جمعیۃ علماء کرناٹک کا بلا تفریق مذہب رام نگر سیلاب متاثرین کے درمیان راحت رسانی کا کام جاری!
دوسرے مرحلے میں 350؍ سیلاب متاثرین کے درمیان گھریلو ساز و سامان تقسیم کیا گیا!
بنگلور، 21؍ ستمبر (پریس ریلیز) گزشتہ دنوں ریاست کرناٹک کے رام نگر ضلع میں موسلا دھار بارش اور سیلاب کی وجہ سے سینکڑوں افراد متاثر ہوئے اور کافی مالی نقصان ہوا، کئی علاقوں کے مکانات تو پوری طرح سیلاب کی زد میں آگئے، لوگوں کے گھر اور سامان تک بہہ گئے، کسی طرح لوگوں نے اپنی جان بچائی۔ ایسے سینکڑوں افراد کی فوری امداد کیلئے جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدرامیر الہند حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب مدظلہ کی ہدایت پر جمعیۃ علماء کرناٹک کے وفد نے سیلاب کے دوسرے دن ہی پورے علاقے کا دورہ کیا اور نقصان کا مکمل جائزہ لیا۔ سروے کے فوراً بعد پہلے مرحلے میں جمعیۃ علماء کرناٹک کے ذمہ داران نے جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری حضرت مفتی سید معصوم ثاقب صاحب قاسمی مدظلہ کے ہاتھوں سینکڑوں متاثرین کے درمیان ضروریات زندگی کا سامان تقسیم کیا، اور اسی کے ساتھ 23؍ متاثرہ افراد جنکا گھر اور پورا ساز و سامان سیلاب کی زد میں آگیا تھا، انہیں نقد 25-25؍ ہزار روپیہ کی رقم کا چیک دیا تاکہ وہ کسی نئے گھر میں منتقل ہوسکے۔ اب دوسرے مرحلے میں جمعیۃ علماء کرناٹک نے رام نگر کے یارب نگر میں واقع ایم ڈی آر کنونشن ہال میں جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مفتی معصوم ثاقب صاحب قاسمی مدظلہ کی زیر سرپرستی ایک پروگرام منعقد کیا اور اس موسلا دھار بارش اور سیلاب سے متاثر ایسے 350؍ افراد کے درمیان گھریلو ساز و سامان تقسیم کیا، جنکا اس قیامت خیز سیلاب نے سب کچھ تباہ کردیا تھا۔ تقسیم سے قبل مفتی صاحب نے جمعیۃ علماء ہند کے تعارف اور خدمات پر مختصر روشنی ڈالی اور سیلاب متاثرین ہندو مسلم دونوں کے سامنے قرآن و حدیث کی روشنی میں انسانی خدمات کی اہمیت و فضیلت بیان فرمائی۔ پھر جمعیۃ علماء کے تمام ذمہ داران کے ہاتھوں متاثرین کی امداد کی گئی۔ جمعیۃ علماء کی امداد حاصل کرتے ہوئے سیلاب متاثرین نے نم آنکھوں سے اپنا دکھ بیان کرتے ہوئے کہا کہ وعدہ تو سب نے کیا لیکن کام جمعیۃ علماء نے کیا۔ بالخصوص ہندو متاثرین کا کہنا تھا کہ اس نازک حالت اور پریشانی کے موقع پر نہ حکومت کے کسی ذمہ دار نے اور نہ ہی ہندو مذہب کے کسی بڑے نے ہماری مدد کی بلکہ صرف مسلمانوں اور جمعیۃ علماء نے ہی شروع سے ہمارا تعاون کیا۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء کرناٹک کے ذمہ داران نے بلا تفریق مذہب متاثرین کی راحت رسانی اور باز آباد کاری کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کا وعدہ فرمایا۔ قابل ذکر ہیکہ اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا مفتی معصوم ثاقب قاسمی کے علاوہ جمعیۃ علماء کرناٹک کے صدر مولانا عبد الرحیم رشیدی، جنرل سکریٹری محب اللہ خان امین، نائب صدور مولانا شمیم سالک مظاہری، حافظ ارشد احمد میسور، جمعیۃ علماء بنگلور کے صدر مولانا محمد صلاح الدین قاسمی، نائب صدور مولانا شیخ آدم علی قاسمی، حافظ محمد آصف، جمعیۃ علماء کے دیگر ذمہ داران مفتی عبد الرزاق، ڈاکر ندیم احمد، محمد فرقان، اعجاز سادات، سید غوث پرویز، امتیاز احمد چشتی، اقلیم پاشاہ، محمد حیات خان اور مسجد سبحانیہ ضیاء اللہ بلاک، رام نگر کے امام و خطیب مولانا عبد الرحیم سمیت کئی مقامی ذمہ داران خاص طور پر موجود رہے۔
#Press_Release #News #RamnagarFlood #FloodRelief #JamiatUlama #Jamiat #ArshadMadni #Flood #MTIH #TIMS
No comments:
Post a Comment