Sunday, 29 November 2020

نبی کریم ؐکی شان اقدس میں گستاخی مسلمان کبھی برداشت نہیں کرسکتا!



 نبی کریم ؐکی شان اقدس میں گستاخی مسلمان کبھی برداشت نہیں کرسکتا!

علماء کرام کے ولولہ انگیز خطابات سے مرکز تحفظ اسلام ہند کی آن لائن عظمت مصطفیٰؐ کانفرنس اختتام پذیر!


بنگلور، 28/ نومبر (ایم ٹی آئی ہچ): نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت و توقیر مسلمان کے ایمان کا بنیادی جزو ہے۔ نبی کریمؐ کی ذات اقدس مسلمان کو اپنی جان سے زیادہ عزیز، اپنے ماں باپ سے زیادہ محبوب، اپنی اولاد سے زیادہ پیاری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کوئی بھی مسلمان نبی کریمؐ کی شان میں گستاخی تو دور ادنیٰ درجہ کی بے ادبی بھی برداشت نہیں کرسکتا اور یہی ایمان کا تقاضہ بھی ہے۔نبیؐ کی ناموس کی حفاظت کے خاطر مسلمان ہزاروں جانیں قربان کرنے کیلئے تیار ہے اور اس قربانی کو وہ اپنے لیے باعث افتخار اور باعث نجات سمجھتا ہے۔ افسوس کی بات ہیکہ اللہ تعالیٰ نے جس پیغمبرؐ کو پوری انسانیت کیلئے نمونہئ کاملہ اور اسوۂ حسنہ بنایا اور رحمۃللعالمین بنا کر اس دنیا میں مبعوث فرمایا آج اسی عظیم، باکمال اور مقدس ہستی کی شان میں گستاخی کی جارہی ہے۔ ابھی حالیہ دنوں میں فرانس نے گستاخ رسولؐ کی حمایت کرتے ہوئے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کا جو اعلان کیا ہے اسے کوئی ادنیٰ درجہ کا مسلمان بھی برداشت نہیں کرسکتا۔ایسے حالات میں جہاں فرانس کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا اور قانونی دائرے میں رہتے ہوئے اپنا احتجاج درج کروانا مسلمانوں کا فریضہ ہے وہیں اسلام اور سیرت نبویؐ کو علمی و فکری انداز میں پیش کرنا وقت کا اہم فریضہ اور مسلمانوں کی اولین ذمہ داری ہے۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے مرکز تحفظ اسلام ہند نے آن لائن عظمت مصطفیٰؐ کانفرنس کا سلسلہ شروع کیا۔مرکز تحفظ اسلام ہند کی دعوت پر ملک ہند کے مختلف اکابر علماء کرام نے عظمت مصطفیٰؐ، حب رسولؐ، ناموس رسالتؐ، گستاخ رسولؐ کا انجام جیسے مختلف عناوین پر کانفرنس سے پرمغز اور ولولہ انگیز خطابات کیے اور واضح طور پر کہا کہ نبی کریم ؐکی شان اقدس میں ذرا برابر بھی گستاخی کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔ مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام پندرہ روزہ عظیم الشان آن لائن عظمت مصطفیٰ ؐکانفرنس سے خطاب کرنے والوں میں فقیہ العصر مفتی محمد شعیب اللہ خان مفتاحی مدظلہ (بانی و مہتمم جامعہ اسلامیہ مسیح العلوم بنگلور)، جانشین امام اہل سنت مولانا عبد العلیم فاروقی مدظلہ (صدر مجلس تحفظ ناموس صحابہؓ الہند)، پیر طریقت مولانا سیداحمد ومیض ندوی مدظلہ (استاذ حدیث دارالعلوم حیدرآباد)، نبیرۂ امام اہل سنت مولانا عبد الباری فاروقی مدظلہ (استاذ دارالمبلغین لکھنؤ)، نمونۂ اسلاف مولانا خالد ندوی غازیپوری مدظلہ (استاذ حدیث دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ)،مخیر قوم و ملت مولانا عبد الرحیم رشیدی مدظلہ (صدر جمعیۃ علماء کرناٹک)، نمونۂ اسلاف مولانا رحمت اللہ میر قاسمی کشمیری (رکن شوریٰ دارالعلوم دیوبند)، داعئ اسلام مولانا محمد کلیم صدیقی مدظلہ (ناظم جامعہ امام ولی اللہؒ اسلامیہ پھلت) مدظلہم شامل ہیں۔ عظمت مصطفیٰ ؐکانفرنس کو مرکز تحفظ اسلام ہند کی سوشل میڈیا ڈیسک تحفظ اسلام میڈیا سروس کے آفیشیل یوٹیوب چینل و فیس بک پیج پر براہ راست نشر کیا جارہا تھا۔ کانفرنس کو تقریباً ایک لاکھ سے زائد لوگوں نے سماعت کیا۔ تمام علماء کرام خصوصاً اکابرین نے جہاں گستاخان رسولؐ کو دلائل کی روشنی میں منھ توڑ جواب دیا وہیں امت مسلمہ کو نبی کریمؐ کی سیرت کو اپنانے، اسے عام کرنے اور انکی ناموس کی حفاظت کرنے کی تلقین کرتے ہوئے مرکز تحفظ اسلام ہند کی خدمات کو سراہتے ہوئے خوب دعاؤں سے نوازا۔ کانفرنس کا آغاز 30/ اکتوبر 2020ء کو فقیہ العصر حضرت مولانا مفتی محمد شعیب اللہ خان مفتاحی مدظلہ کے خطاب سے ہوا اور 15/ نومبر 2020ء کو داعیئ اسلام مولانا محمد کلیم صدیقی مدظلہ کے پُر مغز خطاب و دعا سے اختتام پذیر ہوا۔ کانفرنس سے خطاب کرنے والے حضرات علماء کرام کا ادارہ مرکز تحفظ اسلام ہند نے شکریہ ادا کیا اور انکی خدمت میں تہنیت نامہ پیش کیا۔

Tuesday, 17 November 2020

محسن انسانیت ؐپوری انسانیت کے پیغمبر ہیں، انکی شان میں گستاخی ناقابل قبول ہے!



محسن انسانیت ؐپوری انسانیت کے پیغمبر ہیں، انکی شان میں گستاخی ناقابل قبول ہے!

مرکز تحفظ اسلام ہند کی آن لائن عظمت مصطفیٰ ؐکانفرنس کی اختتامی نشست سے مولانا محمد کلیم صدیقی کا خطاب!


بنگلور، 17/ نومبر (ایم ٹی آئی ہچ): مرکز تحفظ اسلام ہند کی آن لائن عظمت مصطفیٰ ؐکانفرنس کی آٹھویں و اختتامی نشست سے خطاب کرتے ہوئے داعئ اسلام حضرت مولانا محمد کلیم صدیقی صاحب مدظلہ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے ساری کائنات کو انسان کی خدمت کے لیے پیدا کیا ہے اور اس پوری کائنات کا دولہا حضرات انسان کو بنایا۔ جب اللہ تعالیٰ انسان کے خالق و مالک ہیں تو اللہ تعالیٰ کو سب کچھ معلوم ہے کہ انسان کو کن کن چیزوں کی ضرورت ہے اور کن چیزوں کی نہیں۔ مولانا نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے دنیا کی ساری نعمتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہدایات بھی دیں اس لیے کہ نعمت کے ساتھ اگر ہدایت نہ ہو تو وہ زحمت ہے۔ نعمت کے ساتھ ہدایت کا ہونا ضروری ہے۔ اور یہ ساری چیزیں سکھانے اور بتانے کے لیے اللہ تعالیٰ نے حضراتِ انبیاء کرام علیہم السلام کا سلسلہ شروع فرمایا اوف اخیر میں میرے اور آپ کے آقا جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کو بھیجا اور آپ کے ساتھ قرآن پاک کو بھی بھیجا، جو اللہ تعالیٰ کی نعمتوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کا لاسٹ اور کمپلیٹ ایڈیشن ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے آ پؐکو پوری دنیا کے لیے نمونہ اور رول ماڈل بنا کر بھیجا ہے۔ ہم مسلمانوں نے یہ کہہ کر قرآن کے ساتھ اور اللہ کے نبیؐ کے ساتھ بے وفائی کی ہے کہ قرآن صرف مسلمانوں کی کتاب اور اللہ کے نبیؐ صرف مسلمانوں کے نبی ہیں، جبکہ یہ بات بلکل درست نہیں کیونکہ قرآن مجید پوری دنیا کے انسانوں کی کتاب ہے اور نبی کریم ؐساری کائنات کے نبی ہیں۔ قرآن پاک کا اکثر حصہ ان لوگوں سے مخاطب ہے جو غیر مسلم ہیں۔ مولانا کلیم صدیقی نے فرمایا کہ آج کل نبی کریمؐ کی شان میں جو گستاخیاں ہو رہی ہیں یقیناً اسکے ذمہ دار ہم خود بھی ہیں، اس لیے کہ ہم نے اللہ کے رسولؐ کا تعارف اس طرح نہیں کروایا کہ آپؐ ساری انسانیت کے رسول ہیں اور آپکی تعلیمات کو جو انسانیت کے لیے بہت ضروری ہیں اسے عام نہیں کیا۔ مولانا نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے حضراتِ صحابہ کے ذریعہ نبی ؐکی ایک ایک ادا کو محفوظ فرمایا، آج کے ترقی یافتہ دور میں کسی کی تاریخ و ہسٹری اس طرح باریکی سے محفوظ نہیں جس طرح آپؐ کی سیرت باریکی سے محفوظ ہے۔ محققین نے یہاں تک فرمایا کہ حضرات صحابہ نے اللہ کے نبیؐ کی زندگی کو اتنی گہرائی اور باریکی سے بیان کیا ہے کہ آپ کی زندگی کے دنوں اور گھڑیوں کے چاٹ بناسکتے ہیں۔ مولانا نے فرمایا کہ میں نے مدینہ منورہ کی لائبریری میں ڈاکٹر عبد الجبار رفاہی کی ایک کتاب دیکھی جس میں انہوں نے سیرت کی انتتیس ہزار سات سو چوہتر کتابوں کا تعارف کرایا تھا جو انکی دسترس تک پہنچی ہیں۔ ان میں سے بعض کتابیں کئی کئی جلدوں پر مشتمل ہیں، ان میں سے ایک کتاب پچاسی جلدوں کی اور ایک کتاب اڑتیس جلدوں کی ہے۔ عرب میں صرف آپکے جوتوں پر پچپن کتابیں لکھی گئیں ہیں۔ یہ سارا کام ایسا ہی اتفاقی طور پر نہیں ہوا بلکہ اللہ تعالیٰ نے یہ سارا کام کروایا ہے کہ جو ذات ساری انسانیت کے رول ماڈل بننے والی ہے اسکی ایک ایک چیز محفوظ ہو۔ اور اللہ تعالیٰ نے آپکی ذات کو پُر کشش بنانے کے لیے آپکو پوری دنیا کے لیے رحمت بناکر بھیجا۔ مولانا کلیم صدیقی نے فرمایا کہ دنیا میں بہت سارے ایسے لوگ ہیں جو کسی چیز کو پسند کرتے ہیں تو کسی کو نہیں کرتے لیکن رحمت ایک ایسی چیز ہے جسے ہر کوئی پسند کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ نے آپکو رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا، جنگ کے میدان میں بھی آپؐ رحمت کا پیکر تھے۔ مولانا صدیقی نے فرمایا کہ اللہ کے نبی سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور محبت کا تقاضا یہ ہے کہ پوری دُنیا میں کہیں بھی نبیؐ کی شان میں گستاخی ہوتو ہمارا خون کھول جائے اور ہم اس پر ناراضگی کا اظہار کریں لیکن یہ ساری چیزیں شریعت کے حدود میں رہتے ہوئے اللہ کے لیے کرنا ہے۔ اور اللہ تعالیٰ نے پوری امت کا درد دیکر ہمیں خیر امت کا لقب دیا ہے، پوری امت مدعو ہے ہم داعی ہیں۔ فرانس میں جو واقعہ پیش آیا اور وہاں کے صدر میکرون نے گستاخان رسولؐ کی حمایت کی اس پر پوری امت مسلمہ میں انفعال پیدا ہونا امت مسلمہ کا بے چین ہوجانا اور تڑپ جانا اور بھڑک جانا یہ فطری چیز ہے، اسکے بغیر کوئی چارہ بھی نہیں کیونکہ حب رسولؐ بنیادی چیز ہے۔ داعئ اسلام نے فرمایا کہ یہ انتہائی تکلیف کی بات ہے کہ جو نبیؐ ساری ساری رات امت کے لیے رویا تڑپا، جسکی ہدایت کی فکر لیکر ستر ستر مرتبہ انکے پاس جاتے رہے، اور اللہ تعالیٰ نے کہہ دیا:ائے نبی جی! کیا آپ اپنے آپ کو ہلاک کر لیں گے؟ اس غم میں کہ یہ لوگ ایمان لے آئیں، آج اس محسن نبیؐ کی شان میں گستاخی ہو رہی ہے۔ جو لوگ گستاخی کر رہے ہیں اللہ کے نبیؐ انکے بھی رسول ہیں، انھیں معلوم نہیں ہے کہ وہ اپنے نبیؐ کی شان میں گستاخی کر رہے ہیں۔ اسکے اصل مجرم ہم ہیں کہ ہم نے آپ ؐکا صحیح سے تعارف نہیں کرایا۔ لہٰذا ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کی سیرت طیبہ کو زیادہ سے زیادہ عام کریں۔ قابل ذکر ہیکہ داعئ اسلام مولانا محمد کلیم صدیقی مدظلہ نے مرکز تحفظ اسلام ہند کی خدمات کو سراہتے ہوئے خوب دعاؤں سے نوازا اور انہیں کی دعا سے پندرہ روزہ آن لائن عظمت مصطفیٰؐ کانفرنس اختتام پذیر ہوا!


#ProphetMuhammad4All #BycottFrenchProducts #ProphetMuhammad #MTIH #TIMS #Press_Release

Sunday, 15 November 2020

Online Azmat-e-Mustafa Conference Ke Ikhtitaami Nashist Se Moulana Kaleem Siddiqui DB Ka Khitab


*🛑 लाईव 🛑 LIVE 🛑 لائیو 🛑*


https://youtu.be/Wvv6zV218tI


*🎯آن لائن عظمت مصطفیٰؐ کانفرنس کے اختتامی پروگرام سے داعیٔ اسلام مولانا محمد کلیم صدیقی صاحب مدظلہ کا خطاب شروع ہوچکا ہے!*


*🎯Online Azmat-e-Mustafa Conference Ke Ikhtitaami Nashist Se Moulana Kaleem Siddiqui DB Ka Khitab Suru Hochuka Hai!*


*🎯आॅनलाइन अजमत-ए-मुस्तफ़ा कॉन्फ्रेंस के इख्तितामि प्रोग्राम से मौलाना कलीम सिद्दीकी साहब द.ब का खिताब शुरू हो चुका है!*


Saturday, 14 November 2020

مومن حضور اکرم ؐکی شان میں گستاخی ہرگز برداشت نہیں کر سکتا!


 

مومن حضور اکرم ؐکی شان میں گستاخی ہرگز برداشت نہیں کر سکتا!

 مرکز تحفظ اسلام ہند کی آن لائن عظمت مصطفیٰؐ کانفرنس سے مولانا رحمت اللہ میر قاسمی کشمیری کا ولولہ انگیز خطاب!


بنگلور، 14/ نومبر (ایم ٹی آئی ہچ): مرکز تحفظ اسلام ہند کی آن لائن عظمت مصطفیٰؐ کانفرنس کی ساتویں نشست سے خطاب کرتے ہوئے دارالعلوم رحیمیہ کشمیر کے بانی و مہتمم اور دارالعلوم دیوبند کے رکن شوریٰ حضرت مولانا رحمت اللہ میر قاسمی کشمیری مدظلہ نے فرمایا کہ نبی کریمؐ تمام عالم کے لیے رحمت ہیں حتیٰ کے جانوروں کے لیے بھی رحمت ہیں۔ آپؐ کی پوری زندگی پڑھنے سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ کو مخلوق سے بے پناہ محبت و شفقت تھی اسی لیے ہر طبقہ آپکی رحمت اللعالمین کا حصہ رکھتا ہے، اب جو لوگ ایمان والے ہیں انکا ایک درجہ نبی کریمؐ سے قربت کا بڑھا ہوا ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ نبی کریمؐ کے حقوق امت پر بہت زیادہ ہیں، ان میں سے ایک آپؐ سے ساری دنیا سے زیادہ اپنے ماں باپ اپنی آل اولاد سے زیادہ محبت کرنا ہے۔ اور جو بندہ آپؐ سے محبت کریگا وہ آپکی اتباع بھی کریگا۔اور اتباع کا مطالبہ خود اللہ کے نبیؐ نے احادیث میں فرمایا ہے۔ مولانا رحمت اللہ کشمیری نے فرمایا کہ جو بندہ اللہ کے نبیؐ سے سچی محبت کریگا وہ ضرور بالضرور حضورؐ کی اتباع و اطاعت بھی کریگا۔ اور مومنین کاملین کی یہی علامت ہے۔ مولانا کشمیری نے فرمایا کہ اسی محبت کا نتیجہ ہوتا ہے کہ آدمی جس سے محبت کرتا ہے اسکی ادنیٰ سی گستاخی و بے ادبی بھی برداشت نہیں کر سکتا، جیسے اولاد اپنے ماں باپ کی گستاخی برداشت نہیں کر سکتی، بھائی اپنی بہن کی گستاخی برداشت نہیں کر سکتا، بہن اپنے بھائی کی گستاخی برداشت نہیں کر سکتی، اب ان تمام رشتہ داروں سے زیادہ مومن کے دل میں حضور اقدسﷺ کی محبت ہوتی ہے تو مومن حضورؐ کی شان میں گستاخی کیسے برداشت کر سکتا ہے؟ مولانا قاسمی نے فرمایا کہ مومن چونکہ حضورؐ کا عاشق صادق ہوتا ہے تو کہیں بھی ادنیٰ سی بے ادبی و گستاخی حضورؐ کی ہوتی ہے تو برداشت نہیں کر سکتا، اور یہی مومنین کا سرمایہ ہے۔ اسی لیے آپکے جانثار صحابہؓ نے حضورؐ کی شان میں گستاخی کو ہرگز برداشت نہیں کیا۔ مولانا رحمت اللہ کشمیری نے فرمایا کہ دو چیزوں سے حضورؐ کی محبت بڑھتی ہے: پہلی چیز درود شریف پڑھنے سے اور دوسری چیز آپؐ کی سنتوں کو اپنانے سے۔ اور یہی محبت مطلوب و مقصود ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ پوری دنیا میں کہیں بھی حضورؐ کی شان میں گستاخی ہوتی ہے تو مسلمانوں کا دل چھلنی و زخمی ہو جاتا ہے، اور اس پر وہ ناراضگی کا اظہار کیے بغیر نہیں رہ سکتے، اور ناراضگی کا اظہار کرنا بھی چاہیے مگر ناراضگی کا اظہار آپ ؐکی شریعت کے حدود میں رہ کر کرنا چاہیے، جذبات میں آکر حضورؐ کی شریعت سے ہٹنا مناسب نہیں ہے۔ محبت کے جذبات بھی دین و شریعت کے تابع ہوں۔ کیونکہ ہمارا دین صرف عبادات کا دین نہیں ہے بلکہ ایمانیات، معاملات، معاشرت، اخلاقیات کا بھی دین ہے۔ نبی کریمؐ نے ساری چیزیں بیان کی ہیں۔ حتیٰ کہ قیامت تک کیا کیا ہونے والا ہے؟ کیسے کیسے فتنے ابھریں گے؟ کیسی کیسی لڑائیاں اور جنگیں ہوں گیں؟ سب کی پیشین گوئیاں کیں۔ مولانا نے فرمایا کہ مومن کو جب بھی کوئی تکلیف پہنچتی ہے تو وہ حضورؐ کی شریعت کی طرف رجوع ہوتا ہے اور اسکی ماتحتی میں رہ کر کام کرتا ہے، اسی لیے کامل مومن وہ ہے جو اپنے جذبات کو شریعت محمدی کے تابع کردے۔ اسکی ساری مثالیں حضرات صحابہؓ کی زندگیوں میں موجود ہیں۔ مولانا رحمت اللہ قاسمی کشمیری نے فرمایا کہ آج جو لوگ آپؐ کو رحمت اللعالمین نہیں مانتے اور آپکی شان میں گستاخی کرتے ہیں ان میں سے اکثر وہ بیچارے ہیں جو لاعلم ہیں، جاہل ہیں انکے قلب کی آنکھیں بند ہیں، وہ آپؐ کے مقام و مرتبہ کو نہیں جانتے، امت مسلمہ کا فریضہ ہے کہ وہ ان لوگوں تک آپ ؐکا تعارف پہنچائیں۔ اور حضورؐ کے حقوق کو مکمل ادا کرنے کی کوشش کریں۔ قابل ذکر ہیکہ مولانا رحمت اللہ میر قاسمی کشمیری مدظلہ نے مرکز تحفظ اسلام ہند کی خدمات کو سراہتے ہوئے خوب دعاؤں سے نوازا۔ اطلاعات کے مطابق 15/ نومبر بروز اتوار کو کانفرنس کے اختتامی پروگرام سے داعیٔ اسلام مولانا محمد کلیم صدیقی مدظلہ کا خطاب ہوگا اور انہیں کی دعا سے کانفرنس کا اختتام ہوگا۔

Friday, 13 November 2020

حضور اکرمؐ کی شان اقدس میں گستاخی ناقابل برداشت ہے!

 


حضور اکرمؐ کی شان اقدس میں گستاخی ناقابل برداشت ہے!

مرکز تحفظ اسلام ہند کی آن لائن عظمت مصطفیٰؐ کانفرنس سے مولانا عبد الرحیم رشیدی کا ولولہ انگیز خطاب!


بنگلور، 13 /نومبر (ایم ٹی آئی ہچ): مرکز تحفظ اسلام ہند کی عظیم الشان آن لائن عظمت مصطفیٰؐ کانفرنس کی چھٹویں نشست سے خطاب کرتے ہوئے جمعیۃ علماء کرناٹک کے صدر مولانا عبد الرحیم رشیدی مدظلہ نے فرمایا کہ آج کا یہ دور سوشل میڈیا کا دور ہے، دنیا کے کسی کونے میں کوئی بات کہی جاتی ہے تو منٹوں بلکہ سیکنڈوں میں پوری دنیا میں پہنچ جاتی ہے۔ بہت افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ بڑے بڑے عہدوں پر بیٹھے ہوئے لوگ آج نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کی شان میں گستاخی کرتے ہیں۔ ابھی قریب میں فرانس کے اندر آپ علیہ السلام کے بارے میں نازیبا کلمات کہے گئے اور آپ ؐکے کارٹون بنائے گئے، آخر آپؐ کی ذات گرامی کے ساتھ ایسا معاملہ کیوں؟ مولانا نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ و سلم کو وہ مقام و مرتبہ دیا ہے جو کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے، ہمارے لوگ بھی اسے مانتے ہیں اور بہت سارے لوگ جو ہمارے نبیؐ کو نہیں مانتے وہ بھی ہمارے نبی کے مقام و مرتبہ کو جانتے ہیں۔ مولانا نے فرمایا کہ دنیا کے انسانوں کی اگر تقسیم کی جائے تو دنیا میں صرف دو ہی قسم کے لوگ ہیں: ایک قسم محمد عربیؐ کو ماننے والوں کی اور دوسری قسم نہ ماننے والوں کی۔ مولانا نے فرمایا اللہ تعالیٰ نے آپ علیہ السلام کے نام کو قیامت تک کے لیے بلند کردیا، جیسے جیسے دور گزر رہا ہے ویسے ویسے آپکا نام بلند ہو رہا ہے،جسکے نام کو اللہ نے بلند کردیا اسے کوئی نیچے نہیں کر سکتا! مولانا نے فرمایا آپؐ کی سیرت طیبہ دنیا کی جتنی بڑی زبانیں ہیں ساری زبانوں میں موجود ہے، کوئی زبان اس سے خالی نہیں ہے۔ ہر ایک کو چاہیے کہ آپؐ کی سیرت کو پڑھے اور آپکی سیرت پر غور کرے۔ اس لیے کہ آپکی سیرتِ طیبہ میں زندگی گزارنے کا طریقہ ہے، انسانوں کے لیے آئیڈیل اور نمونہ ہے۔ مولانا عبد الرحیم رشیدی نے دوٹوک فرمایا کہ آج بڑے عہدوں پر فائز لوگ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم پر کیچڑ اچھالنا چاہتے ہیں یہ تعجب کی بات ہے، کیا یہ لوگ سورج پر تھوکنا چاہتے ہیں؟ سورج پر یہ تھوکیں گے تو تھوک انکے منہ پر ہی گرے گا۔ اور یہ بات یاد رکھیں کہ حضور اکرمؐ کی شان اقدس میں گستاخی ناقابل برداشت ہے۔قابل ذکر ہیکہ مولانا عبد الرحیم رشیدی نے مرکز تحفظ اسلام ہند کی خدمات کو سراہتے ہوئے خوب دعاؤں سے نوازا۔ اطلاعات کے مطابق 14/ نومبر بروز ہفتہ کو رات 9:30 بجے آن لائن عظمت مصطفیٰ ؐکانفرنس سے دارالعلوم دیوبند کے رکن شوریٰ حضرت مولانا رحمت اللہ میر قاسمی کشمیری مدظلہ کا خطاب ہوگا، جو مرکز تحفظ اسلام ہند کے آفیشل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر براہ راست نشر کیا جائے گا!


#Press_Release #News #AzmateMustafa #ProphetMuhammad #BycottFrenchProducts #MTIH #TIMS