Wednesday, November 15, 2023

مسجد اقصٰی اور مسئلہ فلسطین پر عالم اسلام کی بے حسی قابل افسوسناک ہے!

 مسجد اقصٰی اور مسئلہ فلسطین پر عالم اسلام کی بے حسی قابل افسوسناک ہے!

مرکز تحفظ اسلام ہند کے عظیم الشان ”تحفظ القدس کانفرنس“ سے مولانا محمد عبد القوی کا خطاب!



بنگلور، 08؍ نومبر(پریس ریلیز): مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام منعقد عظیم الشان آن لائن ”تحفظ القدس کانفرنس“ کی پانچویں نشست سے خطاب کرتے ہوئے ادارہ اشرف العلوم حیدرآباد کے رئیس شیخ طریقت حضرت مولانا محمد عبد القوی صاحب مدظلہ نے فرمایا کہ اس وقت اہل فلسطین و غزہ بڑی آزمائش کے دور سے گزر رہے ہیں۔وہاں کے حالات کو دیکھ کر اور سن کر دل دہک جاتا ہے، یہی وجہ ہے اس وقت پورا عالم اسلام بے چینی کا شکار ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ روئے زمین پر فلسطین میں رہنے والی عوام نے نہ جانے ظلم و ستم کی کتنی داستانیں رقم کی ہیں، ہر روز ان پر آتش و آہن کا نیا کھیل کھیلا جاتا ہے، معصوم بچوں، جوانوں، بوڑھوں اور خواتین پر زیادتی، قتل و غارت گری کا ہر حربہ استعمال کیا جاتا ہے۔مولانا نے فرمایا کہ آج ایک بار پھر اہل فلسطین و غزہ پر اسرائیل ظلم و زیادتی، اندھا دھند فائرنگ، بمباری اور قتل عام کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ افسوس کہ تمام نام نہاد انسانیت دوست ممالک، حقوق انسانی کی محافظ تنظیمیں اور مظلوموں کے علم بردار خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ جس میں بعض نام نہاد مسلم ممالک بھی شامل ہیں۔بلکہ حقیقت یہ ہے کہ اگر مسلم ممالک اسرائیلی مظالم اور جارحیت کے خلاف متحد ہوکر آواز اٹھاتے اور کارروائی کرتے تو آج نوبت یہاں تک نہیں پہونچتی۔ مگر مسلم ممالک کی بے حسی، استعماری طاقتوں کی تملق پرستی اور امت مسلمہ کے مشترکہ مفادات سے چشم پوشی کرتے ہوئے صہیونی سازشوں اور منصوبوں کو پایۂ تکمیل تک پہونچانے میں ان کی معاونت نے قبلۂ اول، مفادات امت اور فلسطینی مظلوم عوام کے حقوق کو دشمن کے ہاتھوں نیلام کردیا۔ مولانا نے فرمایا کہ آج فلسطین میں اسرائیل انسانیت کا قتل عام کررہا ہے، شہر تو شہر، اسپتالوں اور اسکولوں پر بھی اسرائیل بم گرا رہا ہے۔ان کا قصور صرف یہ ہے کہ انھیں اپنی ارضِ مقدس سے پیار ہے۔ بیت المقدس، مسجد اقصیٰ کیلئے وہ اپنی جانیں قربان کرنے کیلئے تیار رہتے ہیں۔ لیکن مسجد اقصٰی اور مسئلہ فلسطین پر عالم اسلام کی بے حسی قابل افسوسناک ہیں۔ بلکہ ایک طرف جہاں مسئلہ فلسطین و غزہ کو لیکر پورا عالم اسلام کرب واضطراب محسوس کررہا ہے، ایسے میں اسرائیل کا پنجہ مروڑنے کیلئے اپنی طاقت کے استعمال اور فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی اور اظہار ہمدردی کے بجائے دوسری طرف سعودی عرب کے ریاض میں رقص و موسیقی کی محفلیں سجائی جارہی ہیں، فحاشی و عریانیت کا ریکارڈ توڑا جارہا ہے جو قابل افسوس کے ساتھ ساتھ قابل مذمت بھی ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ مسئلہ فلسطین پوری امت مسلمہ کا مشترکہ مسئلہ ہے اور مسجد اقصٰی مسلمانوں کا قبلہ اول ہے، جس کی حفاظت پوری امت کی ذمہ داری ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ پوری امت مسلمہ بالخصوص ہندوستانی مسلمانوں کی ذمہ داری ہیکہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں، اہل فلسطین و غزہ سے اظہار یکجہتی کریں، اسی کے ساتھ مولانا نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مظلوم فلسطینیوں کے حق میں خوب دعاؤں کا اہتمام کریں اور قنوت نازلہ کا بھی اہتمام کریں۔ اللہ تعالیٰ اہل فلسطین و غزہ کی مدد و نصرت فرمائے اور بیت المقدس کی حفاظت فرمائے۔ قابل ذکر ہیکہ اس موقع پر حضرت مولانا محمد عبد القوی صاحب مدظلہ نے مرکز تحفظ اسلام ہند کی خدمات کو سراہتے ہوئے خوب دعاؤں سے نوازا۔


#Press_Release #News #Alquds #Palestine #Gaza #Alqudsseries #MasjidAqsa #MasjidAlAqsa #BaitulMaqdis #AlqudsConference #MTIH #TIMS


No comments:

Post a Comment