نبی کریم ؐکی شان اقدس میں گستاخی مسلمان کبھی برداشت نہیں کرسکتا!
علماء کرام کے ولولہ انگیز خطابات سے مرکز تحفظ اسلام ہند کی آن لائن عظمت مصطفیٰؐ کانفرنس اختتام پذیر!
بنگلور، 28/ نومبر (ایم ٹی آئی ہچ): نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت و توقیر مسلمان کے ایمان کا بنیادی جزو ہے۔ نبی کریمؐ کی ذات اقدس مسلمان کو اپنی جان سے زیادہ عزیز، اپنے ماں باپ سے زیادہ محبوب، اپنی اولاد سے زیادہ پیاری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کوئی بھی مسلمان نبی کریمؐ کی شان میں گستاخی تو دور ادنیٰ درجہ کی بے ادبی بھی برداشت نہیں کرسکتا اور یہی ایمان کا تقاضہ بھی ہے۔نبیؐ کی ناموس کی حفاظت کے خاطر مسلمان ہزاروں جانیں قربان کرنے کیلئے تیار ہے اور اس قربانی کو وہ اپنے لیے باعث افتخار اور باعث نجات سمجھتا ہے۔ افسوس کی بات ہیکہ اللہ تعالیٰ نے جس پیغمبرؐ کو پوری انسانیت کیلئے نمونہئ کاملہ اور اسوۂ حسنہ بنایا اور رحمۃللعالمین بنا کر اس دنیا میں مبعوث فرمایا آج اسی عظیم، باکمال اور مقدس ہستی کی شان میں گستاخی کی جارہی ہے۔ ابھی حالیہ دنوں میں فرانس نے گستاخ رسولؐ کی حمایت کرتے ہوئے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کا جو اعلان کیا ہے اسے کوئی ادنیٰ درجہ کا مسلمان بھی برداشت نہیں کرسکتا۔ایسے حالات میں جہاں فرانس کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا اور قانونی دائرے میں رہتے ہوئے اپنا احتجاج درج کروانا مسلمانوں کا فریضہ ہے وہیں اسلام اور سیرت نبویؐ کو علمی و فکری انداز میں پیش کرنا وقت کا اہم فریضہ اور مسلمانوں کی اولین ذمہ داری ہے۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے مرکز تحفظ اسلام ہند نے آن لائن عظمت مصطفیٰؐ کانفرنس کا سلسلہ شروع کیا۔مرکز تحفظ اسلام ہند کی دعوت پر ملک ہند کے مختلف اکابر علماء کرام نے عظمت مصطفیٰؐ، حب رسولؐ، ناموس رسالتؐ، گستاخ رسولؐ کا انجام جیسے مختلف عناوین پر کانفرنس سے پرمغز اور ولولہ انگیز خطابات کیے اور واضح طور پر کہا کہ نبی کریم ؐکی شان اقدس میں ذرا برابر بھی گستاخی کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔ مرکز تحفظ اسلام ہند کے زیر اہتمام پندرہ روزہ عظیم الشان آن لائن عظمت مصطفیٰ ؐکانفرنس سے خطاب کرنے والوں میں فقیہ العصر مفتی محمد شعیب اللہ خان مفتاحی مدظلہ (بانی و مہتمم جامعہ اسلامیہ مسیح العلوم بنگلور)، جانشین امام اہل سنت مولانا عبد العلیم فاروقی مدظلہ (صدر مجلس تحفظ ناموس صحابہؓ الہند)، پیر طریقت مولانا سیداحمد ومیض ندوی مدظلہ (استاذ حدیث دارالعلوم حیدرآباد)، نبیرۂ امام اہل سنت مولانا عبد الباری فاروقی مدظلہ (استاذ دارالمبلغین لکھنؤ)، نمونۂ اسلاف مولانا خالد ندوی غازیپوری مدظلہ (استاذ حدیث دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ)،مخیر قوم و ملت مولانا عبد الرحیم رشیدی مدظلہ (صدر جمعیۃ علماء کرناٹک)، نمونۂ اسلاف مولانا رحمت اللہ میر قاسمی کشمیری (رکن شوریٰ دارالعلوم دیوبند)، داعئ اسلام مولانا محمد کلیم صدیقی مدظلہ (ناظم جامعہ امام ولی اللہؒ اسلامیہ پھلت) مدظلہم شامل ہیں۔ عظمت مصطفیٰ ؐکانفرنس کو مرکز تحفظ اسلام ہند کی سوشل میڈیا ڈیسک تحفظ اسلام میڈیا سروس کے آفیشیل یوٹیوب چینل و فیس بک پیج پر براہ راست نشر کیا جارہا تھا۔ کانفرنس کو تقریباً ایک لاکھ سے زائد لوگوں نے سماعت کیا۔ تمام علماء کرام خصوصاً اکابرین نے جہاں گستاخان رسولؐ کو دلائل کی روشنی میں منھ توڑ جواب دیا وہیں امت مسلمہ کو نبی کریمؐ کی سیرت کو اپنانے، اسے عام کرنے اور انکی ناموس کی حفاظت کرنے کی تلقین کرتے ہوئے مرکز تحفظ اسلام ہند کی خدمات کو سراہتے ہوئے خوب دعاؤں سے نوازا۔ کانفرنس کا آغاز 30/ اکتوبر 2020ء کو فقیہ العصر حضرت مولانا مفتی محمد شعیب اللہ خان مفتاحی مدظلہ کے خطاب سے ہوا اور 15/ نومبر 2020ء کو داعیئ اسلام مولانا محمد کلیم صدیقی مدظلہ کے پُر مغز خطاب و دعا سے اختتام پذیر ہوا۔ کانفرنس سے خطاب کرنے والے حضرات علماء کرام کا ادارہ مرکز تحفظ اسلام ہند نے شکریہ ادا کیا اور انکی خدمت میں تہنیت نامہ پیش کیا۔