بھلا دیتے ہیں۔


ظلم کے اندھیرے میں چراغِ بیداری؛ وقت کی پکار ہے!



فقط و السلام

بندہ محمّد فرقان عفی عنہ

03 جون 2024ء بروز منگل


#PaighameFurqan | #ProphetMohammed | #IndianMuslim | #SaveMadrasas | #StopMadrasaShutdown | #RejectWaqfAct | #WaqfAmendmentAct | #WithdrawWaqfAmendments | #MobLynching | #FakeNews