Thursday, January 13, 2022

پیام فرقان - 15

 { پیام فرقان - 15 }



🎯باطل سے دبنے والے، اے آسماں نہیں ہم! 


✍️ بندہ محمد فرقان عفی عنہ

(بانی و ڈائریکٹر مرکز تحفظ اسلام ہند)


اس حقیقت سے انکار نہیں کہ بھارت میں مسلم دشمن قوتوں کے پاس حکومت واقتدار ہے، ان کے پاس مسلح افواج، پولیس، سیکورٹی فورسز سبھی کچھ ہیں۔ اسکے علاوہ دنیا کی اسلام مسلمان دشمن طاقتیں بھی انہیں کی طرفدار ہیں۔ آج اسلام مسلمان دشمن اقتدار پر اس طرح قابض ہیں کہ ان کے لیے مسلمانوں کے خلاف سازشیں کرنا آسان ہو گیا ہے۔ یہی وجہ ہیکہ بھارت کی اس سرزمین پر مسلمان فرقہ وارانہ عناصر کی طرف سے کئے جانے والے حملوں اور حکومت کی جانب سے ان کے ساتھ ناانصافی اور جانبدارنہ رویہ سے خوفزدہ اور پریشان نظر آتے ہیں۔ ملک میں موجودہ صورتحال یہ ہے کہ فرقہ وارانہ عناصر مسلمانوں کے خلاف بشمول نسل کشی کے کسی بھی قسم کے مظالم ڈھانے کے لیے آزاد ہیں۔ بھارت میں ہوئے کسی بھی فرقہ وارانہ حملوں کے خلاف آج تک کوئی مناسب کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ معصوم اور بے قصور مسلمانوں کو جھوٹے الزام میں گرفتار کرکے انہیں جیلوں میں کئی سال سے مقید کرکے رکھا گیا ہے۔ صرف اتنا ہی نہیں بلکہ ہمیں یقین ہیکہ یہ فرقہ پرست دہشت گرد عناصر ہندوستان کی اس سرزمین پر وہی کہانی دہرانا چاہتے ہیں جو اندلس، سسلی، بوسنیا، سنٹرل افریقہ، فلسطین اور میانمار میں اسلام دشمنوں کے ذریعہ دہرائی گئیں تھی۔ لیکن یہ چیزیں زندہ قوموں کو مایوس کرنے کی بجائے مزید حوصلہ دیتی ہیں اور متحرک رکھتی ہیں۔ کیونکہ تاریخ گواہ ہے کہ جب جب اللہ کے دین پر آنچ آئی ہے، اللہ تبارک و تعالیٰ نے اپنے دین کی حفاظت کے لیے یا تو غیبی مدد بھیجی ہے یا ایسے دین پرور بندوں کا انتخاب کیا ہے کہ جنہوں نے دشمنوں کے ہر وار کا مقابلہ کیا اور ہر بات کا منھ توڑ جواب دیا۔ لہٰذا دشمنانِ اسلام اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ وہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف زہر اگلنے سے وہ اپنی سازشوں میں کامیاب ہوجائیں گے، یا چند مسلمانوں اور مسجدوں کو شہید کردینے سے مسلمانوں کو ڈر و خوف میں مبتلا کردینگے۔ بلکہ انہیں یہ بات سمجھ لینی چاہیے کہ مسلمانوں کی تاریخ یہ ہیکہ مسلمان خون کے بحر قلزم سے گزر کر بھی عزیمت و جرأت کی نئی داستان لکھا کرتے ہیں۔ علامہ اقبالؒ نے کیا خوب کہا:

باطل سے دبنے والے، اے آسماں نہیں ہم

سو بار کر چکا ہے، تو امتحاں ہمارا

تیغوں کے سایے میں ہم، پل کر جواں ہوئے ہیں

خنجر ہلال کا ہے، قومی نشاں ہمارا


فقط و السلام

بندہ محمّد فرقان عفی عنہ

(بانی و ڈائریکٹر مرکز تحفظ اسلام ہند)

13؍ جنوری 2022ء بروز جمعرات

صدیق نگر میسور بعد نماز فجر


+918495087865

mdfurqan7865@gmail.com



#PayameFurqan #پیام_فرقان

#ShortArticle #MTIH #TIMS #Islam #Muslim

1 comment: