عشرۂ ذی الحجہ بڑی فضیلت کا حامل ہے اور قربانی شعائر اسلام میں سے ہے!
مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام ”سہ روزہ عظیم الشان کانفرنس بسلسلہ عشرۂ ذی الحجہ و قربانی“، برادران اسلام سے شرکت کی اپیل!
بنگلور، 22؍ جون (پریس ریلیز): اللہ تعالیٰ نے جن چار مہینوں کو اشہر حرم قرار دیا ہے، ان میں سے ایک ذی الحجہ ہے، جس کی عظمت وتقدس دیگر محترم مہینوں کے مقابلے میں بہت زیادہ ہے۔ ویسے تو ذی الحجہ کا پورا مہینہ ہی قابل احترام ہے لیکن اس کے ابتدائی دس دن تو بہت ہی فضیلت اور عظمت والے ہیں۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں ذی الحجہ کی ابتدائی دس راتوں کی قسم کھائی ہے، جس سے معلوم ہوا کہ ماہ ذی الحجہ کا ابتدائی عشرہ اسلام میں خاص اہمیت کا حامل ہے۔ حج جیسی عظیم عبادت بھی اسی عشرہ میں انجام دی جاتی ہے۔ اور حج کے بعد مسلمانوں کی دوسری بڑی عید، عید الاضحی بھی ماہ ذی الحجہ کی دس تاریخ کو ہوتی ہے۔ نیز قربانی جیسا عظیم عمل بھی اسی مہینے میں انجام دیا جاتا ہے۔ مذکورہ خیالات کا اظہار مرکز تحفظ اسلام ہند کے بانی و ڈائریکٹر محمد فرقان نے کیا۔ انہوں نے فرمایا کہ قربانی ایک اہم عبادت اور شعائر اسلام میں سے ہے۔ اسی لئے اس عمل کو بڑی فضیلت اور اہمیت حاصل ہے۔ بارگاہ الٰہی میں قربانی پیش کرنے کا سلسلہ سیدنا آدم علیہ السلام سے ہی چلا آرہا ہے۔ قربانی کا عمل ہر امت میں مقرر کیا گیا۔ البتہ اس کے طریقے اور صورت میں کچھ فرق ضرور رہا ہے۔ انہی میں سے قربانی کی ایک عظیم الشان صورت وہ ہے جو اللہ تعالیٰ نے امت محمدیہﷺ کو عیدالاضحٰی کی قربانی کی صورت میں عطاء فرمائی ہے جو حضرت سیدنا ابراہیم علیہ السلام اور حضرت سیدنا اسماعیل علیہ السلام کی قربانی کی یادگار ہے۔ اور اسی کی یادگار کے طور پر امت محمدیہ پر قربانی کو واجب قرار دیا گیا۔ محمد فرقان نے فرمایا کہ لیکن افسوس کے آج مسلمان ماہ ذی الحجہ اور قربانی کی نہ تو اہمیت و فضیلت سے واقف ہے اور نہ ہی اسکے مسائل سے، یہی وجہ ہیکہ وہ اس کی ناقدری کرتا ہے۔ اسی کو پیش نظر رکھتے ہوئے ذی الحجہ اور قربانی کی اہمیت و فضیلت اور اسکے مسائل سے امت مسلمہ کو واقف کروانے کیلئے مرکز تحفظ اسلام ہند 23؍ جون 2023ء بروز جمعہ سے ”آن لائن سہ روزہ عظیم الشان کانفرنس بسلسلہ عشرۂ ذی الحجہ و قربانی“ منعقد کرنے جارہی ہے۔ مرکز کے ڈائریکٹر محمد فرقان نے بتایا کہ یہ کانفرنس روزانہ رات 9:30 بجے مرکز کے آفیشیل یوٹیوب چینل اور فیس بک پیج تحفظ اسلام میڈیا سروس پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔ جس سے ملک کے مختلف اکابر علماء کرام بالخصوص سرپرستاں مرکز تحفظ اسلام ہند خطاب فرمائیں گے۔ محمد فرقان نے تمام برادران اسلام سے اپیل کی کہ وہ اس اہم اور ”عظیم الشان کانفرنس بسلسلہ عشرۂ ذی الحجہ و قربانی“ میں شرکت فرماکر اکابرین کے خطابات سے مستفید ہوں اور ذی الحجہ و قربانی کی اہمیت و فضیلت سے واقفیت حاصل کریں، نیز اکابرین کے پیغام کو زیادہ سے زیادہ عام کرنے کی کوشش کریں۔
#Press_Release #News #Zilhijjah #QurbaniSeries #ZilhijjahSeries #Qurbani #MTIH #TIMS
No comments:
Post a Comment