Wednesday, October 27, 2021

حضرت محمد رسول اللہﷺ کی اطاعت میں ہی دنوں جہاں کی کامیابی کا راز مضمر ہے!



 حضرت محمد رسول اللہﷺ کی اطاعت میں ہی دنوں جہاں کی کامیابی کا راز مضمر ہے! 

مرکز تحفظ اسلام ہند کے سیرت النبیؐ کانفرنس سے حضرت مولانا عبد العلیم فاروقی کا خطاب!


بنگلور، 27؍ اکتوبر (پریس ریلیز): مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام منعقد آن عظیم الشان آن لائن دس روزہ سیرت النبیؐ کانفرنس کی پانچویں نشست سے خطاب کرتے ہوئے مرکز تحفظ اسلام ہند سرپرست اور دارالعلوم دیوبند و ندوۃ العلماء لکھنؤکے رکن شوریٰ جانشین امام اہل سنت حضرت مولانا عبد العلیم فاروقی صاحب مدظلہ نے فرمایا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ذکر مبارک انسان کی عظیم ترین سعادت ہے اور اس روئے زمین پر کسی بھی ہستی کا تذکرہ اتنا باعث اجر و ثواب اتنا باعث خیر و برکت نہیں ہوسکتا جتنا حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا تذکرہ ہوسکتا ہے۔ لیکن صرف سیرت النبی ؐکے بیانات سن لینا کافی نہیں ہے بلکہ اسے سن کر اپنی زندگی کو سیرت النبیؐ کے مطابق گزارنا ضروری ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ سرور کائناتؐ کی حیات طیبہ ہمارے لیے ایک نمونہ ہے جس پر عمل کر کے ہم اپنی زندگی کو سنوار سکتے ہیں۔ قرآن کریم نے آنحضرتؐ کی حیات مبارکہ کو ہمارے لیے اسوہ حسنہ قرار دیا ہے اور اس کا معنٰی یہی ہے کہ ہم زندگی کے ہر لمحے اور ہر سانس میں حضورؐ کو یاد کرنے اور آپؐ کی سنت و اسوہ کے مطابق ہر کام کرنے کے پابند رہیں۔ اسی میں ہماری کامیابی اور کامرانی ہے۔ مولانا فاروقی نے فرمایا کہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین نے اپنی زندگیاں عشق رسول ؐ سے سرشار ہوکر جس انداز میں گزاریں وہ اپنی مثال آپ ہے۔ صحابہ کرامؓ میں سنتوں پر عمل کی کامل علامت موجود تھی، وہ ہر ہر سنت پر عمل کرنے کی کوشش کیا کرتے تھے۔ مولانا نے فرمایا کہ اصل محبت تو یہی ہے کہ ہم آپ ؐکی پیروی کریں، آپؐ کی پسند ناپسند کو اپنی پسند ناپسند بنالیں اور آپؐ کی حیات طیبہ کو اپنی زندگی کا شعار بنا لیں۔ مولانا نے فرمایا کہ رسول اللہؐ سے سچی محبت کا تقاضہ ہی یہ ہیکہ آپؐ کی سنت و شریعت پر عمل ہماری اولین ترجیح ہو اور امت مسلمہ پر لازم ہے کہ رسول اللہؐ کی سیرت کو اپنائیں، اسے اپنے لئے اسوۂ ونمونہ بنائیں اور اپنی زندگی اسی کے مطابق استوار کریں۔ مولانا نے فرمایا کہ رسول اللہؐ کی امت ہونے اور مسلمان ہونے کا تقاضا ہے کہ ہم رسول اللہؐ سے دل وجان سے محبت کریں اور اس محبت کا ثبوت اپنے قول، اپنے عمل، اپنے اعتقاد اوراپنے ہرگفتار وکردار سے دیں، محض دعوۂ محبت کافی نہیں اور یہ اسی وقت ممکن ہے جبکہ ہم رسول اللہؐ کے ہر حکم کو مانیں اور مکمل پیروی کریں۔ مولانا فاروقی نے فرمایا کہ اگر ہم اپنی زندگی کے ہر موڑ اور ہر شعبہ میں رسول اللہؐ کی سیرت کو داخل کرلیں، اپنا کردار آپؐ کے جیسا بنالیں، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی کو اپنی زندگی بنالیں تو اسی سے ہمیں دنیا و آخرت میں کامیابی ملے گی اور فتح و نصرت ہماری قدم چومے گی۔ قابل ذکر ہیکہ اس موقع پر جانشین امام اہل سنت حضرت مولانا عبد العلیم فاروقی صاحب نے مرکز تحفظ اسلام ہند کی خدمات کو سراہتے ہوئے خوب دعاؤں سے نوازا۔

No comments:

Post a Comment